بدھ، 1 فروری، 2017

رفیق سندیلوی کی نظمیں

مجھ جیسے ادب کے طالب علم کو ظفر سید کے فورم حاشیہ نے بہت سے اہم شاعروں سے متعارف کرایا۔انہی میں ایک نام رفیق سندیلوی کا بھی تھا، جن کی ایک نظم پر میں نے بعد میں ایک مضمون بھی لکھا تھا۔اب پتہ نہیں اس مضمون سے میں خود کتنا اتفاق کرسکوں گا، مگر یہاں ان کی دس سے زائد یہ نظمیں اپلوڈ کررہا ہوں، جو کہ انہوں نے میری درخواست پر ادبی دنیا کے لیے بھیجی تھیں۔ان نظموں میں مختلف قسم کے رنگ ہیں، جیسے ’کوئی رتجگا ہے‘،’ یہی زندگی ہے‘ اور’ سجیلی مورتی‘۔آزاد نظم کا مطالعہ بتاتا ہے کہ شاعر زیادہ تر ایک قسم کے لہجے کے عادی ہوجایا کرتے ہیں، حالانکہ اس میں کوئی برائی نہیں، یہ مسئلہ تو نثری نظم کے ساتھ بھی ہے۔لیکن اس میں بھی کچھ نظموں کے موضوعات اور ان کی بناوٹ انہیں اپنی ہی ہم جنسوں سے الگ بنادیتی ہیں۔مجھے یہ نظمیں پسند ہیں، اب میں بہت زیادہ تنقیدی جملوں کے پھیر میں نہیں پڑا کرتا، کیونکہ وہ اپنے اور قاری دونوں کے لیے الجھاؤ پیدا کرتے ہیں، بس یہی کہوں گا کہ آپ کو بھی یہ نظمیں ممکن ہے بہت پسند آئیں کیونکہ ان کا لہجہ، ان کی روانی، ان کے موضوعات، ان کی طلسماتی فضاان کی طاقت بھی ہیں اور کمزوری بھی۔(تصنیف حیدر)

وُ ہ عرصہ جو دُ وری میں گزرا

مَیں کیسے بتاؤں
وُ ہ عرصہ جو دُ وری میں گزرا
حضو ری میں گزرا
مَیں اِس کی وضاحت نہیں کر سکوں گا
سرِشام ہی
کوئی لاشکل قُوّ ت
مجھے اَپنے نرغے میں رکھتی
مَزا لیتی میرے نمک کا
کبھی میری شیرینی چکھتی
کبھی مجھ کو قطرے
کبھی مجھ کو ذرّ ے میں تبدیل کرتی
کبھی مجھ کو ہیئت میں لاتی
کبھی میری ہیئت کو تحلیل کرتی
اَدھورا سمجھتی
کبھی مجھ کو پورا سمجھتی
اِسی گومگومیں مجھے توڑ دیتی
مری ٹکڑیوں کو مِلاتی
مجھے جوڑ دیتی!

مَیں کیسے بتاؤں
کہ جو کیفیت مجھ پہ گزری
اساطیری ہرگز نہیں تھی
کسی دیو مالا سے
ساگا سے
جاتک کہانی سے
اِس کا علاقہ نہیں تھا
کسی خواب کا یہ وقوعہ نہیں تھا
نہ یہ واہمہ تھا
جسے عقل تشکیل دیتی ہے
حیرت کا وَرطہ
حصارِ نفَس یا نظر کا کرشمہ
کوئی واردہ
پاس اَنفاس ،تنویم یا مسمریزم
کوئی حَبسِ دَم
جذب و مَستی
کسی سنت سادھو کی شکتی
کسی صوفی سالِک کا الہام
سَر سام
وَحشت کی لَے
وجدیا حال سی کوئی شے
ایک شیشے کے اَندر کوئی چیز
بُرّاق پردے پہ رقصاں سی
فانوسِ گَرداں سی
تصویری ہرگز نہیں تھی
اَساطیری ہرگز نہیں تھی

مَیں کیسے بتاؤں
کہ جو کیفیت مجھ پہ گزری
مَیں اِس کیفیت میں دُ وبارہ
کسی طور شرکت نہیں کر سکوں گا!
وُ ہ عرصہ جو دُ وری میں گزرا
حضوری میں گزرا
مَیں اِس کی وضاحت نہیں کر سکوں گا!!
۰۰۰

مجھ سا مَبہُوت عاشق

کیسی مخلوق تھی
آگ میں اُس کا گھر تھا
الاؤ کی حدّ ت میں
مَوّ اج لہروں کو
اَپنے بدَن کی ملاحت میں
محسوس کرتی تھی
لیکن وُ ہ اَندر سے
اَپنے ہی پانی سے ڈرتی تھی
کتنے ہی عُشّاق
اَپنی جوانی میں
پانی میں
اِک ثانیہ
اُس کو چھونے کی خواہش میں
نیچے ،عمق میں بہت نیچے اُترے
مگر پھر نہ اُبھرے
سمندر نے مَنتھن سے
اُن کے وجودوں کوضم کرلیا
دُودھیا جھاگ نے
اور کہُنہ نمک نے
اُنھیں اَپنی تیزابیت میں گھُلایا
بھڑکتی ہوئی آگ نے
جَزرومَد میں لپیٹا اُنھیں
سَر سے پا تک جَلایا
مگر کوئی شُعلوں سے کُندن سا
سِیپوں سے موتی سا
باہر نہ آیا

وُ ہ اَب بھی سمندر میں
اِٹھلاتی سطحوں کے نیلے بہاؤ میں
اَپنے اَلاؤ میں
قصرِ زَمرّد میں تنہا بھٹکتی ہے
اِک ہا أہ آب و آتش میں
رنگوں کی بارش میں
اَب بھی وُ ہ زُلفیں جھٹکتی ہے
توعودوعنبر کی مہکار آتی ہے
قطرات اُڑ کر
دَہَن کتنے گھونگوں کابھرتے ہیں
اُس کی جھلک دیکھنے کے لئے
آج بھی لوگ مرتے ہیں
اَب بھی یہاں کشتیوں ،آبدوزوں‘
جہازوں کے عرشوں پہ
اُس کی ہی باتیں ہیں
دُنیا کے سیّاح
ساتوں سمندر کے مَلّاح
اُس کے نہ ہونے پہ
ہونے پہ تکرار کرتے ہیں
اُس کی کشش میں
بہت دُور کے پانیوں میں
سفر کے لئے
خود کو تیّار کرتے ہیں!

مَیں بھی یہاں
مضطرب اور بے حال
خستہ و پارینہ تختے پہ بہتا ہوا
ایک خُفتہ جزیرے کے نزدیک
کیا دیکھتا ہوں
کہ وُ ہ ایک پتھرپہ بیٹھی ہے
پانی پہ طاری ہے
اِک کیف سا
چاندنی کی لپک
اورہَوا کی مُدھر لَے پہ
مچھلی سا نیچے کا دَھڑ اُس کا
شفّاف پانی میں ہِلتا ہے
ابریشمِیں نو رمیں
عکس سیماب سا
اُس کے گُلنارچہرے پہ کھِلتا ہے
اَب دیکھئے
مجھ سا مَبہُوت عاشق
اُسے اَپنی آغوش میں کیسے بھرتا ہے
غرقاب ہوتا ہے
مَرتا ہے!!
۰۰۰

یہ کیسی گھڑی ہے

یہ کیسی گھڑی ہے
زمانی تسلسُل کا پہیہّ گھما کر
یہاں وقت کو
جیسے فطرت سے کاٹا گیا ہے
خلیجیں جو رکھّی گئیں
نو روظلمت کے مابین
اُن سب کو پاٹا گیا ہے
سمے رات کاہے
مگر دھوپ
سورج سے لے کر اجازت
ہمارے سَرھانے کھڑی ہے
یہ کیسی گھڑی ہے !

یہ کیسی گھڑی ہے
کہ جیسے ہمارے سَرھانے کا
بالکل ہماری ہی تقویم کا
اورہمارے زمانے کا
اِک طاق ہے
جس پہ کوئی مقدّس صحیفہ نہیں
اِک رِیاکارمشعل دھری ہے
مصفّا صراحی میں
آبِ سماوی نہیں
ریگِ عصیاں بھری ہے
بہشتی درختوں کے
پاک اور رَس دار اَثمارمیں
کوئی نوکِ نجاست گڑی ہے
خُدایا!
ترے نیک بندوں پہ
اُفتاد کیسی پڑی ہے
یہ کیسی گھڑی ہے!
۰۰۰

کیسا پانی کا ریلا تھا

کیسا پانی کا ریلا تھا
سب کچھ بہاتا ہوالے گیا
دُھند میں لپٹے
بوسیدہ مٹّی کے گھر
مال اسباب
فصلیں ‘مویشی
وُ ہ سب خواب
جو میرے تکیے کے نیچے پڑے تھے
شَجر جو مرے صحن میں
اور اطراف میں
اَپنی کُہنہ جڑوں کے تصوّ ر میں
جم کر کھڑے تھے
وُ ہ سب نقش
جو میل خوُ ردہ لحافوں میں
اُدھڑے غلافوں میں
سوراخ والے ڈُوپٹّو ں میں
سہمے ہوئے تھے
وُ ہ رُومال
جن پر کڑھا تھا مرانام
تارِ طلائی سے
رنگِ حنائی سے
دہکی ہوئی شال
جس پرستاروں کے موتی
بڑی چاہ سے ماں نے ٹانکے تھے
طاقوں پہ رکھےّ ہوئے
خشک گجرے، بہی کھاتے
یادوں سے ٹھونسے ہوئے
بند صندوقچے
زنگ آلود وعدے
مکینوں کی دُ ھندلی شبیہوں میں
جکڑے ہوئے آئنے
ڈھیر بھُوسے کے
خستہ منڈیروں پہ جلتے دِیے
سانس لیتی ہوئی روشنی
زندگی‘
جس نے جوڑا ہواتھا
فضاؤں کو بُوباس سے
دُھوپ کو چھاؤں
اَشیا کو اَنفاس سے
ایک دَم پھونک ماری
تلاطم کے آسیب نے
روشنی کو بُجھاتا ہو الے گیا
کیسا پانی کا ریلا تھا
سب کچھ بہاتا ہوالے گیا!!
۰۰۰

کوئی رَتجگاہے

کوئی رَتجگا ہے
جو صدیوں پہ پھیلا ہواہے
یہ آنکھیں کہ سکتے سے
پتھر ہوئی ہیں
یہ شانے کہ گہری تھکن سے
جُھکے ہیں
یہ پاؤں کہ رُکنے سے
جن پر ورَم آگیاہے!

کوئی رَتجگا ہے
کہ جس کاکوئی نقطۂ ختم
کوئی کنارہ نہیں ہے
زمینوں پہ تھوڑی سی بادِصبا
کوئی رنگوں کا ریزہ
ذرا سی مہک
آسمانوں میں ہلکا سا بُرّاق پَر
ایک چھوٹی سی کالی گھٹا
کوئی ننھاسا مدّھم ستارہ نہیں ہے
کسی ذی نفَس کو
یہاں ایک لحظہ بھی
سونے کا یارا نہیں ہے
بُلاتی ہیں ریشم سی باہیں
حریری نظر کھینچتی ہے
نہ جسموں کے اَطلس ہی آواز دیتے ہیں
صبحیں بہارِیں نہ شامیں غنودہ
کسی ایک آغوش پربھی یہاں
اَپنی چَھب آشکارا نہیں ہے!

گھروں میں اَزل سے
گداز اور تہ دار بستر لگے ہیں
مگر لوگ گلیوں میں نکلے ہُوئے ہیں
چھتوں پر کھڑے ہیں
خلا کی طرف دیکھتے ہیں
کہیں اُڑ گئی ہے پَری نیند کی
جس کی آنکھوں میں
سُرخی کے مَلکوتی ڈورے تھے
جادُ و تھا جس کا فضا میں
فنا اور بقا میں
ہَوا میں
چھلکتا تھا جس کا پیالہ
سیاہی سفیدی کے مابین
دُ ھندلا سا ہالہ
جسے توڑ کراَپناجوہر سمیٹے
کہیں خواب رُخصت ہواہے
کوئی رَتجگا ہے
جو صدیوں پہ پھیلا ہواہے!!
۰۰۰

ماجرا پھر سے یکجا ہو

کہانی میں
بچھڑے ہوئے سارے کردار
مِل جائیں
کھِل جائیں
غنچوں کی صورت
یہ قلب و بدن
غیب وحاضر کا اَسرار
آمیز ہو
اور کہانی کا کُہنہ پیالہ
جو صدیوں سے خالی ہے
شیرِمحبت سے لبریز ہو!

یہ فضا ‘
جس کی ویران گلیوں پہ سکتہ ہے
ظلمت میں ڈُوبے
شکستہ مکانوں پہ تالے ہیں
سوکھے درختوں پہ مٹّی ہے
جو مُنتظر ہے
ہزاروں برَس سے
کہ بارانِ گریہ اِسے آ کے دھو جائے
اور ختم ہو جائے
یہ تشنگی
جو زمانوں میں ہے
ایک کانٹا جو حلقوم میں ہے
نکل جائے
جو ریت کانوں میں ہے!

پھر الاؤ بھڑکنے لگے
دائرہ ایک بنتا چلا جائے
اُلجھے ہوئے سارے دھاگے تکلم کے
اَجزا بیاں کے
عقب کا دیار
اورعناصر زمان و مکاں کے
کہانی میں
آ کر جُڑیں
ماجرا پھر سے یکجاہو
لرزہ سا پیداہو
سینوں میں
نامرتَعِش تار ہِل جائیں
بچھڑے ہوئے سارے کردار
مِل جائیں!
۰۰۰

کس طرح مَیں سمیٹوں

کس طرح مَیں سمیٹوں
مرے بازوؤں کا یہ حلقہ بہت تنگ ہے
پھول ہی پھول ہیں
میرے چاروں طرف
طشت ہی طشت ہیں
جن میں لعل و جواہر کے اَنبار ہیں
کیا خزانے ہیں
یہ کیسی دُنیا کے آثار ہیں
کس علاقے کا نقشہ ہے یہ
کن بہشتوں کے باغات ہیں
ہر رَوِش پراَنار اور مہتابیاں
اطلسی جالیوں میں
خطوطِ بدن کے حجابات ہیں
شہ جھروکوں میں
زُلفوں کے سائے ہیں
پورب کہ پچھم سے اُڑکر
سیہ ،نقرئی اَبر کے
چھوٹے چھوٹے سے ٹکڑے یہاں
کس پہاڑی کے پیچھے سے آئے ہیں
کتنی سجاوٹ ہے
کیسی یہ تزئین ہے
راستوں میں بچھا دُور تک
مخملیں،سُرخ قالین ہے
کیسا گہراترنمّ ہے
جھرنے کی آوازمیں
کوئی اَسرار سا ہے
پرندوں کی پرواز میں
رَس کی بو ندیں
ٹپکتی ہیں شاخوں سے
پوروں سے
سونے کے ذرّات جھڑتے ہیں
مدہوشیوں میں
قدم آسمانوں میں پڑتے ہیں
کیسی کشش چشمِ رویا میں ہے
آگ کس نوع کی
آئنے میں دَہکتی ہے
بجلی کے کوندے میں
کس کی شباہت چمکتی ہے
اے آسمانی دھنک!
تیرے پیکر میں
یہ کون سا رنگ ہے
کس طرح مَیں سمیٹوں
مرے بازوؤں کا یہ حلقہ بہت تنگ ہے!

کیا گھنی رات ہے
وقت یکسُو ہے
ٹھہرے ہوئے پانیوں میں
ستاروں کی جھلمِل ہے
اے لا مکاں!
تیرے سینے میں
جیسے دھڑکتا ہوا کوئی دِل ہے
اَزل سے کوئی چاند روشن ہے
مےَ کے پیالے میں
خوشبُو کے ہالے میں
صرف ایک مَیں
اورصرف ایک تُو ہے
عجب سِحر ہے
ایک جادو ہے
اے زندگی!
تیرے سارے قصَص
تیری سب داستانوں کے اندر
بہت حُسن ہے
الغرض اِن زمینوں زمانوں کے اندر
بہت حُسن ہے
ایک لَے
ایک سُر تال ہے
ایک آہنگ ہے
کس طرح مَیں سمیٹوں
مرے بازوؤں کا یہ حلقہ بہت تنگ ہے!
۰۰۰

یہی زندگی ہے

صُبح سے شام تک
شام سے صُبح تک
تڑتڑاہٹ سے دِل ڈوبتا ہے
مکانوں پہ گلیوں پہ سڑکوں پہ
بادل مسلّط ہیں
اور گولیاں
جیسے اَولوں کے مانند
اِن بادلوں سے برَستی ہیں
لاشیں
سفید اورسلوٹ بھری چادروں سے
ڈھکی ہیں
جو بھیگی ہیں
سُرخ اورتازہ لہوُ سے
و ضُو سے
نماز اور تہجّدسے تو پیٹ بھرتا نہیں
آدمی بس بلکتا ہی رہتا ہے
مرتا نہیں
ذہن چیخوں سے لبریز ہے
اور کنستر میں آٹا نہیں
ایک دِن بھی نہیں ایسا
جومَیں نے مشکل میں کاٹا نہیں

یہ سوالات‘
جومجھ سے تُم کر رہی ہو
جواب اِن کا گولی ہے
گولی‘
جو مَیں نے چلائی نہیں
ُ شکر ہے اَب تلک
فیصلے کی یہ نازُک گھڑی
مُجھ پہ آئی نہیں
مانتا ہوں کہ الفاظ میں
اِک تجلّی سی ہوتی ہے
اِک سِحر ہوتا ہے
تُم جس طرح بولتی ہو
گُلابوں کے جیسے
یہ ریشم سے لَب کھولتی ہو
یہی زندگی ہے
کھنکتی ہوئی ایک آواز ہے
جو ہواؤں میں رَس گھولتی ہے
مگر فسخ ہوتی ہوئی
کتنی صدیوں کی
دہشت کی تہذیب کے
عفو و تادِیب کے
جو عوامِل مرے ساتھ ہیں
اور جو حالات ہیں
کیا خبر کَل
کسی رائفل کے ٹرِگرپہ
میری بھی اُنگلی ہو
اورُ مردہ خانے میں
تُم خوُ ں میں لَت پَت
سفیداورسلوٹ بھری ایک چادر میں
لپٹی ہو ئی ہو!
۰۰۰

بیج اندر ہے

بیج اَندر ہے
لیکن میں باہر ہوں
اَپنی زمیں سے
فقط مُشت دو مُشت اُوپر
خلا میں اُگا ہوں
مِری کوئی جڑ ہی نہیں ہے
نہیں عِلم
تالیف کی روشنی نے
ہَوااور پانی نے کس طرح سینچا
نمی کیسے میرے مساموں میں آئی
جُدائی
سہی میں نے کیسے
مقرر جو اَزلوں سے تھا
بیچ کا فاصلہ
وسط نا وسط کا مرحلہ
میں نے کیسے گوارا کیا
آسماں کے تلے
میں نے دھرتی پہ پھیلے ہوئے
ایک سوندھی سی خوشبُو میں لپٹے ہوئے
لہلہاتے جہانوں کا
خشک اَور بنجر زمانوں کا
کیسے نظارہ کیا
چند کانٹوں کی سُوئی سے
کَونین کے
اَپنے قُطبَین کے
پیچ و خم میں
وجودوعدم میں
جَلی اوِر خفی، سارے اَبعاد کی سمت
کیسے اشارہ کیا
میں نے کیسے بیک وَقت
اَپنی فنا اوِر بقا سے کِنارہ کیا!

بیج اَندر ہے
کیسے سمجھ پائے گا
بے نُمو و نُموکار دُنیا میں
مجھ جیسے پودے نے
کیسے گزارا کیا!!
۰۰۰

مگر وُ ہ نہ آیا

مَیں نے آواز دی
اور حصارِ رفاقت میں
اُس کو بُلایا
مگر وُ ہ نہ آیا
گُلِ خواب کی پتّیاں
دھوپ کی گرم راحت میں گم تھیں
مرے جسم پر
نرم بارِش کی بوندیں بھی گھوڑے کا سُم تھیں
زمیں ایک اَبنوہِ ہجراں میں
اُس چاپ کی مُنتظِر تھی
جو لا عِلم پھیلاؤ میں مُنتشِر تھی
پرندے سُبک ریشمِیں ٹہنیاں
اَپنی مِنقار میں تھام کر اُڑ رہے تھے
نشیبِ جنوں کی طرف
پانیوں کی طرح میرے سایے بہے تھے
کفِ چشم پر مَیں نے اُس کے لیے
شہرِگِریہ سجایا
مگر وُ ہ نہ آیا !

کسی سمت سے اُس کی آہٹ نہ آئی
بہت دیر تک رات کے سَرد خانے میں
اِک آگ مَیں نے جلائی
کہیں دُ ور سے
کوئی بے اَنت محروم آوازآئی
جُدائی جُدائی!
تو پھر مَیں نے اُس کے لیے دُھند ہموار کی
رَستۂ نو بنایا
مگر وُ ہ نہ آیا!!
۰۰۰

یہ سجیلی مورتی

اے ہَوا
پھر سے مجھے چھو کر قسم کھا
صحن میں کس نے قدم رکھا تھا
چپکے سے
یہاں سے کون مٹّی لے گیا تھا
وقت کی تھالی میں
کس نے لا کے رکھ دی
جھلملاتی لَو کے آگے
رقص کرتی
یہ سجیلی مورتی
جس کے نقوشِ جسم
روشن ہورہے ہیں
ویشیا کے ہونٹ
فربہ پاؤں جیسے اِک گرھستن کے
خمیری پیٹ میں
مخمل کی لہریں
نو ری وناری‘
سُبک اندام لہروں میں
بھنور اِک گول سا
پھر سے مجھے چھو کر قسم کھا
اے ہَوا
تُو جانتی ہے
راز سارا
دو الگ طرزوں کی مٹّی
ایک برتن میں ملا کر
گوندھنے کا!!
۰۰۰

ا یک زنجیرِگریہ مرے ساتھ تھی

مَیں گیااُس طرف
جس طرف نیند تھی
جس طرف رات تھی
بند مجھ پر ہوئے سارے دَر
سارے گھر
مَیں گیااُس طرف
جس طرف تیرتھے
جس طرف گھات تھی
مجھ پہ مرکوز تھی اِک نگاہِ سیہ
اوِر عجب زاویے سے
بنائے ہوئے تھی مجھے
سَر سے پا تک ہد ف
مَیں گیااُس طرف
جس طرف ریت کی لہر تھی
مَوجِ ذرّات تھی
مَیں نہیں جانتا
اُس گھڑی
تیرگی کے طلسمات میں
جو اشارہ ہوا
کس کی اُنگلی کا تھا
اوِر جو کھولی گئی تھی مرے قلب پر
کون سی بات تھی
صرف اِتنا مجھے یاد ہے
جب مَیں آگے بڑھا
ایک زنجیرِ گریہ مرے ساتھ تھی!

مَیں پرندہ بَنا
میری پرواز کے دائرے نے جَنا
ایک سایہ گھَنا
کشف ہونے لگا
مَیں ہَرے پانیوں میں
بدَن کا ستارہ ڈبونے لگا
اَور اِک لا تعیّن سُبک نیند سونے لگا
اِک اُڑن طشتری بَن گئی سائباں
مَیں جہاں تھا‘ وہاں تھا کہاں آسماں
ایک شعلہ تھا بس میرے ہونٹوں سے لَف
مَیں گیا اُس طرف
جس طرف جسم و جاں کی حوالات تھی
جس طرف نیند تھی
جس طرف رات تھی
چار جانب بچھی تھی بساطِ عدَم
درمیاں جس کے
تنہا مری ذات تھی!!
۰۰۰

کوئی تبصرے نہیں:

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *