شب رفتہ کے بعد اگرچہ مجید امجد کا کوئی مجموعہ ان کی زندگی میں نہیں چھپا لیکن انہوں نے ایک ملاقات میں (جو 1972میں ہوئی)مجھے یہ بتایا تھا کہ شب رفتہ کے بعد انہوں نے جو کچھ لکھا ہے اس کے دو مختلف مزاج ہیں اس لیے اس کے دو الگ الگ مجموعے شائع ہونے چاہییں۔ایک مجموعہ 1958 سے 1968تک کے کلام پر مشتمل ہو اور دوسرے میں 1968 اور اس کے بعد کی تخلیقات شامل ہوں لیکن 'مجید امجداشاعتی کمیٹی—لاہور' نے 'شب رفتہ کے بعد'کے زیر عنوان جو مجموعہ ترتیب دیا اس میں شب رفتہ کے دور کے کچھ کلام کا انتخاب اور اس کی اشاعت کے بعد کہی ہوئی نظمیں یکجا کردیں۔اگرچہ یہ ترتیب مجید امجد کی منشا کے مطابق نہیں تھی تاہم غنیمت تھی۔مشکل یہ آپڑی کہ اس میں اغلاط کی بھرمار تھی۔میں نے بڑی محنت سے اس کا اغلاط نامہ تیار کیا تھا مگر یہ کتاب یوں غائب ہوئی کہ بعد میں کہیں نظر نہیں آئی۔ میں نے کلیات کی ترتیب نو میں مجید امجد کی خواہش کے مطابق 1958 تا 1968 کا کلام 'امروز' کے نام سے اس حصے میں شامل کیا ہے۔ان کی بیشتر نمائندہ نظمیں یہاں موجود ہیں۔(خواجہ محمد زکریا)
*** پکار ***
کالی چونچ اور نیلے پیلے پنکھوں والی
چوں چوں، چچر چچر، چچلائی ’’لالی‘‘
بیٹھے بیٹھے اڑ کر
اڑ تے اڑتے مڑ کر
بجلی کے اک تار پہ آ کر بیٹھ گئی ہے
موت کا جھولا جھول رہی ہے
میرے دل سے چیخ اک ابھری، میں للکارا
(جیسے کوئی بجے نقارہ)
میری صدا پر بامِ اجل سے کندے تول کے اڑ گئی ’’لالی‘‘
نیلے پیلے پنکھوں والی
اور اک تم ہو
انگاروں پر بیٹھے ہو اور پھولوں کے سپنوں میں گم ہو
میرے دل کی اک اک چیخ تمہیں بےسود پکارے
(8-1958)
*** شاخِ چنار ***
یہ کیا دیکھتا ہوں
کھڑا سوچتا ہوں
اس اک لمحے کے چوکھٹے میں یہ منظر
اتارا ہے کس نے؟
چنارِ شرر برگ کی ایک ٹہنی
کس جابرِ برف پیکر کے پھیلے ہوئے منجمد بازوؤں سے
نکل کر... پھسل کر...
فرازِ فضا میں، بڑی خود فروزی سے، لہرا رہی ہے
نجانے اسے ماگھ رُت کے سہانے سمے میں سموئے ہوئے نیلگوں آسماں سے
پکارا ہے کس نے؟
(14-9-1958)
Richard Aldrige کی نظم کا ترجمہ
*** دو چیزیں ***
آنسو کیا ہے؟ قطرۂ آب — ذی جسم اور سیال
غم کیا شے ہے؟ دل کی آگ — جلتا جلتا کوئی خیال
کاہے کو ہم کریں تمہارا دل مجروح
مان لی ہم نے بات تمہاری
ایک چیز ہے جسم
ایک چیز ہے روح
جھانکو اپنی روح کے اندر — ہے کوئی ایسا تٹ
جہاں خلا کے خول میں ڈولیں جسموں کے جمگھٹ
ڈھونڈو اپنے جسم کے اندر — ہے کوئی ایسی نخ
جہاں دھوئیں کی دھند میں کھولیں — روحوں کے دوزخ
یہ سب سچ ہے، لیکن رکھیو — ایک اس بات کا دھیان
کس طرح من کی ہر کروٹ کو — شکتی دیتے ہیں پران
سوچو کس طرح دل سے اٹھ کر — ایک خیال کی لہر
دیکھتے دیکھتے بن جاتی ہے — صد ہنگامۂ دہر!
سچ پوچھو تو جیون اپنا — ایک عجیب طلسم
گُتھ مِتھ، رس بس، گھُل مِل جائیں ... جس میں روح اور جسم
(18-9-1958)
Donald Babcock کی نظم کا ترجمہ
*** کوئٹے تک ***
صدیوں سے راہ تکتی ہوئی گھاٹیوں میں تم
اِک لمحہ آ کے ہنس گئے، میں ڈھونڈتا پھرا
ان وادیوں میں برف کے چھینٹوں کے ساتھ ساتھ
ہر سو شرر برس گئے، میں ڈھونڈتا پھرا
راتیں ترائیوں کی تہوں میں لڑھک گئیں
دن دلدلوں میں دھنس گئے، میں ڈھونڈتا پھرا
راہیں دھوئیں سے بھر گئیں، میں منتظر رہا
قرنوں کے رخ جھلس گئے، میں ڈھونڈتا پھرا
تم پھر نہ آ سکو گے، بتانا تو تھا مجھے
تم دور جا کے بس گئے، میں ڈھونڈتا پھرا
برس گیا بہ خراباتِ آرزو، ترا غم
قدح قدح تری یادیں، سبو سبو ترا غم
ترے خیال کے پہلو سے اٹھ کے جب دیکھا
مہک رہا تھا زمانے میں سو بہ سو ترا غم
غبارِ رنگ میں رس ڈھونڈتی کرن، تری دھن!
گرفتِ سنگ میں بل کھاتی آبجو، ترا غم
ندی پہ چاند کا پرتو، ترا نشانِ قدم
خطِ سحر پہ اندھیروں کا رقص، تو، ترا غم
ہیں جس کی رو میں شگوفے، وہ فصلِ سم، ترا دھیان
ہے جس کے لمس میں ٹھنڈک، وہ گرم لو ترا غم
نخیلِ زیست کی چھاؤں میں نَے بلب تری یاد
فصیلِ دل کے کلس پر ستارہ جو ترا غم
طلوعِ مہر، شگفتِ سحر، سیاہیِ شب
تری طلب، تجھے پانے کی آرزو، ترا غم
نگہ اٹھی تو زمانے کے سامنے ترا روپ
پلک جھکی تو مرے دل کے روبرو ترا غم
(1958)
*** غزل ***
قاصدِ مست گام، موجِ صبا
کوئی رمزِ خرام، موجِ صبا
وادیِ برف کا کوئی سندیس
میرے اشکوں کے نام موجِ صبا
کوئی موجِ خیال میں بہتی
منزلوں کا پیام، موجِ صبا
سو سمٹتی مسافتوں کا طلسم!
تیری کروٹ کا نام، موجِ صبا
تیرے دامن کی خوشبوؤں میں ہیں گم
سو سہانے مقام، موجِ صبا
آتی پت جھڑ کے ساتھ لوٹتے وقت
اک بہاریں پیام، موجِ صبا
اِک نویدِ نگاہ، پیکِ حبیب
اک جوابِ سلام، موجِ صبا
(1958)
*** میونخ ***
آج کرسمس ہے
شہر میونخ میں آج کرسمس ہے
رودبارِ عسار کے پُل پر
جس جگہ برف کی سلوں کی سڑک
فان کاچے کی سمت مڑتی ہے
قافلے قہقہوں کے اترے ہیں
آج اس قریۂ شرا ب کے لوگ
— جن کے رخ پر ہزیمتوں کا عرق
جن کے دل میں جراحتوں کی خراش
ایک عزمِ نشاط جو کے ساتھ
امڈ آئے ہیں مست راہوں پر
بانہیں بانہوں میں، ہونٹ ہونٹوں پر!
برف گرتی ہے، ساز بجتے ہیں
کوئے میریں کے اک گھروندے میں
ایک بوڑھی، اداس ماں کے لیے
پھول اک طاقچے پہ ہنستے ہیں
گرم انگیٹھی کے عکسِ لرزاں سے
آگ اک آئینے میں جلتی ہے
ایک دستک ہے! کون آیا ہے؟
زرد کمرے کے گوشے گوشے میں
جورِ ماضی کا سایۂ مصلوب
آخری سانس لینے لگتا ہے
ماں کے چہرے کی ہر عمیق شکن
ایک حیران مسکراہٹ کے
دلنشیں زاویوں میں ڈھلتی ہے
’’میری شالاط، اے مری شالاط
اے میں قرباں، تم آ گئیں، بیٹی!‘‘
اور وہ دختِ ارضِ الماں جب
سر سے گٹھڑی اتار کر جھک کر
اپنی امی کے پاؤں پڑتی ہے
اس کی پلکوں پہ ملک ملک کی گرد
ایک آنسو میں ڈوب جاتی ہے
ایک مفتوح قوم کی بیٹی
پارۂ ناں کے واسطے، تنہا
روئے عالم کی خاک چھان آئی
دس برس کے طویل عرصے کے بعد
آج وہ اپنے ساتھ کیا لائی؟
روح میں، دیس دیس کے موسم!
بزمِ دوراں سے کیا ملا اس کو؟
سیپ کی چوڑیاں ملایا سے
کینچلی چین کے اک اژدر کی
ٹھیکری اِک مہنجودارو کی
ایک نازک بیاض پر، مرا نام
کون سمجھے گا اس پہیلی کو؟
فاصلوں کی کمند سے آزاد
میرا دل ہے کہ شہرِ میونخ ہے
چار سو، جس طرف کوئی دیکھے
برف گرتی ہے، ساز بجتے ہیں
(1958)
*** غزل ***
کیا کہیے کیا حجابِ حیا کا فسانہ تھا!
سب کچھ بس اک نگاہِ کرم کا بہانہ تھا
دیکھا تو ہرتبسمِ لب والہانہ تھا
پرکھا تو ایک حیلۂ صنعت گرانہ تھا
دنیا، امیدِ دید کی دنیا تھی دیدنی
دیوار و در اداس تھے، موسم سہانا تھا
ہائے وہ ایک شام کہ جب مست، نَے بلب
میں جگنوؤں کے دیس میں تنہا روانہ تھا
یہ کون ادھر سے گزرا، میں سمجھا حضور تھے
اِک موڑ اور مڑ کے جو دیکھا، زمانہ تھا
اک چہرہ، اس پہ لاکھ سخن تاب رنگتیں
اے جرأتِ نگہ، تری قسمت میں کیا نہ تھا
ان آنسوؤں کی رو میں نہ تھی موتیوں کی کھیپ
ناداں سمندروں کی تہوں میں خزانہ تھا
اےغم، انیسِ دل، یہ تری دلنوازیاں
ہم کو تری خوشی کے لیے مسکرانا تھا
اک طرفہ کیفیت، نہ توجہ نہ بےرخی
میرے جنونِ دید کو یوں آزمانا تھا
ہائے وہ دھڑکنوں سے بھری ساعتیں مجید
میں ان کو دیکھتا تھا، کوئی دیکھتا نہ تھا
(1958)
*** جیون دیس ***
پیلے چہرے، ڈوبتے سورج، روحیں، گہری شامیں
زندگیوں کے صحن میں کھلتے قبروں کے دروازے
سانس کی آخری سلوٹ کو پہچاننے والے گیانی
ڈولتی محرابوں کے نیچے آس بھرے اندیشے
بوڑھی کبڑی دیواروں کے پاؤں چاٹتی گلیاں
ٹوٹتے فرش، اکھڑتی اینٹیں، گزرے دنوں کے ملبے
دکھے دلوں کے سجدے چنتی پلکیں، بچھڑے پریمی
بجھے جھروکوں سے ٹکراتی یادیں، ڈھلتے سائے
بجتی ڈھولک، گاتی سیاں، نیر بہاتی خوشیاں
جاگتے ماتھے، سوچتے نیناں، آنے والے زمانے
خونی بازاروں میں بکتی اک اک میلی چوڑی
پنکھیاں جھلتی ننگی باہیں، نیند آنند پنگھوڑے
کنٹھا پہنے اک متوالا بالا، رہڑی والا
موڑ موڑ پہ جیون رُت کی زخمی کلیاں بانٹے
جینے کے یہ سارے جتن، انمول سمے کی مایا
سدا رہیں ان سدابہار دکھوں کے روپ سہانے
تو بھی رک کر اس بھنڈار سے اپنی جھولی بھر لے
تیری تڑپ کا انت یہی ہے، اے دل، اے دیوانے
(1958)
*** افسانے ***
پھر کلی بن کے کوئی ناچتی آہٹ نہ کھلی
پھر کوئی بنسی نہ بجی
ریگ زاروں کے تپکتے سے، چمکتے سے نشیب
منزلِ لیلیٰ کے فریب
قصرِ پرویز کی دہلیز پہ روندی ہوئی سل
دل، کسی فرہاد کا دل
اک بھنور، ایک گھڑا، ایک خیالِ محبوب
سو دکھی روحوں کا غروب
برف انبار دیاروں کے کسی پھول کا دھیان
پر جلی تتلی کی اڑان!
ہاں یہ سب جھلسی روایات ہیں اگنی بھرے خواب
دشتِ حقیقت کے سراب
ہاں یہ سب کچھ فقط آرائشِ افسانہ سہی
صورتِ دنیا نہ سہی
پھر بھی سچ پوچھو تو یہ آندھیاں چلتی بھی رہیں
مشعلیں جلتی بھی رہیں
کاش میں بھی ترے سوچوں بھرے نینوں میں جلوں
اک فسانے میں ڈھلوں
(30-6-1959)
*** غزل ***
اک شوقِ بےاماں کے یہ نخچیر کون ہیں
اے موجۂ ہوا، تہہِ زنجیر کون ہیں
دیوارِ دل کے ساتھ بہ پیکانِ غم گڑے
آ دیکھ یہ ترے ہدفِ تیر کون ہیں
یہ بدلیوں کا شور، یہ گھنگھور قربتیں
بارش میں بھیگتے یہ دو رہگیر کون ہیں
ان ریزہ ریزہ آئنوں کے روپ میں بتا
صدیوں کے طاق پر، فلکِ پیر، کون ہیں
جن کی پلک پلک پہ ترے بام و در کے دیپ
پہچان تو سہی کہ یہ دلگیر کون ہیں
امجد، دیارِ لعل و گہر میں کسے خبر
وہ جن کی خاکِ پا بھی ہے اکسیر، کون ہیں
(30-7-1959)
*** ریلوے سٹیشن پر ***
آہنی، سبز رنگ، جنگلے کے پاس
باتوں باتوں میں ایک برگِ عقیق
تو نے جب توڑ کر مسل ڈالا
مجھے احساس بھی نہ تھا کہ یہی
جاوداں لمحہ، شاخِ دوراں سے
جھڑکے، اک عمر، میری دنیا پر
اپنی کملاہٹیں بکھیرے گا
اسی برگِ دریدہ جاں کی طرح
آج بھی اس دہکتی پٹڑی پر
گھومتے گھنگھناتے پہیوں کو
سیٹیوں کی دھواں اگلتی صدا
جب پیامِ رحیل دیتی ہے
روز سو سنگتیں اجڑتی ہیں
لاکھ سنجوگ مسکراتے ہیں
آج بھی ریلوے سٹیشن پر
آہنی، سبز رنگ جنگلے کے پاس
قدِ آدم، عقیق کے پودے
تھام کر سرخ دھاریوں والے
زرد پھولوں کے موہنے گجرے
بھری دنیا کے جمگھٹوں میں کھڑے
گوشت اور پوست کے وہ پیکر ہیں
اک زمانے سے جن کی زندگیاں
لوٹ کر پھر نہ آنے والوں کی
منتظر منتظر چراغ بکف
وقت کے جھکڑوں سے کھیلتی ہیں
اسی برگِ دریدہ جاں کی طرح
(6-8-1959)
*** ماڈرن لڑکیاں ***
سنہری دُپہروں رُپہلی رُتوں
میں، سورج مکھی کے شگوفوں کے پاس
چناروں سے قد اور ستاروں سے نین
زرافشاں بدن، زغفرانی لباس
حسیں گوریاں گنگناتی پھریں
مٹکتی پھریں، ڈگمگاتی پھریں
کڑی دھوپ میں قاشِ زر سے تراشی ہوئی پنڈلیاں
لہکتی پھریں، تھرتھراتی پھریں
سجل راستوں سے گزر جائیں یہ
نگینوں بھرے آبشاروں کی طرح
زمانوں کے د ل میں اتر جائیں یہ
لجیلی کٹیلی کٹاروں کی طرح
سنہری دوپہروں کو ٹھنڈک عطا کرنے والے خیالوں کے جادو جگاتی پھریں
مٹکتی پھریں، ڈگمگاتی پھریں
(12-8-1959)
Philip Booth کی نظم کا ترجمہ
*** ہڑپّے کا ایک کتبہ ***
بہتی راوی! ترے تٹ پر — کھیت اور پھول اور پھل
تین ہزار برس بوڑھی تہذیبوں کی چھل بل
دو بیلوں کی جیوٹ جوڑی، اک ہالی، اک ہل
سینۂ سنگ میں بسنے والے خداؤں کے فرمان
مٹی کاٹے، مٹی چاٹے، ہل کی اَنی کا مان
آگ میں جلتا پنجر ہالی، کاہے کو انسان
کون مٹائے اس کے ماتھے سے یہ دکھوں کی ریکھ
ہل کو کھینچنے والے جنوروں جیسے اس کے لیکھ
تپتی دھوپ میں تین بیل ہیں، تین بیل ہیں، دیکھ
(12-8-1959)
*** غزل ***
جب اک چراغِ راہگزر کی کرن پڑے
ہونٹوں کی لو لطیف حجابوں سے چھن پڑے
شاخِ ابد سے جھڑتے زمانوں کا روپ ہیں
یہ لوگ جن کے رخ پہ گمانِ چمن پڑے
تنہا گلی، ترے مرے قدموں کی چاپ، رات
ہرسو وہ خامشی کہ نہ تابِ سخن پڑے
یہ کس حسیں دیار کی ٹھنڈی ہوا چلی
ہر موجۂ خیال پہ صدہا شکن پڑے
جب دل کی سل پہ بج اٹھے نیندوں کا آبشار
نادیدہ پائلوں کی جھنک جھن جھنن پڑے
یہ چاندنی، یہ بھولی ہوئی چاہتوں کا دیس
گزروں تو رخ پہ رشحۂ عطرِ سمن پڑے
یہ کون ہے لبوں میں رسیلی رُتیں گھلیں
پلکوں کی اوٹ نیند میں گلگوں گگن پڑے
اک پل بھی کوئے دل میں نہ ٹھہرا وہ رہ نورد
اب جس کے نقشِ پا ہیں چمن در چمن پڑے
اِک جست اس طرف بھی غزالِ زمانہ رقص
رہ تیری دیکھتے ہیں خطا و ختن پڑے
جب انجمن تموّجِ صد گفتگو میں ہو
میری طرف بھی اک نگہِ کم سخن پڑے
صحرائے زندگی میں جدھر بھی قدم اٹھیں
رستے میں ایک آرزوؤں کا چمن پڑے
اس جلتی دھوپ میں یہ گھنے سایہ دار پیڑ
میں اپنی زندگی انہیں دے دوں جو بن پڑے
اے شاطرِ ازل ترے ہاتھوں کو چوم لوں
قرعے میں میرے نام جو دیوانہ پن پڑے
اے صبحِ دیرخیز انہیں آواز دے جو ہیں
اک شامِ زودخواب کے سکھ میں مگن پڑے
اک تم کہ مرگِ دل کے مسائل میں جی گئے
اک ہم کہ ہیں بہ کشمکشِ جان و تن پڑے
امجد طریقِ مے میں ہے یہ احتیاط شرط
اک داغ بھی کہیں نہ سرِ پیرہن پڑے
(16-8-1959)
*** شناور ***
تیرتا ہے جب تیراک مرگ رقص دھارے پر
موج سے ابھرتا ہے موج کے سہارے پر
موج پر مسلط بھی، موج کے حوالے بھی
سینۂ شناور بھی درمیانِ دریا ہے
لاکھ لاکھ طوفاں ہیں ایک ایک قطرے میں
تیرنے کی شکتی ہے ڈوبنے کے خطرے میں
جو بہ جو تھپیڑے ہیں آتشیں خیالوں کے
تیرتے ہیں دل جن میں پیار کرنے والوں کے
پریمیوں کی بانہوں میں چاہتوں کا دریا ہے
تیرنے کی قدغن ہے، ڈوبنے کا کھٹکا ہے
لہر لہر کی دھڑکن، درد کا قرینہ بھی
لہر لہر کی کروٹ، زندگی کا زینہ بھی
کتنے دل جو موجوں کی چوٹ چوٹ سہتے ہیں
اس بھنور کے گھیرے میں پھول بن کے بہتے ہیں
(18-8-1959)
Robert Francis کی نظم کا ترجمہ
*** وہ ایک دن بھی عجیب دن تھا ***
وہ ایک دن بھی عجیب دن تھا
تم آئے، بادل امنڈ کے آئے
ہزارہا رنگتوں کے سائے
فضائے دوراں پہ تھرتھرائے
تم آئے — اور برگِ صد شجر سے
الجھنے والی شعاعِ زر سے
تمہاری زلفوں پہ پھول برسے
عجیب دن تھا، ہر ایک پتی سنور رہی تھی
ہر ایک موجِ ہوا تڑپ کر گزر رہی تھی
جدھر بھی دیکھا، ہر ایک شے رقص کر رہی تھی
پہاڑ صدیوں سے جن کے سنگین پاؤں پاتال میں گڑے تھے
دھڑام سے، دفعتاً، ابلتے ہوئے سمندر میں گر پڑے تھے
پھر ایک لمحے کے بعد، اٹھ کر، اسی طرح چپ، اٹل کھڑے تھے
ندی کا پانی جو اک زمانے سے بہہ رہا تھا
اچانک اک پل کو چلتے چلتے ٹھٹک گیا تھا
بس ایک لمحے کو تھم کے پھر بہنے لگ پڑا تھا
ہمارے قدموں تلے زمیں اک عجیب اندازِ مطمئن میں
سرکتی بڑھتی رواں تھی ان بےنشاں دیاروں کی سمت جن میں
ہزار شام و سحر کے کھلیان جل اٹھے تھے اس ایک دن میں
(28-8-1959)
Philip Murrey کی نظم کا ترجمہ
*** ایک فوٹو ***
لے کر نیلم جڑے تھال میں، نیل کمل کے پھول
کس شردّھا سے کھڑا ہے تیرے چرنوں کے نزدیک
ٹھہری ٹھہری، گہری جھیل کا شیتل شیتل جل
پتلی، پیچاں بیلڑیوں کے جھرمٹ کے اوجھل
جھیل کنارے تو بیٹھی ہے، اپنے آپ میں گم
تیرے پاؤں تلے، پانی پر، نیلوفر کے پھول
جن پہ چھڑکنے آئی ہے البیلی رُتوں کے روپ
تیتریوں کے پروں کی پیلی چادر اوڑھ کے دھوپ
نیلی جھیل، سجیلے پھول، البیلی رُت اور تو
ایک تری یہ بھیجی ہوئی رنگیں تصویر اور میں
روشن کمرہ، جگمگ یادیں، نیر بہاتی چاہ
باہر کالی رات کی ساکت جھیل، سیاہ، اتھاہ
ایک کنارے جیون کی رتنار رُتوں کے سنگ
تیرا سہانا دیس، برستی برف، کھنکتے ساز
ایک کنارے امرت پیتے، جیتے جگوں کی اوٹ
میری آخری سانس کی دھیمی بےآواز آواز
(9-1959)
*** دنیا سب کچھ تیرا... ***
سب کچھ تیرا، اے دنیا
دریا دریا بجتے ساز
نگری نگری موہن مُکھ
بام بام پر چاند
کرن کرن گلنار!
آسمانوں اور زمینوں کے سب روپ
سب کچھ تیرا — اے دنیا!
تیرے طاق پہ میں اک دیپ
تو صدیوں کے گارے میں اک گندھی ہوئی دیوار
میں اک پل کی راکھ
اک دھڑکن کی ہُوک
جل گئی عود کی شمع
گر گئی بےبس راکھ
رات کے پربت سے ٹکرا گئی خوشبو کی اک لہر
پھر وہی رنگ اور پھر وہی روپ
نگری نگری موہن مکھ
کرن کرن گلنار
(1-11-1959)
*** نگاہِ بازگشت ***
آج تھی میرے مقدر میں عجب ساعتِ دید
آج جب میری نگاہوں نے پکارا تجھ کو
میری ان تشنہ نگاہوں کی صدا
کوئی بھی سن نہ سکا
صرف اک تیرے ہی دل تک یہ صدا
جاگتی دنیا کے کہرام سے چپ چاپ گزر کر پہنچی
صرف اک تو نے پلٹ کر مری جانب دیکھا
مجھے تو نے، تجھے میں نے دیکھا
آج تھی میری نگاہوں کے مقدر میں عجب ساعتِ دید!
کیا خبر، پھر تو پلٹ کر مری جانب کبھی دیکھے کہ نہ دیکھے، لیکن
ایک عمر اب میں یونہی اپنی طرف دیکھتے دیکھوں گا تجھے
(1959)
*** کیلنڈر کی تصویر ***
اچانک جو ہوٹل کی دیوار کے
اک اونچے دریچے میں لٹکی ہوئی
شبیہِ حسیں پر نظر جا رکی
پیالی مرے ہاتھ سے گر پڑی
کہا دل سے میں نے
کہ اے خوش خرو!
نگاریں ہے جس سے ترے غم کا ظرف
وہ خطِ جبیں
وہ خالِ مبیں
نہیں — یہ نہیں
زباں پر نہ لا نامِ شیریں کے حرف
کہاں تیرے شعلے، کہاں شہرِ برف!
میں اس سوچ میں تھا کہ دیوارِ دل
پر اک عکس ابھرا مرے روبرو
وہی وضعِ رُو
وہی قطعِ مو
خراباتِ ایام میں چار سو
کھنکنے لگے طاقچوں پر سبو
(1959)
*** زینیا 1 ***
انگاروں کا روپ
جیٹھ ہاڑ کی دھوپ
اور اس جلتے سمے
مہکیں تیرے رنگ
رنگ رنگ کے رنگ
پائے موجِ نمو
خوشبو تج کر تو
اگنی پیتے پھول
تیری جبیں پر لاکھ
بجھے دلوں کی راکھ
روپ ہو کتنا انوپ
باس بناں کیا روپ
اس پھلواڑی میں
خوشبو کی اک لہر
زندگیوں کا شہر
جینا ان کا جو
امر بہاروں کو
سونپ کے دل کی باگ
دکھ کی دھوپ جلیں
رس کی بھینٹ نہ دیں
دیکھ سکے تو دیکھ
جیون کے یہ لیکھ
لے کر اس جگ میں
سونے کا کشکول
سب اک پل کے مول
اپنے من کی سگندھ
بیچنے آئے ہیں
کیا تو اور کیا میں
(1959)
1 Zinnia ایک پھول جس کے کئی رنگ ہوتے ہیں،یہ موسم گرما میں کھلتا ہے مگر اس میں خوشبو نہیں ہوتی۔ (مجید امجد)
*** غزل ***
اپنے د ل کی کھوج میں کھو گئے کیا کیا لوگ
آنسو تپتی ریت میں بو گئے کیا کیا لوگ
کرنوں کے طوفان سے بجرے بھر بھر کر
روشنیاں اس گھاٹ پہ ڈھو گئے کیا کیا لوگ
سانجھ سمے اس کنج میں زندگیوں کی اوٹ
بج گئی کیا کیا بانسری، رو گئے کیا کیا لوگ
میلی چادر تان کر اس چوکھٹ کے دوار
صدیوں کے کہرام میں سو گئے کیا کیا لوگ
گٹھڑی کالی رین کی سونٹی سے لٹکائے
اپنی دھن میں دھیان نگر کو گئے کیا کیا لوگ
میٹھے میٹھے بول میں دوہے کا ہنڈول
سن سن اس کو بانورے ہو گئے کیا کیا لوگ
(1959)
*** سایوں کا سندیس ***
بھیگی بھیگی، نتھری نتھری روشنیوں کا دن
رستے رستے پر بےبرگ درختوں کے سائے
دھوپ کے پیلے آنچل پر مٹیالے گل بوٹے
دنیا ان کو روند گئی، یہ خاکے مٹ نہ سکے!
میٹھی میٹھی ٹھنڈک، نکھرا نکھرا دن اور میں
بھیگے رستوں سے یہ سائے چننے آیا ہوں
میرے من میں ہیں جو جھمیلے، ان سے کیوں الجھوں
اپنی جھولی آج ان مسلے پھولوں سے بھر لوں
شیتل شیتل دھوپ میں بہتے سایوں کا یہ کھیل
اِک ڈالی کی ڈولتی چھایا، لاکھ اَمِٹ ارمان
تھرتھر کانپیں سوکھے پتے، جھم جھم جھمکیں دھیان
یہی بہت ہے پت جھڑ کی اس سہمی رُت کا دان
(2-2-1960)
*** توسیعِ شہر ***
بیس برس سے کھڑے تھے جو اس گاتی نہر کے دوار
جھومتے کھیتوں کی سرحد پر، بانکے پہرےدار
گھنے، سہانے، چھاؤں چھڑکتے، بور لدے چھتنار
بیس ہزار میں بک گئے سارے ہرے بھرے اشجار
جن کی سانس کا ہر جھونکا تھا ایک عجیب طلسم
قاتل تیشے چیر گئے ان ساونتوں کے جسم
گری دھڑام سے گھائل پیڑوں کی نیلی دیوار
کٹتے ہیکل، جھڑتے پنجر، چھٹتے برگ و بار
سہمی دھوپ کے زرد کفن میں لاشوں کے انبار
آج کھڑا میں سوچتا ہوں اس گاتی نہر کے دوار
اس مقتل میں صرف اک میری سوچ، لہکتی ڈال
مجھ پر بھی اب کاری ضرب اک، اے آدم کی آل
(9-2-1930)
*** عیدالاضحیٰ ***
ہزار جشنِ مسرت ترے گلستاں میں
ہزار رنگِ طرب تیرے روئے خنداں پر
جھکی ہے شوکتِ کونین تیرے قدموں میں
پڑا ہے سایہ ترا اوجِ سربلنداں پر
تری حیات کا مسلک، ترے عمل کا طریق
اساس اس کی ہے کیشِ وفا پسنداں پر
تجھے عزیز تو ہے سنتِ براہیمی
تری چھری تو ہے حلقومِ گوسفنداں پر
مگر کبھی تجھے اس بات کا خیال آیا؟
تری نگاہ نہیں دردِ دردمنداں پر
(6-6-1960)
*** غزل ***
گہرے سُروں میں عرضِ نوائے حیات کر
سینے پہ ایک درد کی سل رکھ کے بات کر
یہ دوریوں کا سیلِ رواں، برگِ نامہ بھیج
یہ فاصلوں کے بندِ گراں، کوئی بات کر
تیرا دیار، رات، مری بانسری کی لے
اس خوابِ دل نشیں کو مری کائنات کر
میرے غموں کو اپنے خیالوں میں بار دے
ان الجھنوں کو سلسلۂ واقعات کر
آ، ایک دن، میرے دلِ ویراں میں بیٹھ کر
اس دشت کے سکوتِ سخن جُو سے بات کر
امجد نشاطِ زیست اسی کشمکش میں ہے
مرنے کا قصد، جینے کا عزم، ایک سات کر!
(21-7-1960)
*** سفرِ درد ***
سطحِ سحر، سفینۂ غم، جوئے لالہ گوں
کنجاہ کی گلی کا سکوتِ اجل سکوں
قاتل کا وار، سینۂ صدلخت، موجِ خوں
اک صاحبِ قلم پہ جو گزری، میں کیا کہوں
نوک اس کے دل کو چیر گئی جس کٹار کی
اس پر گرفت تھی ستمِ روزگار کی
اک ہاتھ بڑھ کے شانۂ دیوار پر رکھا
وہ زد، وہ چند ڈولتے قدموں کا فاصلہ
اک گام، اور جادۂ دوراں سمٹ گیا
اک سانس، اور سب سفرِ درد طے ہوا
اک آخری تڑپ جسدِ لرزہ گیر کی
مٹی پہ ایک قوس لہو کی لکیر کی
اک زندگی کراہتے لمحوں میں ڈھل گئی
اک شمع موجِ اشک پہ بجھ بجھ کے جل گئی
اک بےگنہ پہ ظلم کی شمشیر چل گئی
خونی اَنی پہ ایک جوانی مچل گئی
ہے بھی یہاں غریب کی ہستی کا کوئی مول؟
میں پوچھتا ہوں، مدعیِ عدل، کچھ تو بول
(18-9-1960)
*** نظم ***
دکھ کا ہر بہروپ انوکھا
ہر الجھن کا روپ انوکھا
غم کو جب اس دھرتی پر پرکھا
اک پل دھوپ اور اک پل برکھا
دردوں کے بندھن میں تڑپیں
لاکھوں جسم اور لاکھوں روحیں
میں جس آگ سے کلیاں چھانوں
میرا قصہ ہے، میں جانوں
شام ہوئی ہے، سوچ رہا ہوں
تو سورج ہے، میں دنیا ہوں
لوٹ کے آنا تیرے بس میں
تجھ کو پانا تیرے بس میں
سایوں کی اک اک کروٹ پر
زنجیروں میں ڈوب گیا ہوں
دل میں چند شرارے لے کر
اپنی راکھ سے کھیل رہا ہوں
(26-9-1960)
*** صدا بھی مرگِ صدا ***
نہ کوئی سقفِ منقّش، نہ کوئی چترِ حریر
نہ کوئی چادرِ گل اور نہ کوئی سایۂ تاک
بس ایک تودۂ خاک
بس ایک ٹھیکریوں سے ڈھکی ہوئی ڈھلوان
بس ایک اندھے گڑھے میں ہجومِ کرمکِ کور
بس ایک قبۂ گور
نہ کوئی لوحِ مسطر، نہ کوئی خشتِ نشاں
یہی پہ دفن ہے وہ صاحبِ سخن کہ جسے
نظامِ دنیا نے
ہزار مرتبہ عرضِ نوا کی دعوت دی
مگر وہ اپنی فصیلِ خیال میں محصور
رہِ زمانہ سے دور
خروشِ برقِ سرِ نیستاں سے بےپروا
سکوتِ سینۂ یک چوبِ نَے میں ڈوب گیا
صدا بھی مرگ ِ صدا!
یہیں پہ دفن ہے وہ روح جس کی دھیمی آگ
کبھی جو ڈھل بھی سکی تو ڈھلی بہ قالبِ حرف
پہن کے جامۂ برف
ضمیرِ ارض پہ کھینچی گئی لہو کی لکیر
اور اس کا ایک بھی چھینٹا نہیں سرِ قرطاس
بہ مصحفِ احساس!
ستم کی تیغ چلی، گردنوں کی فصل کٹی
اور اس تمام فسانے کی اک بھی سطرِ حزیں
زبورِ غم میں نہیں!
پکارتی رہیں پیہم کراہتی صدیاں
اور ایک گونج بھی ان کی نہیں صدا انداز
بہ گنبدِ الفاظ
پہاڑ لرزے، ستاروں کی بستیاں ڈولیں
اُلٹ سکی نہ مگر رخ سے پردۂ افسوں
روایتِ مضموں!
یہیں پہ دفن ہے وہ جسم، وہ روایتِ خاک
وہ دل کہ جس کے دھڑکتے ہوئے بیانِ الم
کو چھو سکا نہ قلم!
یہیں پہ گلتی ہوئی ہڈیوں کے ڈھیر میں اب
دبے پڑے ہیں وہ لمحے جو رزقِ سم نہ بنے
نوائے غم نہ بنے!
یہیں پہ ریزۂ سل بن کے جم گئے ہیں وہ ہات
جو اشکبار زمانوں کی موجِ رقصاں سے
شرار چن نہ سکے!
کرید کر کوئی اس راکھ کو اگر دیکھے
تو آج ایک رگِ سنگ ہے وہ نبضِ تپاں
وہ جوئے خونِ رواں
وہ زندگی کے تلاطم میں ڈوبتی ہوئی آگ
صریرِ خامہ کی تقدیس بیچتا ہوا فن
تمام گردِ کفن!
یہ کِرم خوردہ اساطیر کا بلند الوند
یہ سب درست، مگر پھر بھی اک سوال ہے آج
جواب کا محتاج
کوئی بتائے کہ اس وقت کیا کرے انساں
جب آسمان کی آنکھوں سے روشنی چھینیں
ستم کی سنگینیں
یہی سوال اب اس قبر کے اندھیروں میں
ہزار رینگتے کیڑوں کی سرسراہٹ ہے
اجل کی آہٹ ہے
یہ قبر طنز ہے ان لازوال ارادوں پر
نگل گئے جنھیں ظلمت کے خشمگیں عفریت
مقدروں پہ محیط!
مقدروں کے دھوئیں سے ابھرتے رہگیرو
نشان اس کا مٹاتے چلو زدِ پا سے!
جبینِ دنیا سے!
(1959)
*** سنگت ***
شیشم کی اک شاخ پر
کھیلے سکھ کے کھیل
کھلتی، بڑھتی، رینگتی
چمپا کی اک بیل
جس کی نازک ڈور سے
جھم جھم لہرائیں
لچّھے پھولوں کے!
اچھے اچھے پھولوں کے
لچّھے پھولوں کے!
اک شاداب درخت پر
یہ شاداب کمند!
جسموں کی سنجوگتا
روحوں کا سمبند
میرے من میں تیر گئیں
جیون کی پرچھائیں
لچھے پھولوں کے!
اچھے اچھے پھولوں کے
لچھے پھولوں کے
مورکھ کیا ہے زندگی؟
سنگت کا سنگیت
دکھ کی چڑھتی پینگ میں
ہنستے دلوں کی ریت!
گھنی گھنیری ڈال پر
سندر روپ لتائیں
لچھے پھولوں کے!
اچھے اچھے پھولوں کے
لچھے پھولوں کے!
(1960)
*** غزل ***
اک عمر دل کی گھات سے تجھ پر نگاہ کی
تجھ پر تری نگاہ سے چھپ کر نگاہ کی
روحوں میں جلتی آگ، خیالوں میں کھلتے پھول
ساری صداقتیں کسی کافر نگاہ کی
جب بھی غمِ زمانہ سے آنکھیں ہوئیں دوچار
منہ پھیر کر تبسمِ دل پر نگاہ کی
باگیں کھنچیں، مسافتیں کڑکیں، فرس رکے
ماضی کی رتھ سے کس نے پلٹ کر نگاہ کی
دونوں کا ربط ہے تری موجِ خرام سے
لغزش خیال کی ہو کہ ٹھوکر نگاہ کی
(1960)
*** ہیولیٰ ***
برگ و بر پر، بام و در پر، برف— برف —
ایک نگری، برف — برف —
زرد سورج، سیم گوں میداں، رُپہلی سیڑھیاں
سیڑھیوں کی موج اندرموج ڈھلوانوں پہ چہرے — چتر — چتر —
سیڑھیوں پر سو قمر قوس آئینوں کی اوٹ — اوٹ —
منتظر نظروں کی دنیا عکس — عکس —
کتنے رنگوں سے جو زیبِ دامنِ احساس تھے
بھر گئے تھے گل بداماں راستے
جانے کس کے واسطے—
ساز جاگے، پھول برسے، اِک نوا
اک صدا، جیسے سلگتی چاہتوں کے دیس سے آتی صدا
اک صدا، جیسے زمانوں کے اندھیروں میں صدا دیتی وفاؤں کی صدا
(اک صدا، جیسے مرے دل کی صدا!)
لے تھمی اور نغمہ گر کا پیکرِ بےجاں گرا
سیڑھیوں سے آسماں کی ٹوٹتی محراب تک
بکھرے پھولوں کی چٹختی پنکھڑیوں پر تیز قدموں کی دھمک
آہٹوں کے اس بھنور میں اک جھجکتی چاپ کی دھیمی جھنک
(میرے دِل کی دھڑکنوں کو روندنے والی کسک)
رات، بجھتی شمع، نیندوں کا غبار
برف کی زنجیر میں جکڑے ہوئے جھونکوں کی بزم
میں کہاں تھا کچھ بتا، اے دل کی لو پر ناچتی ناگفتہ نظم!
(1-1-1961)
*** متروکہ مکان ***
یہ محلّے، یہ گھروندے، یہ جھروکے، یہ مکاں
ہم سے پہلے بھی یہاں
بس رہے تھے سکھ بھرے آنگن، سنہری بستیاں
جانے والے گھر کی چاہت سے تہی پہلو نہ تھے
اتنے بےقابو نہ تھے
روکتا کون؟ اس جھکی محراب کے بازو نہ تھے
اک اٹل ہونی کی زنجیروں میں جکڑے قافلے
ساتھ لے جاتے اسے
بات صرف اتنی کہ اس دیوار کے پاؤں نہ تھے
اب وہ روحیں گونجتے جھکڑ میں گھلتی سسکیاں
ان کے مسکن یہ مکاں
منہدم ادوارکے ملبے پہ جلتی ارتھیاں
راکھ ہوتی ہڈیوں کے گرم گارے میں گندھی
گرتے اشکوں میں ڈھلی
اب یہی اینٹیں ہماری عظمتِ افتادگی
پڑ گئے اینٹوں کے مڑتے زاویوں کے بس میں ہم
بھول کے سب اپنے غم اس دامِ خشت و خس میں ہم
بھڑ گئے آپس میں ہم
یہ محلّے، یہ منڈیریں، یہ محل، یہ منڈلیاں
کون دیکھے اَب یہاں
کھنچ گئی ہیں کتنی دیواریں دلوں کے درمیاں
بھر لیے ہم نے ان ایوانوں میں تھے جتنے شگاف
کون دیکھے آسماں کی چھت میں ہیں کتنے شگاف
(8-1-1961)
*** بہار ***
ہر بار، اسی طرح سے دنیا
سونے کی ڈلی سے ڈھالتی ہے
سرسوں کی کلی کی زرد مورت
تھاما ہے جسے خمِ ہوا نے
ہر بار، اسی طرح سے شاخیں
کھلتی ہوئی کونپلیں اٹھائے
رستوں کے سلاخچوں سے لگ کر
کیا سوچتی ہیں؟ یہ کون جانے
ہر بار، اسی طرح سے بوندیں
رنگوں بھری بدلیوں سے چھن کر
آتی ہیں مسافتوں پہ پھیلے
تانبے کے ورق کو ٹھنٹھنانے
ہر سال، اسی طرح کا موسم
ہر بار، یہی مہکتی دوری
ہر صبح، یہی کٹھور آنسو
رونے کے کب آئیں گے زمانے
(28-1-1961)
*** صبح کے اجالے میں ***
تو نے، ہم سفر، دیکھا
صبح کے اجالے میں
راہ کا سہاناپن!
دائیں بائیں، دورویہ
شادماں درختوں کی
جھومتی قطاریں ہیں
ہر قدم کے وقفے پر
دھوپ کی خلیجیں ہیں
چھاؤں کے جزیرے ہیں
جس طرف کو سورج ہے
اس طرف درختوں کی
شبنمیں جبینوں پر
تیرگی کا پرتو ہے!
تیرگی کے پرتو کا
رخ ہماری جانب ہے
جس طرف کو سورج ہے
اس کی دوسری جانب
سربلند پیڑوں کی
شبنمیں جبینوں پر
روشنی کے پرتو کا
رخ ہماری جانب ہے
تو نے، ہم سفر، دیکھا
دھوپ ہے کہ سایا ہے
رہرووں کی مایا ہے
دور دور تک — رستا
دور دور تک — دنیا
دور دور تک — سب کچھ
اک عجب سہاناپن —
صبح کے اجالے میں
(1-1961)
*** غزل ***
چہرہ اداس اداس تھا، میلا لباس تھا
کیا دن تھے، جب خیالِ تمنا لباس تھا
عریاں، زمانہ گیر، شررگوں جبلتیں
کچھ تھا تو ایک برگ دِل ان کا لباس تھا
اس موڑ پر ابھی جسے دیکھا ہے، کون تھا؟
سنبھلی ہوئی نگاہ تھی، سادہ لباس تھا
یادوں کے دھندلے دیس! کھلی چاندنی میں رات
تیرا سکوت کس کی صدا کا لباس تھا؟
ایسے بھی لوگ ہیں جنہیں پرکھا تو ان کی روح
بےپیرہن تھی، جسم سراپا لباس تھا
صدیوں کے گھاٹ پر، بھرے میلوں کی بھیڑ میں
اے دردِ شادماں، ترا کیا کیا لباس تھا
دیکھا تو دل کے سامنے، سایوں کے جشن میں
ہر عکسِ آرزو کا انوکھا لباس تھا
امجد، قبائے شہ تھی کہ چولا فقیر کا
ہر بھیس میں ضمیر کا پردا لباس تھا
(12-3-1961)
*** دوام ***
کڑکتے زلزلے امڈے، فلک کی چھت گری، جلتے نگر ڈولے
قیامت آ گئی سورج کی کالی ڈھال سے ٹکرا گئی دنیا
کہیں بجھتے ستاروں، راکھ ہوتی کائناتوں کے
رکے انبوہ میں کروٹ، دو سایوں کی
کہیں اس کھولتے لاوے میں بل کھاتے جہانوں کے
سیہ پشتے کے اوجھل، ادھ کھلی کھڑکی
کوئی دم توڑتی صدیوں کے گرتے چوکھٹے سے جھانکتا چہرہ
زمینوں آسمانوں کی دہکتی گرد میں لتھڑے خنک ہونٹوں سے یوں پیوست ہے اَب بھی
ابھی جیسے سحر بستی پہ جیتی دھوپ کی مایا انڈیلے گی
گلی جاگے گی، آنگن ہمہمائیں گے
کوئی نیندوں لدی پلکوں کے سنگ اٹھ کر
کہے گا ...’’رات کتنی تیز تھی آندھی! ‘‘
(3-1961)
*** بول انمول ***
اب یہ مسافت کیسے طے ہو، اے دل، تو ہی بتا
کٹتی عمر اور گھٹتے فاصلے، پھر بھی وہی صحرا
چیت آیا، چیتاؤنی بھیجی، اپنا وچن نبھا،
پت جھڑ آئی، پتر لکھے ... آ، جیون بیت چلا
خوشیوں کا مکھ چوم کے دیکھا، دنیا مان بھری
دکھ وہ سجن کٹھور کہ جس کو روح کرے سجدا
اپنا پیکر، اپنا سایہ، کالے کوس کٹھن
دوری کی جب سنگت ٹوٹی، کوئی قریب نہ تھا
شیشے کی دیوار زمانہ، آمنے سامنے ہم
نظروں سے نظروں کا بندھن، جسم سے جسم جدا
اپنے گرد اب اپنے آپ میں گھلتی سوچ بھلی
کس کے دوست اور کیسے دشمن! سب کو دیکھ لیا
راہیں دھڑکیں، شاخیں کڑکیں، اک اک ٹیس اٹل
کتنی تیز چلی ہے اب کے دھول بھری دکھنا
دکھڑے کہتے لاکھوں مکھڑے، کس کس کی سنیے
بولی تو اک اک کی ویسی، بانی سب کی جدا
(4-1961)
*** بھادوں ***
گدلی گدلی جھیل ہوا کی جس کے خنک پاتال میں ہم
سانس روک کے ڈھونڈ رہے ہیں جیون کے انمول خزانے، گھائل خوشیاں، چنچل غم
سب کچھ ایک اداس تھکن کے بندھن، کیا ماضی کیا حال
ایک اتھاہ لگن کی کڑیاں، سبز درخت اور کالے کھمبے، ٹھنڈے کنج اور جلتے جال
سامنے دیکھیں تو لوہے کی باڑ کے پار افق سے پرے
سوکھے، سرد، سیاہ بنوں کی چھدری چھدری چھاؤں میں جھلکیں دھبے آتی صبحوں کے
بھورے بادل کی سلوٹ میں پیلے پیتل کی ڈوری
دکھتی جیوٹ رکتی جولاں دل کی کل میں ایک کمانی وقت کے چلتے پہیے کی
کیا کرے کوئی یہی بہت ہے جاگتی ٹیس اک درد بھری
مدھم بھونکے کا اکتارا، کھلتے گھونگھٹ آرزوؤں کے، بھیگی پلکیں سوچوں کی
سدا رہے یہ سماں سہانا، رت یہ سلگتی سانسوں کی
پھیلتی اگنی میں بل کھاتی گیلی دھرتی، دھندلا امبر، کھلتی کونپل بھادوں کی
(22-9-1961)
*** غزل ***
اب کے تمہارے دیس کا یہ روپ نیارا تھا
بکھرا ہوا ہواؤں میں سایہ تمہارا تھا
گم سم کھڑے ہیں اونچی فصیلوں کے کنگرے
کوئی صدا نہیں، مجھے کس نے پکارا تھا؟
رات، آسماں پہ چاند کی منڈلی میں کون تھا
تم تھے کہ اک ستار بجاتا ستارا تھا
ان دوریوں میں قرب کا جادو عذاب تھا
ورنہ تمہارے ہجر کا غم بھی گوارا تھا
دل سے جو ٹیس اٹھی، میں یہ سمجھا، پجاریو
پتھر کے دیوتا کا تڑپتا اشارا تھا
تالی بجی تو سامنے ناٹک کی رات تھی
آنکھیں کھلیں تو بجھتے دلوں کا نظارا تھا
دنیا کے اس بھنورسے جب ابھرے دکھوں کے بھید
اک اک اتھاہ بھید خود اپنا کنارا تھا
پھر لوٹ کر نہ آیا، زمانے گزر گئے
وہ لمحہ جس میں ایک زمانہ گزارا تھا
(9-1961)
*** پامال ***
سورج نکلا، رنگ رچے
کرنوں کے قدموں کے تلے
سوکھی گھاس پہ کھلتے ہوئے
پیلے پیلے پھول ہنسے!
کرنوں کے چرنوں پر جب
اس مٹی نے رکھ دیے لب
مسلی گھاس پہ بچھ گئی، سب
ہنستی زندگیوں کی چھب!
اس مٹی کے ذرّے ہم
کیا کہیں اپنا قصۂ غم!
کیا کہیں ہم پر کیا بیتی
اندھے کھوٹے قدموں کی
ٹھوکر اپنی قسمت تھی
ٹھوکر کھائی، آنکھ کھلی
آنکھ کھلی تو بھید کھلا
وہ سب جن کے قدموں کا
ریلا ہم کو روند گیا
ان میں سورج کوئی نہ تھا
میری طرح اور تیری طرح
سب مٹی کے ذرّے تھے
(9-1961)
*** معاشرہ ***
ہر طرف رات کے اندھیروں کے
سرسراتے وجود سایوں کی طرح
دبے پاؤں رواں ہیں، کیا کیجے
جب ذرا بھی سسکتی روحوں کی
کوئی ناداں، نچنت انگڑائی
اپنا بوجھل لباس اتارتی ہے
سائے رکتے ہیں، سائے ہنستے ہیں
رات، خاموشیاں، دھڑکتے دل
صحن میں چارپائیوں کے گرد
ہمہ تن گوش، جاگتی دیوار...
جھانکتا سر ... منڈیر پر گملا
دیکھتی آنکھ ... نیم وا روزن
جب ذرا بھی برہنہ سپنوں کی
کوئی رو پیرہن سنبھالتی ہے
ایک دھیمی سی چاپ، نیند کی نند
دو قدم بڑھ کے لوٹ جاتی ہے!
رات کے فرش پر قدم رکھتی
ساعتیں اپنے ساتھ لائی ہیں
کتنے ارمان، کتنی زنجیریں!
جب بھی جھونکوں کی گدگدی سے کسی
آرزو کی قبا مسکتی ہے
جب بھی پگھلے دلوں کے جوشن کا
بند کوئی ذرا چٹختا ہے
سایوں کے دیو، اپنے کالے مکٹ
ابروؤں کی شکن پہ سرکا کر
جاگتی کروٹوں کو گھورتے ہیں
(1-10-1961)
*** ایرپورٹ تے ***
میدان ہوائی جہازوں دے اساں وچ قطاراں ڈٹّھی
سو سو بتی بلدی، کائی رتّی تے کائی چٹّی
اُوڈے آون تے اُوڈے جاون کونجاں وانگ کھٹولے
جنھاں ڈٹھی ست اسماناں دی ہر گھجل تھاں ان ڈٹھی
لکھاں رنگ برنگے بھیساں وچ پئے پھردے ہسدے ٹولے
جنھاں ہسدیاں ہسدیاں تروڑ لئی ساڈے دل دی کھِڑدی سٹّی
تری رہ وچ پندھ پہاڑاں دے، ترے کھمبا ہیٹھ سمندر
اُڈدیے کونجے، لے چل ساڈی درد فراق دی چٹھی
جا آکھیں دور دے دیساں دے وسنیکاں نوں جا آکھیں
تسیں بدلاں دے وچ وسدے، اسیں مٹی دے وچ مٹی
(1961)
*** صاحب کا فروٹ فارم ***
یہ دھوپ جس کا مہین آنچل
ہوا سے مس ہے ...
رُتوں کا رس ہے!
تمام چاندی جو نرم مٹی نے پھوٹتے بور کی چٹکتی چنبیلیوں میں انڈیل دی ہے
تمام سونا جو پانیوں ٹہنیوں شگوفوں میں بہہ کے ان زرد سنگتروں سے ابل پڑا ہے
تمام دھرتی کا دھن جو بھیدوں کے بھیس میں دور دور تک سرد ڈالیوں پر بکھر گیا ہے
رُتوں کا رس ہے
رُتوں کے رس کو گداز کر لو
سبو میں بھر لو
یہ پتیوں پر جمے ہوئے زرد زرد شعلے، یہ شاخساروں پہ پیلے پیلے پھلوں کے گچھے
جو سبز صبحوں کی ضو میں پل کر، کڑی دوپہروں کی لو میں ڈھل کر
خنک شعاعوں کی اوس پی کر
رُتوں کے امرت سے اپنے نازک وجود کے آبگینے بھر کر
حدِ نظر تک بساطِ زر پر لہک رہے ہیں
شراب ان کی کشید کر لو
سبو میں بھر لو
سبو میں بھر لو یہ مدھ، یہ مدرا، کہ اس کی ہر بوند سال بھر سو صراحیوں میں دیے جلائے
یہی قرینہ ہے زندگی کا، اسی طرح سے، لہکتے قرنوں کے اس چمن میں، نہ جانے کب سے
ہزارہا پتتے سورج لنڈھا رہے ہیں وہ پگھلا تانبا، وہ دھوپ جس کا مہین آنچل
دِلوں سے مس ہے، وہ زہر جس میں دکھوں کا رس ہے
جو ہو سکے تو اس آگ سے بھر لو من کی چھاگل
کبھی کبھی ایک بوند اس کی کسی نوا میں دیا جلائے
تو وقت کی پینگ جھول جائے
(8-3-1962)
*** غزل ***
میری مانند خودنگر، تنہا
یہ صراحی میں پھول نرگس کا
اتنی شمعیں تھیں تیری یادوں کی
اپنا سایہ بھی اپنا سایہ نہ تھا
میرے نزدیک تیری دوری تھی
کوئی منزل تھی، کوئی عالم تھا
ہائے وہ زندگی فریب آنکھیں
اس نے کیا سوچا، میں نے کیا سمجھا
صبح کی دھوپ ہے کہ رستوں پر
منجمد بجلیوں کا اک دریا
گھنگھروؤں کی جھنک منک میں بسی
تیری آہٹ، میں کس خیال میں تھا
کون یاد آ گیا تھا، یاد نہیں
دل بھی اک ضرب بھول بھول گیا
سارے بندھن کڑے سہی، لیکن
تجھ سے یہ ربط، دھندلا اور گہرا
پھر کہیں دل کے برج پر کوئی عکس
فاصلوں کی فصیل سے ابھرا
پھول مرجھا نہ جائیں بجروں میں
مانجھیو! کوئی گیت ساحل کا
وقت کی سرحدیں سمٹ جاتیں
تیری دوری سے کچھ بعید نہ تھا
عمر جلتی ہے، بخت جلووں کے
زیست مٹتی ہے، بھاگ مٹی کا
رہیں دردوں کی چوکیاں چوکس
پھول لوہے کی باڑ پر بھی کھلا
جو خود ان کے دلوں میں تھا تہہِ سنگ
وہ خزانہ کسی کسی کو ملا
لاکھ قدریں تھیں زندگانی کی
یہ محیط اک عجیب زاویہ تھا
سانس کی رو میں رونما طوفاں
تیغ کی دھار پر بہے دھارا
ہے جو یہ سر پہ گیان کی گٹھڑی
کھول کر بھی اسے کبھی دیکھا؟
روز جھکتا ہے کوئے دِل کی طرف
کاخِ صد بام کا کوئی زینہ
امجد، ان آنسوؤں کو آگ لگے
کتنا نرم اور گراں ہے یہ دریا
(7-5-1962)
*** دو دلوں کے درمیاں ***
شام کی بجھتی ہوئی لو، ایک ان بوجھی کسک
پانیوں، پگڈنڈیوں، پیڑوں پہ سونے کی ڈلک
جامنوں کے بور کی بھینی مہک میں دور تک
جسم اندر جسم سائے، لب بہ لب پرچھائیاں
انگ انگ انگڑائیاں
ہائے یہ مدھم سے شعلے اُس مقدس آگ کے
جس کی لپٹوں میں سدا سمٹے رہے، پھیلے رہے
تیرے ہونٹوں اور مرے ہونٹوں کے جلتے فاصلے
ساتھ چلتی سنگتوں کے سنگ بہتی دوریاں
دو دلوں کے درمیاں
(17-5-1962)
*** بارکش ***
چیختے پہیے، پتھ پتھریلا، چلتے بجتے سُم
تپتے لہو کی رو سے بندھی ہوئی اک لوہے کی چٹان
بوجھ کھینچتے، چابک کھاتے جنور! ترا یہ جتن
کالی کھال کے نیچے گرم گٹھیلے ماس کا مان
لیکن تیری ابلتی آنکھیں، آگ بھری، پُرآب
سارا بوجھ اور سارا کشٹ ان آنکھوں کی تقدیر
لاکھوں گیانی، من میں ڈوب کے ڈھونڈیں جگ کے بھید
کوئی تری آنکھوں سے بھی دیکھے دنیا کی تصویر!
(6-6-1962)
*** وقت ***
وقت ہے اک حریمِ بےدیوار
جس کے دوار آنگنوں میں سدا
رقص کرتے ہوئے گزرتے ہیں
دائروں میں ہزارہا ادوار
بیتتی بات اور آنے والی آن
امرِ امروز اور فرِ فردا
سب زمانے، تمام عرصۂ دہر
وقت کی ایک تیز لہر کی عمر!
کل وہ سب کچھ تھا جو کچھ آج بھی ہے
آج جو کچھ ہے، اس زمانے میں تھا
جب وہ سب کچھ کہ جس نے ہونا ہے
ہو چکا تھا، یہ کھیل ہونی کے!
لاکھ قرنوں کے ان قرینوں میں
نہ کوئی دن نہ سِن، نہ یوم نہ عصر
صرف اک پل، بسیط، بے مدت
اپنے بھیدوں کی حد میں لامحدود
اس کی یک رنگیوں میں یکساں ہیں
ہنستے سنجوگ بھی، بجھے دل بھی
سلسلے سجتی سجتی سیجوں کے بھی
مسئلے مسلے مسلے پھولوں کے بھی
وقت بہتا ہوا وہ دھارا ہے
جس کی رو خنجروں کی دھار نہیں
وقت جیتی حقیقتوں کا جتن
مرنے والے کبھی مرے ہی نہیں
اتنے پہلو ہیں اس پہیلی کے
اور اک ہم، کہ جن کے علم کی لِمِ
ہے فقط انگلیوں کا لمس اور بس
ہائے اندھی روایتوں کے طلسم
(29-6-1962)
Richard Aldington کی نظم کا ترجمہ
*** لاہور ***
کوئی کچھ بھی کہے کہے، مجھے کیا
بات جو میرے دِل میں ہے، میں اگر
آج اپنی زباں پہ لا نہ سکا
کل، مرے بعد، تیری منڈلی پہ جب
آگ برسے گی ... کون بولے گا!
بات یہ ہے، عظیم شہر، تجھے...
شاید اس بات کا گماں بھی نہ ہو
ایک دِن آئے گا ... خدا نہ کرے
کبھی وہ دن بھی آئے ... جب ترے برج
قَدَر انداز دشمنوں سے بھرے
آگ انڈیلیں گے تیری گلیوں پر
تیری گلیاں کہ جن میں بستے ہیں آج
لوگ، نیندوں میں تیرتے پیکر
لوگ ڈھلتی مسرتوں سے نڈھال
زنگ کے پھول، شاخِ آہن پر
کوئی دیکھے اگر تو شہرِ شہیر
جن سجیلی سلوں پہ کھینچی تھی
تو نے گلکار سلسلوں کی لکیر
ان کی جھڑتی تہوں میں دفن ہیں آج
پھول برساتی بجلیوں کے ضمیر!
دیکھتے دیکھتے بکھر بھی گئی
مٹتے کھنڈروں کو جیتے آنگنوں سے
جوڑنے والی آنسوؤں کی لڑی
میں نے اکثر سنی ہے تیری کراہ
کھوکھلے قہقہوں کی بھیڑ میں بھی!
یوں گری وقت کی کمان کی زہ
سب کٹیلے طلسم ٹوٹ گئے
رہ گئے ہم، سو اپنا حال ہے یہ
اتنی نازک ہیں الجھنیں اپنی
جیسے پنکھڑی میں دھاریوں کی گرہ
یاد بھی ہے کہ مٹنے والوں نے
تیری مٹی کو رکھ کے پلکوں پر
یہ قسم کھائی تھی کہ تیرے لیے
اسی دھرتی سے ہم، دھڑکتی ہوئی
زندگی کا خراج مانگیں گے!
اسی دھرتی پہ، آج شہرِ جمیل!
کتنی اونچی ہے، کتنی کڑیل ہے
تیری بے سنگ سرحدوں کی فصیل
جس کے گھیرے میں گھاٹیوں کی گھٹا
جس کی خندق سمندروں کی سبیل!
یہی بل کھاتی، جاگتی دیوار
جو دِلوں کی سلوں سے ڈھالی گئی
آج، جب اس کے کنگروں کی قطار
صفِ سوزاں ہے، ہم نہیں چونکے
کل جب اس کے سلگتے زخنوں کے پار
خون چھلکے گا، ہم نہیں ہوں گے
ہم نہیں ہوں گے، لیکن اے مرے دیس
ایک دن آئے گا، خدا نہ کرے
کھی وہ دِن بھی آئے، جب ترے برج
قدر انداز دشمنوں سے بھرے
تری گلیوں پہ آگ انڈیلیں گے
تری گلیاں کہ جن کے سایوں میں کل
لڑکھڑاتے مقدروں کے پرے
ٹوٹتی سیڑھیوں سے اتریں گے
وقت کی موج سے ابھرتی ہوئی
قوم کی وردیاں پہن لیں گے!
ہم بھی اے کاش دیکھ سکتے انہیں
کون ہوں گے وہ لوگ جن کے بدن
خود ہمارے لہو کی دیواریں
جن کے سینوں میں سنسناتے الاؤ
خود انھی کے شعور کی لپٹیں!
یوں تو کس کو خبر ہے کل کیا ہو
پھر بھی، اے شہرِ خوش قبا، تیرے
دوش پر ہے جس آفتاب کی ڈھال
جب یہ سورج بدست فردا ہو
جب قدم ظلمتوں کا پسپا ہو
یاد رکھنا کہ یہ رُتیں، فصلیں
یہ بہاریں جو آگ کی رو سے
زندگی کے گلاب کا رس لیں
رو گئی ہیں انہیں، کسے معلوم
کتنی بے عزم، زرد رو نسلیں
کتنے بے عزم، زرد رو پیکر
چند خوشیوں کا سوگ جن کے جتن
چند خوابوں کی گرد جن کے نگر
یہی ہم، جن کی ہر تڑپ سے ہے آج
سو شکن دشمنوں کے ماتھوں پر
فتح اس آتشیں شکن کی شکست
جو ترے دشمنوں کے ماتھوں پہ ہے
کتنی ان مٹ ہیں، کون جانتا ہے
یہ جو ریکھائیں ترے ہاتھوں پہ ہیں
(24-8-1962)
*** حربے ***
زندگی کے اسلحہ خانے سے اس روحِ زبوں کو کیا ملا
صرف دو ترچھے سے ابرو، صرف دو پتلے سے ہونٹ
کتنے مہلک ہیں یہ حربے، کیا کہوں ...
جب بھی کوئی شبھ گھڑی
اس کے دل پرکھینچ دیتی ہے سنہری زائچے
جب بھی میٹھے مکر کی جھوٹی ہنسی
اس کے چہرے پر بچھا دیتی ہے زریں زاویے
اس کی ترچھی کانپتی جھکتی بھنویں
... دو کٹاریں، جن کے اکھڑے اکھڑے قبضے، انکھڑیاں
اس کے پتلے مسکراتے ٹیڑھے ہونٹ
… آریاں، جن کی دنتیلی دھار، دانت...
ٹوٹ پڑتی ہیں دلوں پر اس طرح
بے سپر سچائیوں پر اس طرح کرتی ہیں وار
جیسے باقی جتنی جوہردار قدریں زندگی کے اسلحہ خانے میں ہیں سب ہیچ ہیں
جانے کتنی ایسی روحیں ان کمیں گاہوں میں ہیں
کون ہو ان کا حریف
کاش خود ان کا ضمیرِ بے نیام
ان کی آہن پوش تقدیروں کو گھائل کر سکے
کاش اس خنداں ہزیمت کا تصور، ایک دن
ہو سکے خود ان کے دِل پر حملہ آور، فتح یاب!
(9-1962)
*** کارِ خیر ***
ننگی موت کے بھینٹ ہوا جب بیس روپے کا دان
جڑے تڑے پنجر پر ڈال کے سرد سفید کفن
قبر میں جھونک دیے لوگوں نے اک دکھیا کے پران
اچھی تھی وہ اپاہج بڑھیا جس نے جیتے جی
بچے کچھے ٹکڑوں کے بدلے جنت کی جاگیر
امرت پیتی زندگیوں کے چرنوں پر رکھ دی
کیسے بھاگ اس ابھاگن کے تھے جس نے مر کر بھی
ایک سفید کفن کے بدلے رنگیں چہروں پر
کوثر کی اک اجلی موج کی چاندی برسا دی
اس کا جینا، اس کا مرنا، اس کے سارے روگ
صرف اس کارن تھے کہ کبھی کبھی ان شعلوں کی اوٹ
اپنی خوشیوں کو سنولا لیں کچھ دھن والے لوگ
میری روح کو ڈھانپ گیا اک زہر بھرا طوفان
ننگی موت کے بھینٹ ہوا جب بیس روپے کا دان
(10-1962)
*** غزل ***
بڑھی جو حد سے تو سارے طلسم توڑ گئی
وہ خوش دلی جو دلوں کو دلوں سے جوڑ گئی
ابد کی راہ پہ بےخواب دھڑکنوں کی دھمک
جو سو گئے انہیں بجھتے جُگوں میں چھوڑ گئی
یہ زندگی کی لگن ہے کہ رتجگوں کی ترنگ
جو جاگتے تھے انھی کو یہ دھن جھنجھوڑ گئی
وہ ایک ٹیس جسے تیرا نام یاد رہا
کبھی کبھی تو مرے دِل کا ساتھ چھوڑ گئی
رکا رکا ترے لب پرعجب سخن تھا کوئی
تری نگہ بھی جسے ناتمام چھوڑ گئی
فرازِ دل سے اترتی ہوئی ندی، امجد
جہاں جہاں تھا حسیں وادیوں کا موڑ، گئی
(10-11-1962)
*** غزل ***
جو دِل نے کہہ دی ہے وہ بات ان کہی بھی نہ تھی
یہ موج تو تہہِ دریا کبھی رہی بھی نہ تھی
جھکیں جو سوچتی پلکیں تو میری دنیا کو
ڈبو گئی وہ ندی جو ابھی بہی بھی نہ تھی
سنی جو بات کوئی ان سنی تو یاد آیا
وہ دِل کہ جس کی کہانی کبھی کہی بھی نہ تھی
نگر نگر وہی آنکھیں، پس زماں، پسِ در
مری خطا کی سزا عمرِ گمرہی بھی نہ تھی
کسی کی روح تک اک فاصلہ خیال کا تھا
کبھی کبھی تو یہ دوری رہی سہی بھی نہ تھی
نشے کی رو میں یہ جھلکا ہے کیوں نشے کا شعور
اس آگ میں تو کوئی آب ِآگہی بھی نہ تھی
غموں کی راکھ سے امجد وہ غم طلوع ہوئے
جنھیں نصیب اک آہِ سحرگہی بھی نہ تھی
(1962)
*** مشاہیر***
کیا لوگ تھے جن کی گردن پر
تلوار چلی ... اک سرد تڑپ
... اک خون میں لتھڑی ہوئی کروٹ
اور وقت کے سیمیں دھارے پر
اک سطر لہو کی چھوڑ گئے!
اچھے تھے وہ جن کو سولی کی
رسی سے لٹک کر نیند آئی
اک تیز کھٹک! اک سرد تڑپ
اور وقت کی دُکھتی چیخوں میں
اک شبد کی شکتی چھوڑ گئے
مٹی بھی اب ان ساونتوں کی
ان کھوئے ہوئے کھنڈروں میں نہیں
اک سطر لہو کی کانپتی ہے
اک شبد کی شکتی ڈولتی ہے
تاریخ کی گلتی پُستک پر
اک نام کا دھبا باقی ہے
کیا کچھ نہ ملا ان جیالوں کو
شعلوں پہ قدم رکھنے میں سکوں
جینے کے لیے مرنے کی لگن
اے وائے وہ جلتی روحیں جنھیں
ہر درد ملا، منزل نہ ملی!
کل ان کی زرہ پوش آرزوئیں
جس آگ کی رو میں بہتی ہوئی
نیزوں کی انی پر ناچ گئیں
وہ آگ تمہاری دنیا ہے
وہ آگ تمہارے پاؤں تلے
جتنوں کی لہکتی جنت ہے
اس اگنی سے، اس جیتے جگوں
کی کھلتی ہوئی پھلواڑی سے
وہ چار دہکتے پھول چنو
اتنا ہی سہی، اتنا تو کرو
تاریخ کی گلتی پُستک پر
اک نام کا دھبا ہو کہ نہ ہو
(1962)
*** غزل ***
اپنے دل کی چٹان سے پوچھو، ریزہ اک پنکھڑی کا کتنا بوجھل ہے
اک آنسو کی بوند میں دیکھو، دنیا دنیا، عالم عالم جل تھل ہے
جس کو دیکھو اپنے سفر کی دنیا بھی ہے، اپنے سفر میں تنہا بھی
قدم قدم پر اپنے آپ کے سامنے ہے اور اپنے آپ سے اوجھل ہے
روح سے روح کا نازک بندھن، پھولوں کی زنجیر میں جکڑی زندگیاں
کتنے دکھ ہیں، کتنا چین ہے، کیسی دھوپ ہے، کتنا گہرا بادل ہے
آنکھ کی پتلی، سانس کی ڈوری، دِل کی تھاپ، اک پل کی نرت کا تماشا ہے
گلتی کھوپڑیوں سے چنی دیواروں پر اک جلتی جوت کی جھل جھل ہے
ایک زمانے سے یہی رستہ زیرِ قدم ہے، اک اک جھونکا محرم ہے
آج جو من کی اوٹ سے دیکھا، ہر سو اک ان دیکھی رت کی چھل بل ہے
بہتی روشنیاں، بے کار شعاعیں، بکھری ٹھیکریاں، بے حرف سلیں
اک دِن انت یہی ہے مگر وہ ایک کرن جو دل کے ورق پر جدول ہے
(1-1963)
*** دل پتھر کا... ***
اس پتھر پر، اک اک پل کی گھایل آنچ بھی گھاؤ
اس پنکھڑی کو بہا نہ سکا طوفانوں کا بھی بہاؤ
دل پتھر کا
پتھر پنکھڑی پھول کی...
دل کیا جانے کہاں ہے وہ بے انت سمے کا پڑاؤ
جہاں پہ جل کر راکھ ہوئے ہیں زندگیوں کے الاؤ
دل جو سنے تو جکڑے ہوئے سناٹوں کی یہ کراہ
اک سندیس ہے، جینے والو! ہم کو یاد نہ آؤ
دل کو یاد کرو وہ سمے، دل بھول چکا وہ سبھاؤ
رات کی میلی کروٹ، آخری سانسوں کا ٹھہراؤ
کسی امر ارمان کی ہچکی، کسی صدا کے شبد
کہیں سے ڈھونڈو ان شبدوں کو
اے بے مہر ہواؤ!
کبھی کھلے پتھر پر پنکھڑی پھول کی
(1-1963)
*** ہوٹل میں ***
بادل گرجا ... گرے سنہری پردے دلوں، دریچوں پر...
بند ہوئے دو گول پپوٹے، چونچ میں دب گئی گرم زبان
چھری چلی حلقوم پہ، تڑپا تپتے توے پہ تڑختا ماس
سج گئے میز پہ مے کے پیالے، بٹ گیا طشتوں میں پکوان
چھت پر بارش، نیچے اجلے کالر، گدلی انتڑیاں
ہنستے مکھ، ڈکراتی قدریں، بھوکی مایا کے سب مان
باہر ... ٹھنڈی رات کا گہرا کیچڑ ... درد بھرے آدرش
چلو یہاں سے ... ہمیں پکارے ننگی سوچوں کا رتھ بان
(4-1963)
*** ایک شام ***
دیکھ پھر آج بھی اس نگری میں، شام کی کرنیں تیرے ساتھ چلی ہیں، تیرے ساتھ جلی ہیں
دیکھ اب کہیں کہیں ان لمبی لال لووں کی لڑیاں، بجھ کر، رستوں سے پیوست پڑی ہیں
کہیں کہیں یہ زرد سلگتے تیکھے بان دلوں میں چبھ کر ٹوٹ گئے ہیں
آسمان سے لے کر سطحِ زمیں تک ہر سو پھیل گئی ہیں ... لاکھ خراشیں
دکھتی خراشیں، گہری، الجھی ہوئی، لہریلی
پگھلی ہوئی بےجسم سلاخیں، پتلی پتلی، پیلی پیلی
دیکھ اب ان سیال سلاخوں کی چمکیلی باڑ پہ جتنے پھول تھے، ان کو توڑ کے لے گئے جھونکے
اور اب باقی صرف اک سرد سیہ الجھاؤ!
بجھتی ہوئی اک سانس کے قیدی
دیکھ اب تیرے سامنے ہیں وہ سارے سرد سیاہ زمانے
جن کے بھنور میں تیرے دیپ کی لو اس وقت سے لرزاں ہے
پہلا سورج صدیوں پہلے جب تیرے دل میں ڈوبا تھا!
(3-4-1963)
*** پہاڑوں کے بیٹے ***
مرے دیس کی ان زمینوں کے بیٹے، جہاں صرف بے برگ پتھر ہیں، صدیوں سے تنہا
جہاں صرف بےمہر موسم ہیں اور ایک دردوں کا سیلاب ہے عمر پیما!
پہاڑوں کے بیٹے
چنبیلی کی نکھری ہوئی پنکھڑیاں، سنگِ خارا کے ریزے
سجل، دودھیا، نرم جسم ... اور کڑے کھردرے سانولے دل
شعاعوں، ہواؤں کے زخمی
چٹانوں سے گر کر خود اپنے ہی قدموں کی مٹی میں اپنا وطن ڈھونڈتے ہیں
وطن، گرم پانی کے تسلے میں ڈھیر اَن منجھے برتنوں کا
جسے زندگی کے پسینوں میں ڈوبی ہوئی محنتیں دربدر ڈھونڈتی ہیں
وطن، وہ مسافر اندھیرا
جو اونچے پہاڑوں سے گرتی ہوئی ندّیوں کے کناروں پہ شاداب شہروں میں رک کر
کسی آہنی چھت سے اٹھتا دھواں بن گیا ہے
ندی بھی زرافشاں، دھواں بھی زرافشاں
مگر پانیوں اور پسینوں کے انمول دھارے میں جس درد کی موج ہے عمر پیما
ضمیروں کے قاتل اگر اس کو پرکھیں
تو سینوں میں کالی چٹانیں پگھل جائیں
(4-4-1963)
*** غزل ***
جو ہو سکے تو مرے دل اب اک وہ قصہ بھی
ذرا سنا کہ ہے کچھ ذکر جس میں تیرا بھی
کبھی سفر ہی سفر میں جو عمرِ رفتہ کی سمت
پلٹ کے دیکھا تو اڑتی تھی گردِ فردا بھی
بڑے سلیقے سے دنیا نے میرے دل کو دیے
وہ گھاؤ، جن میں تھا سچائیوں کا چرکا بھی
کسی کی روح سے تھا ربط اور اپنے حصے میں تھی
وہ بےکلی جو ہے موجِ زماں کا حصہ بھی
یہ آنکھیں، ہنستی وفائیں، یہ پلکیں، جھکتے خلوص
کچھ اس سے بڑھ کے کسی نے کسی کو سمجھا بھی
یہ رسم، حاصلِ دنیا ہے اک یہ رسمِ سلوک
ہزار اس میں سہی نفرتوں کا ایما بھی
دلوں کی آنچ سے تھا برف کی سلوں پہ کبھی
سیاہ سانسوں میں لتھڑا ہوا پسینہ بھی
مجھے ڈھکی چھپی اَن بوجھی الجھنوں سے ملا
جچی تلی ہوئی اک سانس کا بھروسا بھی
کبھی کبھی انھی الھڑ ہواؤں میں امجد
سنا ہے دور کے اک دیس کا سندیسا بھی
(29-7-1963)
*** غزل ***
جاوداں قدروں کی شمعیں بجھ گئیں تو جل اٹھی تقدیرِ دل
اب تو اس مٹی کے ہر ذی روح ذرّے میں بھی ہے تصویرِ دل
اپنے دل کی راکھ چن کر، کاش ان لمحوں کی بہتی آگ میں
میں بھی اک سیّال شعلے کے ورق پر لکھ سکوں تفسیرِ دل
میں نہ سمجھا، ورنہ ہنگاموں بھری دنیا میں، اک آہٹ کے سنگ
کوئی تو تھا، آج جس کا قہقہہ دل میں ہے دامن گیرِ دل
رُت بدلتے ہی چمن جُو ہم صفیر اب کے بھی کوسوں دور سے
آ کے جب اس شاخ پر چہکے، مرے دِل میں بجی زنجیرِ دل
کیا سفر تھا، بےصدا صدیوں کے پل کے اس طرف، اس موڑ تک
پے بہ پے ابھرا سنہری گرد سے اک نالۂ دلگیرِ دل
وار دنیا نے کیے مجھ پر تو امجد میں نے اس گھمسان میں
کس طرح، جی ہار کر، رکھ دی نیامِ حرف میں شمشیرِ دل
(31-8-1963)
*** ایکٹریس کا کنٹریکٹ ***
مرا وجود مری زندگی کا بھید ہے، دیکھ
یہ ایک ہونٹ کے شعلے پہ برگِ گل سے خراش
یہ ایک جسم کے کندن میں گدگدی سے گداز
یہ ایک روح، بھنچے بازوؤں میں کھیلتی لہر
ذرا قریب تو آ، دیکھ، تیرے سامنے ہیں
یہ سرخ، رس بھرے لب جن کی اک جھلک کے لیے
کبھی قبیلوں کے دل جوشنوں میں دھڑکے تھے
جو تو کہے تو یہی ہونٹ، سرخ، رس بھرے ہونٹ
ترے لہو میں شگوفے کھلا بھی سکتے ہیں
قریب آ، یہ بدن، میری زندگی کا طلسم
تری نگاہ کی چنگاریوں کا پیاسا ہے
جو تو کہے تو یہی نرم، لہریا آنچل
یہی نقاب، مری چٹکیوں میں اٹکی ہوئی
یہی ردا، مری انگڑائیوں سے مسکی ہوئی
یہ آبشار ڈھلانوں سے گر بھی سکتی ہے
بس ایک شرط ... یہ گوہر سطور دستاویز
ذرا کوئی یہ وثیقہ رقم کرے تو سہی
اکائیوں کے ادھر جتنے دائرے ہوں گے
ادھر بھی اتنے ہی عکس ان برہنہ شعلوں کے
(1963)
*** سانحات ***
کوئی بھی واقعہ کبھی تنہا نہیں ہوا
ہر سانحہ اک الجھی ہوئی واردات ہے
آندھی چلے تو گرتی ہوئی پتیوں کے ساتھ
لاکھوں صداقتوں کے ہیں ڈانڈے ملے ہوئے
دیکھے کوئی تو دیکھتی آنکھوں کے سامنے
کیا کچھ نہیں کہ دیکھنا جس کا محال ہے
اک جام اٹھا کے میں نے زمیں پر پٹخ دیا
سوچو، اس ایک لمحے میں کیا کچھ نہیں ہوا
ہر سمت ڈھیر صد صدفِ سانحات کے
قوسِ کنارِ قلزمِ دوراں پہ لگ گئے
پرکھو تو رنگ رنگ کی ان سیپیوں پہ ہے
لہروں کے تازیانوں کی تحریر الگ الگ
چاہو تو واقعات کے ان خرمنوں سے تم
اک ریزہ چن کے فکر کے دریا میں پھینک دو
پانی پہ اک تڑپتی شکن دیکھ کر ہنسو
چاہو تو واقعات کی ان آندھیوں میں بھی
تم یوں کھڑے رہو کہ تمہیں علم تک نہ ہو
طوفاں میں گھر گئے ہو کہ طوفاں کا جزو ہو
(1963)
*** ریزۂ جاں ***
ہماری زندگیوں کے سمندروں میں چھپے
کہیں دلوں کی تہوں میں عجیب اندیشے
کبھی کبھی انہی لہروں کی گونج میں ہم نے
اک آنے والے تموّج کی سیٹیاں بھی سنیں
مگر یہ کس کو خبر، کیا ہے اک وہ ربطِ عمیق
وہ گھور اندھیروں کا ترکہ ہمارے ذہنوں میں
وہ ایک بِس بھری حس جو ہوا میں بہتے ہوئے
سیاہ لمحوں کی آہٹ کو بھانپ لیتی ہے
کسے خبر ہے کہ اس جان و تن کی گتھی میں
لہو کی پگھلی سلاخوں کے اس جھمیلے میں
کڑی وہ کون سی ہے، الجھے سلسلوں کی کڑی
کہ جس کے دل میں یہ مدھم سی اک جھنک، پھر آج
مرے لیے کوئی مگھم سی بات لائی ہے
میں ڈر گیا ہوں ... پُراسرار واسطوں کے نظام
یہ خوف بھی تو ہے اک وہ حصارِ بے دیوار
جو میرے دل کو تری بستیوں نے بخشا ہے
تری ہی دین، سیہ سانحوں کو سونگھتی حس
ترا ہی خوف، اس ان بوجھے رابطے کا ثمر
میں ایک ریزۂ جاں ان عجب قرینوں میں
ترے ہی خوف کی زد میں، تری گرفت میں ہوں
ترے ہی ربط کی حد میں ... تری پناہ میں ہوں
(1963)
*** میرے خدا، مرے دل! ***
مرے ضمیر کے بھیدوں کو جاننے والے
تجھے تو اس کی خبرہے، مرے خدا، مرے دل
کہ میں ان آندھیوں میں عمر بھر جدھر بھی بہا
کوئی بھی دھن تھی، میں اس لہر کی گرفت میں تھا
جو تیری سوچ کی سچائیوں میں کھولتی ہے
ہے جس کی رو میں تری ضو، مرے خدا، مرے دل
مرے لہو میں تری لو ہے دھڑکنوں کا الاؤ
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ اس طلسمِ زیاں کے کسی جھمیلے میں
ذرا کبھی جو قدم میرے ڈگمگا بھی گئے
تو اک خیال، ابد موج سلسلوں کا خیال
مرے وجود میں چنگاریاں بکھیر گیا
سنبھل کے دیکھا تو دنیا میں اور کچھ بھی نہ تھا
نہ دکھتی سانس کے ارماں، نہ جیتی مٹی کے لوبھ
نہ کوئی روگ، نہ چنتا، نہ میں، نہ مرے جتن
جو مجھ میں تھا بھی کوئی گُن، ترے ہی گیان سے تھا
کچھ اور ڈوب کے گہرائیوں میں جب دیکھا
تو ہر سلگتی ہوئی قدر کے مقدر میں
نہاں تھے تیرے تقاضے، مرے خدا، مرے دل
ہیں تیری کرنوں میں کڑیاں چمکتے قرنوں کی
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ اس کرے پہ ہے جو کچھ بھی، اس کے پہلو میں ہیں
وہ شعلے جن پہ شکن ہے تری ہی کروٹ کی
ترے ہی دائرے کا جزو ہیں وہ دور کہ جب
چٹانیں پگھلیں، ستارے جلے، زمانے ڈھلے
وہ گردشیں جنھیں اپنا کے ان گنت سورج
ترے سفر میں بجھے تو انھی اندھیروں سے
دوامِ درد کی اک صبح ابھری، پھول کھلے
مہک اٹھی تری دنیا، مرے خدا مرے دل
گھلا ہوا مری سانسوں میں ہے سفر تیرا
تجھے تو اس کی خبر ہے، مرے خدا، مرے دل
کہ گو یہی میرا پیکر ضمیرِ خاک سے ہے
مگر اسی مرے تپتے بدن کی بھٹی سے
کشید ہوتی ہوئی ایک ایک ساعتِ زیست
وہ گھونٹ زہر کا ہے جو مجھی کو پینا پڑا
یہ زہرکون پیے؟ کون اپنے سینے میں
یہ آگ انڈیل کے ان ساحلوں سے بھید چنے
جہاں پہ بکھرے ہیں صدہا صداقتوں کے صدف
یہ زہر کون پیے؟ کون بجھتی آنکھوں سے
غروبِ وقت کی خندق کے پار دیکھ سکے
جہاں ازل کے بیاباں میں عمر پیما ہے
حقیقتوں کا وہ دھارا کہ جس کی لہروں میں آج
گلوں کا رس بھی ہے، فولاد کا پسینہ بھی
مرا شعور انھی گھاٹیوں میں بھٹکا ہے
قدم قدم پر مری ٹھوکروں کی زد میں رہیں
کرخت ٹھیکریاں ان کٹھور ماتھوں کی
جو زندگی میں ترے آستاں پہ جھک نہ سکے
قدم قدم پہ سیہ فاصلوں کے سنگم پر
بس اک مجھی کو اس اَن مِٹ تڑپ سے حصہ ملا
تری جرس کی صدا میں ہیں رت جگے جس کے
یہی تڑپ تری کایا، یہی تڑپ مرا انت
جو انت بھی ہو سو ہو، میں تو مٹتی مٹی ہوں
دھڑکتی ریت کے بےانت جھکڑوں میں سدا
رواں رہیں ترے محمل! مرے خدا، مرے دل
تری ہی آگ کی میٹھی سی آنچ ہیں مرے دکھ
یہ راز تو ہی بتا اب، مرے خدا، مرے دل
یہ بات کیا کہ ترے بےخزاں خزانوں سے
جو کچھ ملا بھی ہے تو مجھ کو اک یہ ریزۂ درد
ہیں جس کی جھولی میں کھلیان تیرے شعلوں کے
اور اب کہ سامنے جلتی حدوں کی سرحد ہے
ہر ایک سمت مری گھات میں ہیں وہ روحیں
جو اپنے آپ میں اک راکھ کا سمندر ہیں
یہ روحیں، بِس بھرے، ذی جسم، آہنیں سائے
انھی کے گھیرے میں ہیں اب یہ بستیاں، یہ دیار
کہیں یہ سائے جو پتھرائی آرزوؤں کو
سرابِ زر کی کشش بن کے گدگداتے ہیں
مری لگن کو نہ ڈسنے لگیں، میں ڈرتا ہوں
کہیں یہ سائے، یہ کیچڑ کی مورتیں، جن کے
بدن کے دھبوں پہ رختِ حریر کی ہے پھبن
مری کرن کی نہ چھب نوچ لیں، میں ڈرتا ہوں
کہیں یہ آگ نہ بجھ جائے جس کے انگ میں ہیں
ترے دوام کی انگڑائیاں، میں سوچتا ہوں
نہیں، یہ ہو نہ سکے گا! جو یوں ہوا بھی تو پھر؟
نہیں! ابھی تو یہ اک سانس! ابھی تو ہے کیا کچھ!
ابھی تو جلتی حدوں کی حدیں ہیں لامحدود
ابھی تو اس مرے سینے کے ایک گوشے میں
کہیں، لہو کے تریڑوں میں، برگِ مرگ پہ اک
کوئی لرزتا جزیرہ سا تیرتا ہے جہاں
ہر اک طلب تری دھڑکن میں ڈوب جاتی ہے
ہر اک صدا ہے کوئی دور کی صدا، مرے دل
مرے خدا، مرے دل
(4-9-1964)
*** پچاسویں پت جھڑ ***
اتنا بھرپور سماں تھا ... مگر اب کے تو ہر اک گرتے ہوئے پتے کے ساتھ
اور اک مٹی کی تہہ میرے لہو میں تیری
اور اک ریت کی سلوٹ مرے دل میں ابھری
اور اک زنگ کی پپڑی مری سانسوں پہ جمی
اتنا بھرپور سماں تھا، مگر اب کے تو مجھے جس نے بھی دیکھا، یہ کہا:
’’جانے کیا بات ہوئی، کچھ تو بتا...
تیرے ہونٹوں سے تو اَب ایک وہ مرجھائی ہوئی موجِ تبسم بھی گئی‘‘
میں یہ اب کس کو بتاؤں کہ مرے پیکر میں
اک تپش ایسی بھی ہے جس کے سبب
روح کی راکھ پہ شعلوں کی شکن پڑتی ہے
سانس کے بل میں پنپنے کی سکت بٹتی ہے
ٹوٹتی کڑیوں میں جینے کے جتن جڑتے ہیں
میں یہ اب کس کو بتاؤں کہ مرے جسم کے ریشوں کے اس الجھاؤ میں ہے
ایک وہ گرتی سنبھلتی ہوئی نازک سی دھڑکتی ہوئی لہر
جو ہر اک دکھ کی دوا ڈھالتی ہے
جو گزرتے ہوئے لمحوں کے قدم روکتی ہے
مجھ سے کہتی ہے کہ ’’دیکھ، ایک برس اور بجھا
دیکھ اب کے تری بتیسی پہ دھبا سا پڑا، دانت گرا
گھاؤ یہ اب نہ بھرے گا، یہی بہتر ہے کہ ہونٹوں پہ لگا لے کسی جھوٹی سی کڑی سوچ کی مہر
اب کے تو ایک مجھی کو یہ خبر ہے کہ میں کیوں مہر بلب پھرتا ہوں
ورنہ سب لوگ یہی کہتے ہیں: ’’اس شخص کو دیکھو، اب تو
اس کے ہونٹوں سے وہ مرجھائی ہوئی موجِ تبسم بھی گئی‘‘
(25-9-1964)
*** جلوسِ جہاں ***
میں پیدل تھا، میرے قریب آ کے اس نے، بہ پاسِ ادب، اپنے تانگے کو روکا
اچانک جو بجریلی پٹڑی پہ سُم کھڑکھڑائے، سڑک پر سے پہیوں کی آہٹ پھسل کر جو ٹھہری
تو میں نے سنا، ایک خاکستری نرم لہجے میں مجھ سے کوئی کہہ رہا تھا:
’’چلیں گے کہیں آپ؟ بازار، منڈی، سٹیشن، کچہری؟‘‘
پلٹ کر جو دیکھا تو تانگے میں کوئی سواری نہیں تھی، فقط اک فرشتہ، پھٹے کپڑے پہنے
عنانِ دو عالم کو تھامے ہوئے تھا
میں پیدل تھا، اتنے میں کڑکا کوئی تازیانہ، بہا فرشِ آہن پہ ٹاپوں کا سرپٹ تریڑا
کوئی تند لہجے میں گرجا: ’’ہٹو، سامنے سے ہٹو!‘‘ اور پرشور پہیے گھناگھن مری سمت جھپٹے
بہ مشکل سنبھل کر جو دیکھا، کھچاکھچ بھرے تیز تانگے کی مسند پہ، اِک صورتِ سگ
لجامِ فرس پر جھکی تھی!
یہ لطفِ کریمانۂ خوشدلاں بھی، یہ پُرغیظ خوئے سگاں بھی
مرے ساتھ رو میں ہیں لوگوں کے جتنے رویّے، یہ سب کچھ، یہ سارے قضیّے
غرض مندیاں ہی غرض مندیاں ہیں، یہی کچھ ہے اس رہگزر پر متاعِ سواراں
میں پیدل ہوں، مجھ کو جلوسِ جہاں سے انھی ٹھوکروں کی روایت ملی ہے
(9-1964)
*** بے نشاں ***
میں اب آیا ہوں ... اتنے برسوں کے بعد
آندھیاں آئیں ... بدلیاں برسیں
دب گئیں خاک کی تہیں، تہہِ خاک
بہتی مٹی میں بہہ گئی مٹی
میرے نادیدہ پیشرو! تری قبر
کس جگہ تھی، یہ اب کسے معلوم
یوں ہی، اپنے قیاس سے میں نے
ریت کی اک شکن کو پہچانا
مٹتی سطحوں پہ ایک ڈوبتی سطر
اک خطِ خاک جس پہ کچھ کنکر
میں نے پہلے تو چن کے رکھ بھی دیے
پھر خیال آیا ... اب یہ کون کہے
قبرتیری یہیں کہیں تھی ... مگر
تھی کہاں؟... شاید اس جگہ تو نہ تھی
کچھ جو سوچا ... نہ جانے کیا سوچا
ذہن میں لاکھ الجھ گئے خاکے
میں نے کنکر وہ سب بکھیر دیے!
بے نشاں خاک میرے سامنے اب
ان جہانوں کا ایک حصہ ہے
جن کے بھیدوں کی تھاہ میں تو ہے
جن کے سایوں کی قبر میں میں ہوں!
(9-10-1964)
*** غزل ***
کبھی تو سوچ، ترے سامنے نہیں گزرے
وہ سب سمے جو ترے دھیان سے نہیں گزرے
یہ اور بات کہ ہوں ان کے درمیاں میں بھی
یہ واقعے کسی تقریب سے نہیں گزرے
ان آئینوں میں جلے ہیں ہزارعکسِ عدم
دوامِ درد، ترے رتجگے نہیں گزرے
سپردگی میں بھی اک رمزِ خود نگہ داری
وہ میرے دِل سے مرے واسطے نہیں گزرے
بکھرتی لہروں کے ساتھ ان دنوں کے تنکے بھی تھے
جو دل میں بہتے ہوئے رک گئے، نہیں گزرے
انھیں حقیقتِ دریا کی کیا خبر امجد
جو اپنی روح کی منجدھار سے نہیں گزرے
(1964)
*** ایک شبیہ ***
کچھ دنوں سے قریب دِل ہے وہ دن
جب، اچانک، اسی جگہ، اک شکل
میری آنکھوں میں مسکرائی تھی
اک پل کے لیے تو ایک وہ شکل
جانے کیا کچھ تھی، جھوٹ بھی، سچ بھی
شاید اک بھول، شاید اک پہچان
کچھ دنوں سے تو جان بوجھ کے اب
یہ سمجھنے لگا ہوں، میں ہی تو ہوں
جس کی خاطر یہ عکس ابھرا تھا
کچھ دنوں سے تو اب میں دانستہ
اس گماں کا فریب کھاتا ہوں
روز، اک شکل اس دوراہے پر
اب مرا انتظار کرتی ہے
ایک دیوار سے لگی، ہر صبح
ٹکٹکی باندھے، نیم رخ، یک سو
اب مرا انتظار کرتی ہے
میں گزرتا ہوں، مجھ کو دیکھتی ہے
میں نہیں دیکھتا، وہ دیکھتی ہے
اس کے چہرے کی ساخت ... ساعتِ دید
زرد ہونٹوں کی پتریاں ... پیتل
سرخ آنکھوں کی ٹکڑیاں ... قرمز
روغنی دھوپ میں دھنسے ہوئے پاؤں
منتظر منتظر، اداس اداس
کبھی پل بھر کو ایک یہ چہرہ
جانے کیا کچھ تھا، لیکن اب تو مجھے
اپنی یہ بھول بھولتی ہی نہیں
ایک دِن یہ شبیہ دیکھی تھی
کچھ دنوں سے قریب دِل ہے وہ دن
کچھ دنوں سے تو بیتتے ہوئے دن
اسی اک دن میں ڈھلتے جاتے ہیں
دن گزرتے ہیں اَب تو یوں جیسے
عمر اسی دن کا ایک حصہ ہے
عمر گزری ... یہ دن نہیں گزرا
جس طرف جاؤں، جس طرف دیکھوں
مجھ سے اوجھل بھی، میرے سامنے بھی
شکل اک ٹین کے ورق پہ وہی
شکل اک دل کے چوکھٹے میں وہی
(10-4-1965)
*** ایک فلم دیکھ کر ***
دھیرے دھیرے ساز بجے
اس کے انگ انگ نے اک انگڑائی لی
ابھری رقص کی لے
لچکی اس کے بدن کی ڈھال
اک اک تیز نرت کے ساتھ
ناچتے جسم سے اک اک بندھن اترا، اک اک تکمہ ٹوٹا، پلّو ڈھلک ڈھلک کر رکے، گرے
اور پھر ... سامنے، اک
جگ مگ جسم
گرتی مڑتی، ٹوٹ ٹوٹ کے جڑتی ... مرمر کی ڈھلوان
قاشیں، رگیں، خلیے، ماس، مسام
سب کچھ، ایک تھرکتے بہتے عکس کا جزو
سب کچھ، جسم کی باغی سلطنتوں کی ایک عجب دنیا
گول سڈول کُرے، انمول زمینیں، ساحل، جھرنے، دھوپ
چاندنی، محمل، پھول
سب کچھ، رقص کے روپ میں ڈھلتا، ٹک ٹک چلتا، اک متحرک عکس
سب کچھ، پاس بلاتے، پیاس بڑھاتے ارمانوں کے سراب!
آج اک دوست نے پاس بلا کر چائے پلا کر مجھ سے مری اک بوسیدہ سی نظم سنی
اور پھر اس کے بعد یہ فلم!
باہر نکلا تو سنسان سڑک تھی، شبِ خزاں تھی
ٹھنڈی تیز ہوا میں ننگی شاخیں ناچ رہی تھیں
میں بھی، میری نظم بھی، دونوں تھرتھر کانپ رہے تھے، اتنے لبادوں میں
(15-4-1965)
*** درونِ شہر ***
مجھ سے پوچھو، یہیں کہیں اس پھلواڑی میں کیسے کیسے پھول کھلے تھے
آج انھی پھولوں کی مقدس پنکھڑیوں پر ہیں کیچ کے دھبے
ان روحوں اور ان راہوں سے اڑتی ہوئی اس کیچ کے دھبے
مجھ سے پوچھو
یہیں کہیں ہے، اسی سنہرے شہر کے اندر
اینٹوں کی تہذیب کے سینے میں اک دلدل
گدلے، مگھم، میلے کچیلے دلوں کی دلدل
کڑوے زہرمیں لت پت رسمیں
میں نے جن سے وفا کی ریت نبھائی
میں نے جن کی خاطر
چرکے اپنے ضمیر پہ جھیلے
سکے اپنے دل پر داغے
پہیوں کے دندانوں میں دن کاٹے
سلوں کی دھج کو تج کے، دھجیاں اوڑھ کے
کال کی دھوپ میں کنکر رولے
کس سے پوچھوں، میری وفا کا یہی صلہ تھا؟
پیتل کے جبڑوں میں کھنکنے والی، کانچ کی آنکھوں میں مسکانے والی
یہی کسیلی پیلی نفرت ... میری وفا کا یہی صلہ تھا؟
(29-4-1965)
*** یہ سرسبز پیڑوں کے سائے ***
سیہ سنگ، تپتی سڑک پر یہ سرسبز پیڑوں کے سائے
ہوا اس جگہ کتنی ٹھنڈی ہے، جھونکوں پہ سایوں کے دھبے بھی ہیں کتنے ٹھنڈے
درختوں کے اس جھنڈ سے جب میں گزرا
خنک چھاؤں کی ٹکڑیاں سی مرے جسم پر تھرتھرائیں
مرے جسم سے گر کے ٹوٹیں
عجب اک اچھوتی سی ٹھنڈک مری روح میں سرسرائی
سہانے دنوں کی انوکھی سی ٹھنڈک
وہ دن کتنے اچھے تھے جب ایک بھیگی ہوئی سانس کی ریشمیں رو
مرے دِل کی چنگاریوں کے پسینے سے مس تھی
وہ مبہم سی خوشیاں جو چھپ چھپ کے ہر موڑ پر، نت نئے بھیس میں
آ کے روحوں سے ملتی ہیں، مل کر بچھڑتی ہیں، جیسے
ہواؤں پہ سایوں کے چھدرے سے دھبے
فضاؤں میں صدہا سفید و سیہ آفتابوں کے بکھرے سے ریزے
سرِ خاک بے ربط، بے سطر، خاکے
یہ سب کچھ بس اک دو قدم تک...
پھر آگے وہی دھوپ، شاداب دردوں کی جانب ہمکتی ہوئی
سنگریزوں پہ بہتی ہوئی دھوپ
حدِ عدم تک!
(6-5-1965)
*** صدائے رفتگاں ***
یہ واقعے کسی تقویم میں نہ تھے مذکور
یہ لہریں جو ابھی ان ساحلوں سے گزری ہیں
یہ سانحے تو ہمارے دلوں سے ابھرے تھے
ہماری خاک سے یہ قصہ سن سکو تو سنو!
بروزِ جنگ، صفِ دشمنان میں سب کچھ تھا
ہمارے پاس تو کچھ بھی نہ تھا، نہ مکر، نہ حرص
بس ایک سادہ سی دلدادگی تھی اپنی متاع
ابد کا چہرہ اسی اک سپر کی اوٹ میں تھا
تمہارے پاس تو سب کچھ ہے، وہ زمانہ بھی ہے
ہمارے صدق نے اک عکس جس کا دیکھا تھا
تمہارے حصے میں مٹی کی وہ مرادیں بھی ہیں
ہمارے دل نے کبھی جن کی آرزو بھی نہ کی
یہ سیلِ خاک، یہ دنیا، کسے خبر کہ یہاں
ہماری خاک بھی اب زیرِ خاک ہے کہ نہیں
سنو، سنو، یہ صدا کس کی ہے، کبھی تو سنو
ہمیں تو ہیں جو شبوں کو تمہاری بستی میں
دلوں کے بند کواڑوں کو کھٹکھٹاتے ہیں
’’یقینِ مرگ کی نیندوں سے کھیلتی روحو
ہماری زیست کا اک دن کبھی بسر تو کرو! ‘‘
(15-5-1965)
*** خطۂ پاک ***
خطۂ پاک، ترے نامِ دل آرا کی قسم
کتنے سچے ہیں، سجیلے ہیں، جیالے ہیں وہ دل
جاگتی جیتی، زرہ پوش چٹانوں کے وہ دل
جن کے موّاج لہو کا سیلاب
تیری سرحد کی طرف بڑھتی ہوئی آگ سے ٹکرایا ہے
دیکھتے دیکھتے بارود کی دیوار گری
ہٹ گئے دشمن کے قدم
خندقیں اٹ گئیں شعلوں سے ... مگر ہائے وہ دل
زندہ ... ناقابلِ تسخیر ... عظیم!
ہائے دلوں کی وہ فصیل
جاوداں اور جلیل
جس کے زینوں پہ ظفرمند ارادوں کی سپاہ
جس کے برجوں میں ملائک کے جیوش
جس کا پیکر ہے کہ اک سطرِ جلی
لوحِ ابد پر تاباں
آیۂ عمرِ شہیداں کی طرح!
(13-9-1965)
*** سپاہی ***
تم اس وقت کیا تھے
تمہارے محلکوں، تمہارے گھروں میں تو سب کچھ تھا
آسائشیں بھی، وسیلے بھی
اس کبریائی کی ہر تمکنت بھی!
سبھی کچھ تمہارے تصرف میں تھا ... زندگی کا ہر اک آسرا بھی
کڑے بام و در بھی
خزانے بھی، زر بھی
چمن بھی، ثمر بھی
مگر تم خود اس وقت کیا تھے
تمہاری نگاہوں میں دنیا دھوئیں کا بھنور تھی
جب اڑتی ہلاکت کے شہپر تمہارے سروں پر سے گزرے
تمہاری نگاہوں میں دنیا دھوئیں کا بھنور تھی
اگر اس مقدس زمیں پر مرا خوں نہ بہتا
اگر دشمنوں کے گرانڈیل ٹینکوں کے نیچے
مری کڑکڑاتی ہوئی ہڈیاں خندقوں میں نہ ہوتیں
تو دوزخ کے شعلے تمہارے معطر گھروندوں کی دہلیز پر تھے
تمہارے ہر اک بیش قیمت اثاثے کی قیمت
اسی سرخ مٹی سے ہے جس میں میرا لہو رچ گیا ہے
(27-9-1965)
*** یہ قصہ حاصلِ جاں ہے ***
یہ قصہ حاصلِ جاں ہے، اسی میں رنگ بھریں
لہو کی لہر کے لہجے میں اپنی بات کہیں
دھوئیں میں آگ کے تیشے ہیں، زخم ہیں، اب ہم
انھی کڑکتے دھماکوں سے اپنے گیت چنیں
ہمارے جیتے گھروندے، ہمارے جلتے جتن
یہ مورچے، یہ جیالے سپاہیوں کی صفیں
جلی زمین، سیہ دھول، صدقِ خوں کی مہک
قدم قدم پہ یہاں مہر و مہ کی سجدہ گہیں
یہ دن بھی کتنے مقدس ہیں، بے بہا ہیں کہ آج
ہمارا حصہ بھی ہے طالعِ شہیداں میں
اسی تڑختی ہوئی باڑھ میں ہمیں کو ملیں
سنورتی، سجتی، نکھرتی دلوں کی اقلیمیں
یہ جینے والوں نے دیکھا کہ اس گروہ میں تھے
وہ جان ہار کہ جو موت کو بھی فتح کریں
میں ان کو طاقِ ابد سے اتار لایا ہوں
یہ شمعیں جن کی لویں میرے آنسوؤں میں جلیں
(15-10-1965)
*** چہرۂ مسعود ***
مالک، تیری اس دنیا میں، آج ہماری زندگیوں کو کیسے کیسے دکھوں کا مان ملا ہے!
ایسے دکھ جو ٹیس بھی ہیں اور دھیر بھی ہیں اور ڈھارس بھی ہیں!
مالک، آج اس دیس میں، اس بستی میں، کوئی اگر دیکھے تو ... ہر سو
بھری بہاروں، فصلوں، کھلیانوں پر پھیلی دھوپ کی تہہ کے تلے
اک خون کے چھینٹوں والی چھینٹ کی میلی اور مٹیالی چادر بچھی ہوئی ہے
موت کی میلی اور مٹیالی موج میں رنگ لہو کے، نقش لہو کے
ایک ایک چمکتی سطح کے نیچے، راکھ لہو کی، ساکھ لہو کی
کوئی اگر دیکھے تو آج اس دیس میں، بانس کی باڑی میں، دھان کے کھیت میں ٹھنڈی ریت میں
جگہ جگہ پر ... بکھری ہوئی نورانی قبریں، آنگن آنگن روشن قدریں
مائیں، جن کے لال مقدس مٹی
بہنیں، جن کے ویر منور یادیں
بالک، جن کی مایا بےسُدھ آنسو
مرنے والے کیسے لوگ تھے، ان کا سنجوگ بھی اک سنجوگ ہے، ان کا دکھ بھی ایک عبادت
کیسے لوگ تھے، موت کی لہر پہ آگ کی پینگ میں جھولے، تجھ کو نہ بھولے، ہم کو نہ بھولے!
مالک، ان کے صدہا چہرے اک چہرہ ہیں — پکی اینٹ کی رنگت والا چہرہ
روحوں کی دیوار میں ایک ہی چہرہ، قبروں کی الواح میں ایک ہی چہرہ
مالک، ہمیں بھی اس چہرے کی ساری خوشیاں، سارے کرب عطا کر
مالک، اس چہرے کا سجرا سورج ہماری زندگیوں میں ڈوب کر ابھرے!
(10-1965)
*** ہوس ***
کبھی تو وہ دِن بھی تھے... مگر ... اب
نہ جانے کیوں دل سیاہ لہروں میں بہہ گیا ہے
کبھی تو وہ دن بھی تھے ... مگر ... اب
زمین محورمیں، آسماں چوکھٹے میں، ہر چیز اپنی اپنی حدوں میں محدود، اپنی اپنی بقا میں باقی
شعاعوں میں کروٹیں وہی تابشِ گہر کی
ہواؤں میں دھاریاں وہی موجِ رنگِ زر کی!
کہاں سے ڈھونڈوں وہ دن ... وہ دن جب
بدن پہ بے رنگ چیتھڑے تھے
جہت جہت میں الجھ گئی تھی
زمین اک بے وجود نقطہ
جہان اک رائیگاں صداقت
حیات اک بے وفا حقیقت
عجیب دن تھے، ہر ایک ذرّے کے دل میں داغِ فنا کا سورج ابھر رہا تھا
وہ دن، وہ احساسِ بےثباتی
وہ دولتِ بےزری، وہ اپنی نمودِ بےسود میں غمِ لازوال کو ڈھونڈنے کی خوشیاں
کہاں سے ڈھونڈوں وہ دن، کہ اب تو
ہوا کے ٹھنڈے غرور میں ہیں ہوس کے تیشے
ہوس کے تیشے، جو طنز ہیں میری خودفراموشیوں، مری بےلباسیوں پر
مرے بدن کو بھی اَب تو درکار ہیں وہ ساماں
جو رزقِ سم ہیں، جو مرگِ دل ہیں
(5-12-1965)
*** غزل ***
عمروں کے اس معمورے میں ہے کوئی ایسا دن بھی جو
روح میں ابھرے، پھاند کے سورج کے سیال سمندر کو
اتنے کام ہیں، ان موّاج صفوں میں خوش خوش پھرتا ہوں
لیکن آج اگر کچھ اپنے بارے میں بھی سوچا تو
ایک سفر ہے صرفِ مسافت، ایک سفر ہے جزوِ سفر
جینے والے یوں بھی جیے ہیں، اک عمر اور زمانے دو
یہ انجانا شہر، پرائے لوگ، اے دل! تم یہاں کہاں
آج اس بھیڑ میں اتنے دنوں کے بعد ملے ہو، کیسے ہو
دنیا جڑی تڑی سچائی، سب سچے، کوئی تو کبھی
اس اندھیر سے نکلے اپنے جھوٹے روپ کے درشن کو
آخر اپنے ساتھ کبھی تو اک بےمہر مروت بھی
اپنے سارے نام بھلا کر، کبھی خود اپنے گن تو گنو
کچی نیند اور جسم نے دھوپ چکھی اور دل میں پھول کھلے
گھاس کی سیج پہ میں ہوں، تمہارے دھیان ہیں، آنے والے دنو!
(1965)
*** افریشیا ***
دریا کے پانیوں سے بھری جھیل کے کنارے
آئے ہیں دور دور سے افریشیا کے پنچھی!
اجلے پروں کا بھاگ ہیں یہ رزق جو اڑانیں!
اتنے سفر کے بعد یہ تٹ، یہ ذرا سا کھاجا
جوہڑ میں اک سڑی ہوئی پتی ... چُہوں کا چوگا
اک گھونٹ زرد کیچ کا ... مرغابیوں کا راتب
اور اس کے ساتھ گھات میں زد کارتوس کی بھی
چنگاریوں کے تیز تڑختے ہوئے تریڑے
اور پانیوں پہ بہتی ہوئی سنسناہٹوں میں
لہراتے پنکھ، ابھرتے کماندار، زندہ چوکس
آزاد آبناؤں میں جیتے ہیں جینے والے
ٹھنڈی ہوا کی باس میں، بارود کے دھوئیں میں
(2-1-1966)
*** مسیحا ***
سدا لکھیں
انگلیاں یہ
لکھتی رہیں
انگلیاں یہ
کاغذ پر
رکی ہوئیں
آنکھیں یہ
کاغذ پر
جمی ہوئیں!
گہری سوچ
جذبِ عمق
آنکھوں سے
روح تلک
پھیلی اِک
دھیان دھنک
آنکھیں سرخ
چپ خودسوز
ڈورے سرخ
لرزاں، محو!
سامنے اک
پارۂ جاں
درد ہی درد
ٹیس، کراہ
بو، تلچھٹ
جرثومے
کوئی سبیل؟
کچھ بھی نہیں
کوئی افق؟
کچھ بھی نہیں
آنکھیں فکر
آنکھیں صدق
آنکھیں کشف
ایک رمق
اک یہ طریق
اک وہ اصول
یہ مشروب
وہ محلول
کچھ کیپسول
سطرِ شفا
حرفِ بقا
آنکھیں یہ
سدا جلیں
سدا جئیں
سکھ بانٹیں
انگلیاں یہ
سدا لکھیں
لکھتی رہیں
سطرِ شفا
حرفِ بقا
لکھتی رہیں
لکھتی رہیں
(3-2-1966)
*** ننھے بچو! ***
ننھے بچو، مجھ کو اب تک یاد ہے، جب میں تمہاری عمر میں تھا
تب، وہ لوگ جو مجھ سے بڑے تھے، کتنے اچھے لوگ تھے
سچے اور بھلے!
ننھے بچو!
کل جب تم اس عمر میں ہو گے، میں جس عمر میں ہوں
تب وہ لوگ جو تم سے بڑے تھے
کبھی کے مٹی اوڑھ کے سارے سو بھی چکے ہوں گے
جانےتم اس وقت ہمارے بارے میں کیا سوچو گے!
شاید وہ دن بڑے کٹھن ہوں، پھر بھی اتنا کچھ تو یاد رکھو گے نا
کیسے لوگ تھے، خود تو اپنے لہو میں ڈوب گئے
لیکن اس مٹی پر آنچ نہ آنے دی
جس پر آج تمھاری آرزوؤں کے باغ مہکتے ہیں ...
(20-4-1966)
*** جہاں نورد ***
سفر کی موج میں تھے، وقت کے غبار میں تھے
وہ لوگ جو ابھی اس قریۂ بہار میں تھے
وہ ایک چہرے پہ بکھرے عجب عجب سے خیال
میں سوچتا تو وہ غم میرے اختیار میں تھے
وہ ہونٹ جن میں تھا میٹھی سی ایک پیاس کا رس
میں جانتا تو وہ دریا مرے کنار میں تھے
مجھے خبر بھی نہ تھی اور اتفاق سے کل
میں اس طرف سے جو گزرا، وہ انتظار میں تھے
میں کچھ سمجھ نہ سکا، مری زندگی کے وہ خواب
ان انکھڑیوں میں جو تیرے تھے، کس شمار میں تھے
میں دیکھتا تھا، وہ آئے بھی اور چلے بھی گئے
ابھی یہیں تھے، ابھی گردِ روزگار میں تھے
میں دیکھتا تھا، اچانک، یہ آسماں، یہ کُرے
بس ایک پل کو رکے اور پھر مدار میں تھے
ہزار بھیس میں، سیار موسموں کے سفیر
تمام عمر مری روح کے دیار میں تھے
(29-4-1966)
*** کون دیکھے گا؟ ***
جو دن کبھی نہیں بیتا ... وہ دن کب آئے گا؟
انھی دنوں میں اس اک دن کو کون دیکھے گا!
اس ایک دن کو جو سورج کی راکھ میں غلطاں
انھی دنوں کی تہوں میں ہے، کون دیکھے گا
اس ایک دن کو جو ہے عمر کے زوال کا دن
انھی دنوں میں نمویاب کون دیکھے گا
یہ ایک سانس، جھمیلوں بھری، جگوں میں رچی
اس اپنی سانس میں کون اپنا انت دیکھے گا
اس اپنی مٹی میں، جو کچھ امٹ ہے، مٹی ہے
جو دن ان آنکھوں نے دیکھا ہے، کون دیکھے گا
میں روز ادھر سے گزرتا ہوں، کون دیکھتا ہے
میں جب ادھر سے نہ گزروں گا، کون دیکھے گا
دورویہ ساحلِ دیوار، اور پس دیوار
اک آئینوں کا سمندر ہے، کون دیکھے گا
ہزار چہرے خودآرا ہیں، کون جھانکے گا
مرے نہ ہونے کی ہونی کو کون دیکھے گا
تڑخ کے گرد کی تہہ سے اگر کہیں کچھ پھول
کھلے بھی، کوئی تو دیکھے گا ... کون دیکھے گا
(3-6-1966)
*** حضرت زینب ***
وہ قتل گاہ، وہ لاشے، وہ بے کسوں کے خیام
وہ شب، وہ سینۂ کونین میں غموں کے خیام
وہ رات جب تری آنکھوں کے سامنے لرزے
مرے ہوؤں کی صفوں میں ڈرے ہوؤں کے خیام
یہ کون جان سکے، تیرے دل پہ کیا گزری
لٹے جب آگ کی آندھی میں غمزدوں کے خیام
ستم کی رات کی کالی قنات کے پیچھے
بڑے ہی خیمۂ دل میں تھے عشرتوں کے خیام
تری ہی برقِ صدا کی کڑک سے کانپ گئے
بہ زیرِ چتر مطلا شہنشہوں کے خیام
جہاں پہ سایہ کناں ہے ترے شرف کی ردا
اکھڑ چکے ہیں ترے خیمہ افگنوں کے خیام
(1966)
*** غزل ***
روئے عالم تھا جس کی جولاں گہ
اس نے کل مڑ کے مجھ سے دل مانگا
دھیان میں روز چھم چھماتا ہے
قہقہوں سے لدا ہوا تانگا
دو طرف بنگلے، ریشمی نیندیں
اور سڑک پر فقیر اک نانگا
اب کے تو بک گیا سرِ مسجد
ان سیہ آڑھتوں میں اک بانگا
سبز پتوں کی اک فصیل ابھری
جب بھی گنجان باڑ کو جھانگا
وقت کے گھاٹ پر کسی کو تو ہو
اپنے دل میں اترنے کا ہانگا
پھونک کر بانسری میں آگ اک بار
گانے والے سرودِ باراں گا
(1967)
*** یادوں کا دیس ***
کیسے جاؤں، کیسے پہنچوں یادوں کے اس دیس
جہاں کبھی اک آنگن کی دیوار پہ چپکے سے
دودھ کا ایک کٹورا رکھ جاتے تھے میرے لیے
غیبی ہاتھ ... جنھیں مٹی کی تہوں نے ڈھانپ لیا
جہاں کبھی اک قبے دار مکاں میں شام ڈھلے
نیلے پیلے شیشوں والے صندوقوں کے پاس
میرے لیے آٹے کے کھلونے توے پہ تلتے تھے
اچھے ہاتھ ... جو مٹی کے کنگن میں گئے پتھرا
شاید ان دو قبروں کے اَب مٹ بھی چکے ہوں نشان
لیکن اس بجریلے پتھر پر اب بھی ہیں میرے ساتھ
وہ دو محافظ روحیں جن کے چار مقدس ہاتھ
ڈھال گئے ہیں انگاروں میں انگ انگ مرا
(3-1968)
*** نوحہ ***
(والد کی وفات پر)
جو شمعِ بزمِ جہاں تھے
کہاں گئے وہ لوگ؟
جو راحتِ دل و جاں تھے
کہاں گئے وہ لوگ؟
جو روحِ عمرِ رواں تھے
کہاں گئے وہ لوگ؟
ابھی ابھی تو یہاں تھے
کہاں گئے وہ لوگ؟
(10-1968)
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں