اتوار، 17 مئی، 2015

جنگ کی حقیقت


دلائی لاما بودھ مذہب کے روحانی پیشوا ہیں۔ دنیا بھر میں مشہور ہیں اور کسی خاص تعارف کے محتاج بھی نہیں۔ دلائی لاما کی ویب سائٹ پر موجود انفارمیشن کے مطابق وہ چودھویں دلائی لاما ہیں، جن کی زندگی کے تین بنیادی مقاصد ہیں۔ اول انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت پر زور دینا، مختلف مذاہب کے درمیان امن و آشتی کو پروان چڑھانا اور تبتیوں کی بودھ تہذیب کی ممکنہ طور پر حفاظت کرنا۔ دلائی لاما کے پرامن خیالات اس وقت پوری دنیا کے لیے مشعل راہ بنے ہوئے ہیں، وہ مذہبی طور پر اس بات کو مانتے ہیں کہ روح جاوداں ہے اور وہ بس جسم کے ناقابل رہائش ہونے کے بعد اسے چھوڑ کر دوسرے بدن میں چلی جاتی ہے، جس طرح انسان مکانات بدلا کرتے ہیں۔ مندرجہ ذیل مضمون ان کا ایک مشہور مضمون ہے جو کہ انگریزی اور ہندی کے ساتھ دوسری زبانوں کے ساتھ ان کی ویب سائٹ پر پڑھا جاسکتا ہے۔ اس مضمون میں دلائی لاما نے 'جنگ' کو ایک مجرمانہ ذہنیت سے تعبیر کیا ہے، اور ملکوں کو ایک دوسرے پر بھروسہ کرنے اور ایک بہتر مستقبل کے قیام کی جانب توجہ دلائی ہے۔ یہ مضمون میں نے جدید ترین کے لیے ہی ترجمہ کیا تھا۔ امید ہے کہ آپ سبھی کو پسند آئے گا۔


ظاہر ہے، جنگ اور بڑے پیمانے پر فوج کا وجود دنیا میں تشدد کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں۔خواہ ان کا مقصد حملہ کرنا ہو یا دفاع کرنا۔یہ تمام طاقتی ادارے محض انسان کا خون بہانے کا ہی کام کرتے ہیں۔ہمیں جنگ کی حقیقت کے بارے میں سوچتے ہوئے بڑی احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ہم میں سے زیادہ تر لوگ فوج کی لڑائیوں کو ولولہ خیز اور مسحور کن سمجھتے ہیں، اسے ایک آدمی کے لیے ایسے موقع سے تعبیر کرتے ہیں جس میں وہ اپنی ہمت اور جوانمردی کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔جب سے فوجوں کو قانونی طور پر صف آرا کرنے کی اجازت دی گئی ہے، ہم نے جنگ کو بھی قبول کرلیا ہے۔عام طور پر، کوئی بھی ایسا نہیں سمجھتا کہ جنگ بہرحال ایک جرم یا مجرمانہ رویہ ہے۔دراصل ہم کو برین واشڈ کردیا گیا ہے۔جنگ نہ تو مسحور کن ہوسکتی ہے اور نہ ہی متاثر کن۔یہ صرف تباہ کن ہوسکتی ہے۔اس کی فطرت میں المیہ اور تباہ کاری ہے۔
جنگ انسانی سماج میں کسی آگ سے کم نہیں ہے، جس کا ایندھن انسان ہیں۔میں اس استدلال کو بالکل درست تصور کرتا ہوں۔جدید جنگ و جدال اپنے اندر ایسی بہت سی آگ کی قسمیں چھپائے ہوئے ہے، لیکن ہم جنگ کو بدستور ایک ہیجان انگیز شے کے طور پر دیکھتے آئے ہیں، چنانچہ ہم نئی تکینکوں سے لیس اسلحوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس کی بالکل پروا نہیں کرتے کہ اگر یہ واقعی استعمال ہوئے تو بہت سے زندہ انسانوں کو جلا کر راکھ کردیں گے۔جنگ ان تمام راستوں کو تباہ کرتی ہے، جن پر سے اس کا گزر ہوتا ہے۔اگر ایک علاقہ میں کوئی فوج کمزور پڑتی ہے تو کمانڈنگ آفیسر وہاں مزید نئی فوجیں بھیج دیتا ہے۔یہ تو زندہ لوگوں کو آگ میں جھونکنے کے برابر ہے، لیکن ہم کو چونکہ ایک ہی طریقے سے سوچنے کے لیے برین واشڈ کردیا گیا ہے، ہم کبھی فوجیوں کی ذاتی پریشانی کو سمجھ ہی نہیں سکتے۔اگر ایک فوجی مرتا ہے، یا معذور ہوتا ہے، تو اس کے دسیوں لواحقین بھی دکھ کے گھیرے میں گھر جاتے ہیں۔ہمیں اس المیے کے نتائج سے خوفزدہ ہونا چاہیے، مگر ہم تو اس معاملے میں کشمکش میں مبتلا رہتے ہیں۔
اگر صاف صاف کہوں تو، جب میں چھوٹا تھا، میں خود ملٹری سے بہت متاثر ہوا کرتا تھا۔ان کا یونیفارم کتنا چست اور خوبصورت لگتا تھا۔لیکن یہیں سے تو چھلاوے کی شروعات ہوتی ہے۔بچے اپنے بچپن میں جو کھیل کھیلا کرتے ہیں، ایک دن وہ انہی کے لیے بڑے ہو کر پریشانی کا باعث بن جایا کرتے ہیں۔انسانی قتل و غارت گری پر اکسانے والے کھیلوں یا لباس کے علاوہ ایسے بہت سے دوسرے کھیل اور لباس بھی ہیں، جو ان بچوں کوسکھائے یا پہنائے جاسکتے ہیں۔میں پھر سے یہی کہوں گا کہ اگر ہم خود جنگ سے بہت زیادہ متاثر نہ ہوتے تو آسانی سے دیکھ سکتے کہ اس طرح کے کھیل اور لباس کا عادی بننے کی اجازت دینا ہمارے بچوں کے مستقبل کے لیے کتنا تباہ کن ہے۔کچھ سابق سپاہیوں نے مجھے بتایا کہ پہلی بار کسی انسان پر گولی چلانا خود ان کے لیے بھی ایک بڑی بے اطمینانی کا باعث تھا مگر رفتہ رفتہ جب وہ لوگوں کو مارنے کے عادی ہوگئے تو یہ خون خرابہ بہت نارمل سا ہوگیا۔وقت کے ساتھ ساتھ انسان کسی بھی چیز کا عادی ہوسکتا ہے۔
بات صرف اتنی نہیں کہ فوجی قیام صرف جنگ کے دنوں میں ہی انسانیت کے لیے خطرناک ہے۔اسی خاص جنگی منصوبہ بندی کی وجہ سے، فوجی دنیا میں انسانوں کے حقوق کا قتل کرنے والے سب سے بڑے اور واحد ذریعے میں تبدیل ہوچکے ہیں جبکہ اس مقصد کے لیے خود ان کا بھی بڑے پیمانے پرلگاتار استحصال کیا جاتا ہے۔آرمی کی اہمیت، ڈسپلن اور دشمن کو جڑ سے اکھاڑپھیکنے کی ضرورت پر آفیسر انچارج کی بھرپور تقریر کے بعد،فوجیوں کی ایک بڑی تعداد کے حقوق ان سے ہمیشہ کے لیے چھین لیے جاتے ہیں ،پہلے ان کے حقوق کو ضبط کیا جاتاہے اور بعد میں بالکل ختم کردیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی جانیں قربان کرسکیں۔مزید برآں، جب ایک آرمی کو زبردست قوت حاصل ہوجاتی ہے، تو وہ خود اپنے ملک کے لیے بھی ایک قسم کا خطرہ بن جاتی ہے، جو کبھی بھی لوگوں کی خوشیوں کو آن کی آن میں کچل سکتی ہے۔
ہر سماج میں تباہی پھیلانے والے لوگ موجود ہوا کرتے ہیں، جو حکومت پر قابض ہوکر اپنی خواہشوں اور خوشیوں کے حصول کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔لیکن ، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ایسے کتنے بدترین قاتل حکمراں سماج میں موجود ہیں، جو اپنی ہی قوم کو تباہی کی آگ میں جھونک سکتے ہوں اور بین الاقوامی مسائل پیدا کرسکتے ہوں۔ظاہر ہے اگر سماج میں کسی فوجی تنظیم کی کوئی جگہ ہی نہیں ہوگی تو وہ کس بل بوتے پر لوگوں کو مارنے یا تکلیف پہنچانے میں کامیاب ہوسکیں گے۔جب تک ایسی طاقت ور فوجیں موجود ہیں، آمرانہ حکومتوں کا خطرہ بھی بنا رہے گا۔اگر ہم واقعی آمرانہ تسلط کو حکومت کا ایک خراب رخ سمجھتے ہیں تو ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ اس کے اہم اسباب میں طاقتور فوجی اسٹیبلشمنٹ کا بھی شمار ہوتا ہے۔
پھر بھی میں یہ بات صاف کردینا چاہتا ہوں کہ جنگ کے خلاف ہونے کے باوجود میں ہر معاملے میں صلح کی وکالت نہیں کروں گا۔کبھی کبھی نامناسب قسم کے متشددانہ رویے کے خلاف ٹھوس قدم اٹھانا نہایت ضروری ہوجاتا ہے۔اس کی مثال میں دوسری جنگ عظیم سے دوں گا جو کہ اپنے طور پر بالکل ٹھیک تھی جس نے انسانیت کو نازی جرمنی کے ظلم سے چھٹکارا دلایا تھا، جو کہ ونسٹن چرچل کا بالکل صحیح فیصلہ تھا۔میرے حساب سے، کوریا کی جنگ بھی اسی طرح کا ایک لازمی قدم تھا جس نے جنوبی کوریا کو جمہوریت کی جانب بڑھنے میں بہت مدد دی۔لیکن یہ فیصلہ ہم صرف اپنی سمجھ سے کرسکتے ہیں کہ کوئی جنگ اخلاقی اصولوں کے تحت لڑی گئی ہے یا نہیں۔مثال کے طور پر، اب ہم دیکھ سکتے ہیں کہ سرد جنگ کے دوران نیوکلیرہتھیاروں کے استعمال کی مناہی کی ایک خاص اہمیت تسلیم کی گئی تھی، اس کے باوجود ایسے معاملات میں اب بھی کوئی ٹھوس بات کہہ پانا ممکن نہیں ہے۔اس لیے جہاں تک ممکن ہو جنگ کو ٹالنا ہمارے حق میں بہتر ہے، اور ہمیں پہلے سے کبھی بھی یہ فرض نہیں کرلینا چاہیے کہ کسی خاص جنگ کا نتیجہ کارآمد ہی ہوگا۔
مثال کے طور پر ، سرد جنگ کے معاملے میں، نیوکلیر کے استعمال کو روکنے کی تحریک نے ہوسکتا ہے اس رویے کو مستحکم کرنے میں کچھ مدد کی ہو، مگر وہ خالص امن کو قائم نہیں کرپائی۔یورپ میں پچھلے چالیس سالوں میں کوئی جنگ نہیں لڑی گئی، یہ اصلی امن نہیں ہے بلکہ اس کی ایک جعلی صورت ہے۔سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ہتھیاروں کو امن قائم کرنے کے لیے بناتے رہنا اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ مخالفین کو ایک دوسرے پر بالکل بھروسہ نہیں ہے۔کچھ بگڑے واقعات کی ہلکی سی تعداد بھی ان کی طاقت کا توازن بگاڑ سکتی ہے۔صرف مکمل بھروسے کی صورت میں ہی ایک پائدار اور دائمی امن کا بھروسہ بھی قائم کیا جاسکتا ہے۔

ہفتہ، 16 مئی، 2015

خدا کے یہاں دیر ہے اندھیر نہیں

آیوان اکسیونوف ، ولاڈیمر نام کے ایک شہر کا سوداگر تھا۔ اس کے پاس دو دکانیں اور ایک گھر تھا۔ اکسیونوف بے حد خوبصورت اور گانے کا شوق رکھنے والا تھا۔ اپنی جوانی کی شروعات سے ہی اس نے شراب پینا شروع کر دی تھی اور آدھی جوانی ہوتے ہوتے اس میں برباد ہونا شروع ہو گیا تھا ، مگر شادی ہونے کے بعد اس نے اپنی شراب پینے کی لت کو کم کیا،اورپھرصرف کبھی کبھی پیا کرتا تھا۔ ایک بارحسب معمول جب وہ گرمیوں میں اپنے گھر کو چھوڑ کے نزھنی میلے میں کام کے سلسلے سے جا رہا تھا تو اس کی بیوی نے اس سے کہا۔
"آیوان،آج مت جاو، میں نے تمہارے بارے میں ایک برا خواب دیکھا ہے۔"
"ہا ہا ، تمہیں کہیں اس بات کا ڈر تو نہیں لگ رہا کہ میں میلے میں جا کر رنگ رلیاں مناؤںگا۔" اکسیونوف نے کہا اور ہنسنے لگا۔
"مجھے نہیں پتا کہ میں نے جو برا خواب دیکھا ہے اس سے مجھے کیوں ڈر لگ رہا ہے، مجھے یہ بھی نہیں پتا کہ میں اس سے ڈر رہی ہوں یا کسی اور ڈر سے ۔ مجھے جو پتا ہے وہ یہ کہ میں نے دیکھا کہ تم نے جب واپس آکر اپنی ٹوپی اتاری تو تمہارے بال سفید ہو چکے تھے"
"وہ ایک اچھا خواب تھا ۔ دیکھنا میں ضرور جب واپس آؤں گا تو کتنے تحفے لاؤں گا"اکسیونوف نے ہنس کر کہا۔
اور پھر اس نے اپنے گھر والوں کو الوداع کہا اور اپنے سفر پر چل پڑا۔ اپنا آدھا سفر پورا کرنے کے بعد اس کی راستے میں ایک اور سوداگر سے ملاقات ہوئی جو اس کا پرانا جاننے والا تھا۔ انہوں نے ایک ہی سرائے میں کمرے لیے ، شام کی چاے ساتھ میں پی اور پھر اپنے کمرے میں سونے کے لیے چلے گئے۔ اکسونوف رات میں کافی جلدی ہی سو گیا تھا اس لئے اس کی آنکھ صبح طلوع فجر کے وقت ہی کھل گئی تھی۔ اس نے اپنے گاڑی ہانکنے والے کو اٹھا کر گھوڑوں کو گاڑی سے ملانے کو کہا۔ اس کے بعد وہ سرائے کے مالک کے پاس گیااور اپنا کرایہ چکتا کر کےاس نے پھر سے اپنا سفر شروع کر دیا۔
تقریباً پچیس میل کا سفر طے کرنے کے بعد گاڑی ہانکنے والے نے گھوڑوں کو چرانے کے لئے گاڑی کو روک دیا۔ چونکہ گاڑی ایک سرائے کے پاس رکی تھی اس لئے ، اکسیونوف کو آرام کرنے میں پریشانی نہیں ہوئی ، اس نے کچھ دیر سرائے کے ہال میں بیٹھ کر آرام کیا اور پھر باہر پورچ میں نکل کر چائے کا آرڈر دیا اور ایک پیڑ کے نیچے بیٹھ کر اپنا گٹار نکالا اور اس کی دھن پر گنگنانے لگا۔ٍاچانک ، ایک گاڑی جسے تین گھوڑے کھینچ رہے تھے وہاں آکر رکی اور اس میں سے دو آفیسر نکل کر اکسیونوف کی طرف بڑھے۔ انہوں نے اس کی طرف پہنچ کر اس سے پوچھ تاچھ کرنا شروع کی، جیسے کہ وہ کون ہے اور کہاں سے آیا ہے؟اکسیونوف نے ہر سوال کا جواب پورے سلیقے سے دیا اور پھر ان سے پوچھا۔
"کیا آپ میرے ساتھ چائے پینا پسند کریں گے"
اکسیونوف کے اس سوال کا جواب دینے کے بجائے ان دو آفیسروں نے اس سے الٹے سوال کرنا شروع کر دیے۔ جیسے کہ تم نے کل کی رات کہاں گزاری ؟ کیا تم اکیلے تھےیا پھر کسی سوداگر کے ساتھ تھے؟کیا تم نے اس کو آج صبح دیکھاتھا؟ تم صبح ہونے سے پہلے ہی وہاں سے کیوں نکل آئے؟
اکسیونوف ان سوالوں کو سن کر سوچ میں پڑ گیا کہ اس سے اس طرح کے سوالات کن وجوہات کی بنا پر کئے جا رہے ہیں۔ مگر پھر بھی اس نے ہر ایک سوال کا جواب پوری سچائی کے ساتھ دیا اور پھر کہنے لگا۔
"آپ دونوں مجھ سے ایسے سوالات کیوں کر رہے ہیں جو کسی چور یا ڈاکو سے کئے جاتے ہیں۔ میں اپنے کام کے سلسلے میں یہاں سے گزر رہا ہوں اور مجھ یہ سوالات کرنے کا کیا تک بنتا ہے؟"
"میں اس علاقہ کا پولیس آفیسر ہوں اور میں تم سے یہ سب سوالات اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ جس سوداگر کے ساتھ تم نے پچھلی رات گزاری تھی ، اس کی لاش آج صبح اس سرائے سے برامد ہوئی ہے۔ اس کا قتل گلا کاٹ کے کیا گیا ہے ۔ ہمیں تمہارےسامان کی تلاشی لینی ہوگی۔"ان میں سے ایک آفیسر نے یہ کہنے کے بعد دوسرے افسر سے تلاشی لینے کو کہا ۔ ایک آفیسر اپنے دوسرے آئے ہوئے ساتھیوں کو لے کر سرائے میں داخل ہوا۔ان لوگوں نے اکسیونوف کا بیگ کھولا اور اس کی تلاشی لینی شروع کردی۔ اچانک ایک آفیسر نے اس بیگ میں سے ایک چاقو نکالا اور چلا کر بولا۔ "یہ کس کا چاقوہے؟"
اکسیونوف کی نظریں جب اس چاقو پر پڑی جس پر خون لگا ہوا تھا، تو اس کے حواس اڑگئے۔
"ایسا کیسے ہوا؟ اس چاقو پر خون کیسے لگا؟"
اکسیونوف نے جواب دینے کی کوشش کی مگر اس کہ منہ سے سوائے اس کے ایک لفظ بھی اور نہ نکلا کہ "مجھے نہیں معلوم"
"آج صبح اس سوداگر کی لاش برامد ہوئی جس کا گلا کٹا ہوا تھا۔ ایک تم ہی ہو جس نے یہ کیا ہوگا۔کمرا اندر سے بند تھا اور وہاں کوئی نہیں تھا۔یہ رہا وہ خون سے لت پت چاقو اور تمہارا چہرا صاف صاف بتا رہا ہے کہ یہ خون کس نے کیا ہے۔بتائو مجھے کہ تم نے اسے کیسے مارا ؟کتنا پیسہ لوٹ کربھاگ رہے تھے تم؟"اس پولیس آفیسر نے اکسیونوف سے کہا جو اس کے پاس کھڑا تھا۔
اکسیونوف نے قسم کھائی کہ اس نے کچھ نہیں کیا ہے، اس نے چائے پینے کے بعد سے اس سوداگر کو دیکھا تک نہیں تھا،اس کے پاس ایک پیسہ بھی نہ تھا سوائے اپنے آٹھ ہزار روبل کے، اور یہ کہ چاقو اس کا نہیں ہے۔ مگر اس کی آواز بھرائی ہوئی تھی، اس کا چہرا پیلا پڑ گیا تھا، اور وہ خوف سے اس بری طرح کانپ رہا تھا جیسے کہ وہ گنہگار ہو۔ اس پولیس آفیسر نے دوسرے چھوٹے آفیسروں کو یہ حکم دیا کہ وہ اکسیونوف کو باندھ کر گاڑی میں بٹھائیں۔ جیسے ہی ان لوگوں نے اکسیونوف کو گاڑی میں باندھ کر رکھا ، اس کے آنسوگرنے لگے۔ اس سے اس کا سارا سامان اور پیسہ ضبط کر لیا گیا اور اسے پاس کے شہر کی جیل بھیج دیا گیا۔ اس کی ساری جانچ پڑتال ولاڈیمر میں ہی ہوئی تھی۔ جانچ کے دوران دوسرے سوداگروں نے یہ بتایا کہ وہ خالی وقت میں شراب پیتا تھا مگر پھر بھی وہ ایک اچھا آدمی تھا۔لیکن تمام شواہد کی روشنی میں عدالت نے اس پر یہ جرم پکا کردیا کہ اس نے ریازن کے ایک سوداگر کا قتل کیا اور اس کے بیس ہزار روبل لوٹ لیئے۔ اس کی بیوی دکھی ہو گئی اور اس کو با لکل سمجھ نہیں آرہا تھا کہ وہ کس پر یقین کرے۔ اس کے بچے کافی چھوٹے تھے، ایک تو ابھی ماں کے دودھ پر ہی بڑھ رہا تھا۔ ان سب کو اپنے ساتھ لے کر اس کی بیوی اس جیل میں گئی جہاں اکسیونوف قیدی تھا۔ پہلے اسے ملنے کی اجازت نہیں ملی مگر بہت گڑگڑانے کے بعد اسے اجازت مل گئی ۔ اس کی نظریں جب اپنے شوہر پر پڑیں ، جو کہ ہتکڑی میں قید چور اچکوں کے ساتھ کھڑا تھا ، وہ وہیں زمین پر گر گئی اور کافی دیر تک ہوش میں نہ آسکی۔ پھر اس نے اپنے بچوں کو اپنی طرف کھینچا اور اس کے پاس ہوکر بیٹھ گئی۔ اس نے اسے گھر کے بارے میں بتایا اور پھر اس سے ان سب حالات کی وجہ پوچھنے لگی۔اس نے سب بتا دیا۔ اس کے بعد وہ بولی۔
"اب ہم کیا کر سکتے ہیں؟"
"ہمیں زار کے پاس جانا پڑے گا اور ان کے سامنے ایک معصوم آدمی کی زندگی بچانے کی عرضی پیش کرنی پڑیگی"
اس کی بیوی نے اسے بتایا کہ اس نے زار کے سامنے عرضی پیش کردی تھی مگر وہ قبول نہیں کی گئی۔ اکسیونوف نے بنا کچھ کہے ، اپنی آنکھیں مایوسی سے زمین میں گاڑ لیں۔
"وہ سب کچھ بالکل غلط نہیں تھا جو میں نے تمہارے بارے میں خواب میں دیکھا تھا۔ تمیں یا د ہے؟ تمہیں اس دن باہر نہیں نکلنا چاہیئے تھا۔ "اپنی انگلیاں اس کے بالوں میں سے نکالتے ہوئے اس کی بیوی نے کہا۔ "وانیا میرے پیارے، مجھے سچ بتائو، کیا وہ تم نہیں تھے جس نے یہ سب کیا ہے؟"
"تو اب تم بھی مجھ پر شک کر رہی ہو"اکسیونوف نے کہا اور اپنا چہرا اپنے ہاتھوں میں چھپا کر رونے لگا۔ تبھی ایک سنتری آیا اور کہنے لگا کہ اب تمہارے بیوی بچوں کو جانا ہوگا، اور اکسیونوف نے آخری بار اپنے بیوی بچوں کو الوداع کر دیا۔ جب سب جا چکے تو اپنے آپ کو اکیلا پا کر اکسیونوف نے اپنی بیوی کا خواب اور اس پر شک کر نا یاد کیا اور یہ کہہ کر رونے لگا کہ "اب تو ایسا لگتا ہے کہ بس خدا ہی سچ جانتا ہے، اب بس ایک وہ ہی ہے جس سے میں درخواست کر سکتا ہوں، جسے عرضی دے سکتا ہوںاور ایک اسی سے رحم کی بھیک مانگ سکتا ہوں۔"
اس کے بعد اکسیونوف نے نہ تو کوئی عرضی لکھی اور نہ ہی کوئی امید رکھی۔ اس نے اپنا سارا وقت خدا کی عبادت کے نام کر دیا۔ اس کے بعد اکسیونوف کو کوڑے پڑوانے بھیجا گیا۔ اس کو ایسے کوڑھوں سے مارا گیا جو موت کے بھی باعث بن سکتے تھے۔ جب کوڑھوں کے زخم بھر گئے تو اس کو سایبیریا بھیج دیا گیا۔چھبیس سال تک اکسیونوف سایبیریا میں ایک مجرم کی طرح رہا۔ اس کے بال برف کی طرح سفید ہو گئے اور اس کی ڈارھی لمبی ، پتلی اور زیادہ سفید ہو گئی۔ اس کی ساری خوشی مر چکی تھی ، وہ خمیدہ کمر ہوگیا تھا، اس کے چلنے کی رفتار دھیمی ہو گئی تھی ، وہ کم بولنے لگا تھا، اس کی ہنسی غائب ہو چکی تھی، مگر وہ اب بھی عبادت کر تا تھا۔ جیل میں اکسیونوف نے جوتے بنانا سیکھا اور یہی کر کے اس نے کچھ پیسے بھی کمائے جس ایک کتاب خریدی جس کا نام تھا "ولیوں کی زندگیاں" وہ یہ کتاب جیل میں اس وقت پڑھتا تھا جب وہاں زیادہ روشنی ہوا کرتی تھی ۔ اتوار کے دن وہ اس کتاب کو چرچ کے اندر بلند آواز میں پڑھتا بھی تھا اورمڈہبی گیت بھی گاتا تھا کیونکہ اس کی آواز ابھی تک اچھی تھی۔جیل کے ادھیکاری اکسیونوف کو اس کی نیکی کی وجہ سے پسند کرتے تھے اور دوسرے قیدری اس کی بہت عزت کرتے تھے:وہ اس کو "بابا" اور "دادا" کہہ کر پکارتے تھے۔ جب بھی کسی قیدی کو اپنی عرضی جیل ادھیکاریوں کے سامنے پیش کرنی ہوتی تھی تووہ اکسیونوف کو ہی اپنا نمائندہ بناتے تھے، اور اگر کبھی کوئی جھگڑا ہوتا تھا تو وہ اسی کے پاس انصاف اور صحیح فیصلے کی غرض سے آیا کرتے تھے۔ اکسیونوف کو اپنے گھر کی ذرا بھی خبر نہیں تھی، اس کو تو یہ بھی نہیں پتا تھا کہ اس کے بیوی بچے زندہ بھی ہیں کہ نہیں۔
ایک دن جیل میں قیدیوں کا ایک نیا گروہ لایا گیا۔ شام میں سارے پرانے قیدیوں نے نئے قیدیوں سے ان کے گاؤں اور ان کی سراؤں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی ۔ سب چیزیں چھوڑ کر اکسیونوف ان نئے قیدیوں کی پوچھ تاچھ کے دوران زمین پر بیٹھ کر نیچےسر کئے ان کے ہر ایک لفظ کو غور سے سن رہا تھا ۔ ان نئے قیدیوں میں سے ایک جو تقریباَ ساٹھ سال کا رہا ہوگا ، لمبا ، چوڑا ، اپنے گرفتار ہونے کی وجہ بتا رہا تھا ۔
"دوستو!"اس نے کہا"میں نے بس ایک گھوڑا ، جو کہ ایک گاڑی سے باندھ لیا تو مجھ پر چوری کا الزام لگا دیا گیا ۔ میں نے کہا بھی کہ میں نے ایسا صرف گھر جلدی پہنچنے کے لئے لیا تھا اور اس کے بعد میں اس کو جانے دیتا۔ جبکہ گاڑی ہانکنے والا میرا بہت اچھا دوست تھا۔ تو جب میں نے ان سے کہا کہ 'مجھے جانے دیجیے ' تو انہوں نے کہا کہ 'نہیں ، تم نے اسے چرایا ہے ' مگر وہ یہ نہیں بتا سکے کہ میں نے اسے کب اور کہاں سے چرایا ہے ۔ میں نے ایک بار سچ میں ایک غلط کام کیا تھا ، اور یہاں آنے والا تھا لیکن میں نہیں پکڑا گیا ۔ اب مجھے یہاں بھیجا گیا ہے جبکہ میں نے کچھ نہیں کیا ۔۔۔۔مگر یہ سب جھوٹ ہے ، میں سائبیریا پہلے بھی آچکا ہوں مگر کبھی بہت نہیں رکا۔ "
"تم کہاں سے ہو" کسی نے پوچھا۔
"ولاڈیمر ۔ میرے گھر والے وہاں کے ہیں ۔ میرا نام مکر ہے اور دوسرے لوگ مجھے سیمیونچ بھی کہتے ہیں"
اکسیونوف نے اپنا سر اٹھا یا اور بولا " سیمیونچ کیا تم مجھے کچھ ولاڈیمرکےاس سوداگر اکسیونوف کے بارے میں کچھ بتا سکتے ہو ؟ کیا وہ اب بھی زندہ ہے ؟"
"بتا سکتے ہو ؟ بالکل بتا سکتا ہوں ۔ اکسیونوف کے گھر والے بہت امیر ہیں ۔ مگر ان کا باپ ہماری ہی طرح کہیں اس جیل میں قید ہے چونکہ وہ بھی ایک بہت بڑا گنہگار ہے ! آپ بتایئے ، بابا ، آپ یہاں کیوں آئے؟"
اکسیوننوف نے اپنی بد نصیبی کے بارے میں بتانا درست نہ سمجھا تو اس نے صرف اتنا ہی کہ دیا۔ "میں اپنے ایک گنہ کی وجہ سے اس جیل میں تقریبا َ چھبیس سال سے ہوں ۔"
"کون سا گنہ؟" مکر نے پوچھا۔
"خیر خیر ۔۔۔۔میں گنہگار تھا ۔" اکسیونوف نے تو کچھ نہیں کہا مگر اس کے ساتھیوں نے مکر کو سب بتا دیا کہ اکسیونوف سائبیریا میں کیوں آیا ہے ۔ انہوں نےبتایا کہ کیسے کسی اور نے ایک سوداگر کا قتل کیا اور اکسیونوف کو اس الزام میں قید کر دیا گیا۔ جب مکر نے یہ سب کچھ سنا تو اس کی آنکھیں اکسیونوف کو دیکھتی ہی رہ گئیں ۔ اس نے اپنے گھٹنے پر ہاتھ مار کر کہا۔
"خیر یہ سب بہت عجیب ہے! کافی عجیب!مگر آپ اتنےضعیف کیسے ہو گئے بابا"
دوسروں نے مکر سے بہت پوچھا کہ وہ اس بات پر اتنا کیوں چونکا اور یہ کہ اس نے اکسیونوف کو پہلے کہاں دیکھا تھا، مگر مکر کہ منہ سے ایک لفظ بھی نہ نکلا۔ اس نے بس اتنا ہی کہا ۔
"یہ بہت اچھی بات ہے کہ ہم یہاں آکر پھر سے ملے، دوست!"
ان لفظوں کو سن کر اکسیونوف نے سوچا کہ شاید کہیں یہ آدمی اس سوداگر کے قاتل کو جانتا ہو۔ تو آخر اس نے کہا ۔ " سیمیونچ شاید تم نے مجھے پہلے دیکھا ہو یا پھر تم اس معملے کہ بارے میں کچھ جانتے ہو۔"
"میں صرف سن کر کیسے مدد کروں؟ یہ دنیا افواہوں سے بھری پڑی ہے اور ویسے بھی یہ بہت پرانا واقعہ ہے اور میں بہت چیزیں بھول گیا ہوں۔"
"شاید تم قاتل کو جانتے ہو؟" اکسیونوف نے پوچھا۔
"قتل تو اسی نے کیا ہوگا جس کے سامان میں چاقو ملا تھا ، اگر کسی اور نے وہاں چاقو چھپایا ہو گا، تو جیسا کہ کہا جا تا ہے 'وہ جب تک پکڑا نہ جائے تب تک وہ چور نہیں' کوئی آپ کے سامان میں چاقو کیسے چھپا سکتا تھا جبکہ آپ کا بستہ آپ کہ سر کے نیچے رکھا تھا ؟ وہ آپ کو ضرور اٹھا دیتا۔"
جب اکسیونوف نے یہ الفاظ سنے تو اس کو یقین ہو گیا کہ مکر ہی وہ آدمی ہے جس نے وہ قتل کیا تھا۔ اکسیونوف وہاں سے اٹھا اور چلا گیا۔ وہ رات اکسیونوف نے جاگ کر بتائی۔ اس کو بہت برا لگ رہا تھا اور وہ سارے منظر اس کی آنکھوں کے سامنے گھوم رہے تھے۔ اسے اپنی بیوی کا چہرہ یاد آرہا تھا جب وہ اسے چھوڑ کر میلے کی طرف روانہ ہوا تھا۔اس نے اس کو ایسے یاد کیا جیسے کہ وہ وہاں موجود ہو؛اس کی آنکھیں اور اس کا چہرہ اس کی آنکھوں کے سامنے آگیا اور اس کی ہنسی کی خوبصورت آواز اس کے کانوں میں گونجنے لگی۔پھر اس نے اپنے بچوں کو یاد کیا، جو اس وقت کافی چھوٹے تھے، ایک جس نے اپنے برابر کا چوغہ پہنا تھا اور ایک وہ جو ابھی ماں کی گود میں ہی تھا۔۔ان سب کے بعد اس نے اپنے آپ کاوہ وقت یاد کیا جب وہ ایک بھرپور نوجوان تھا –طاقت ور اور ہنس مکھ۔ اس کو وہ وقت یاد آیا جب وہ آخری بار اس پیڑ کے نیچے بیٹھے گٹار بجا رہا تھا، اور یہ کہ وہ دنیا کی پریشانیوں سے کتنا آزاد تھا۔ ۔ وہ یہ سب یاد کر کے اتنا رنجیدہ ہو گیا کہ وہ اپنے آپ کو مارنے کی نوبت تک آپہنچا۔
"اور یہ سب اس ذلیل کا کیا دھرا ہے۔"اکسیونوف نے سوچا۔ یہ سب سوچ کر مکر کے خلاف اس کاغصہ بہت بڑھ گیا تھا جبکہ وہ خود بھی جانتا تھا کہ غصہ کو دبادینا ہی سب سے اہم بات ہے۔ وہ پوری رات عبادت کرتا رہا مگر اس کو سکون نہیں ملا۔ اگلا پورا دن ، اس نے نہ تو مکر کے پاس جانا مناسب سمجھا اور نہ اس کی طرف دیکھنا۔ دو ہفتے ایسے ہی بیت گئے۔ اکسیونوف رات میں سو بھی نہیں پاتا، وہ بس دکھی ہو جاتا کیونکہ اس کو یہ نہیں سمجھ آرہا تھا کہ وہ کیا کرے۔ ایک رات جب وہ جیل میں ٹہل رہا تھا ، اچانک اسے ایسا لگا جیسے زمین پر سے کوئی چیز ہلی اور وہاں سے کوئی قیدی نکلا۔ وہ رکا اور وہا ں غور سے دیکھنے لگا۔ وہ مکر تھا، اس کا چہرا سہما ہوا تھا۔ اکسیونوف اس کی طرف سے مڑا ہی تھا کہ مکر نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا اور اس کو بتایا کہ اس نے ایک سرنگ بنائی ہے، جو روڈ پر نکلتی ہے۔
"تم بس چپ رہنا بڈھے ، اس طرح تم بھی باہر نکل سکوگے۔ اگر تم نے کچھ بھی کہا تو وہ مجھے مار دیں گے مگر اس سے پہلے میں تمہیں مار دوں گا۔ "
اکسیونوف غصے سے کانپنے لگا۔ اس نے اپنا ہاتھ مکر کے ہاتھ سے جھٹکا اور اس سے کہنے لگا۔
"مجھے جیل سے بھاگنے کی کوئی خواہش نہیں ہے اور تمہیں مجھے مار نے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، تم نے مجھے بہت پہلے ہی مار دیا تھا۔ تمہارے بارے میں میں کچھ کروں نہ کروں ۔۔۔۔خدا ضرور کرے گا۔ "
اگلے دن جب سارے قیدی اپنے اپنے کاموں میں مشغول تھے تب کسی سپاہی نے یہ محسوس کیا کہ کسی ایک قیدی نے کوئی سرنگ بنائی ہے، کیونکہ اس کا پیر ایک گڈھے پر پڑا تھا۔ اس قیدی کی پورے جیل میں تلاش شروع ہوئی اور ساتھ ہی ساتھ سرنگ میں بھی ۔ خود گورنر نے آکر سارے قیدیوں سےتفتیش کی۔سب نے صرف یہ ہی کہا کہ ان کو کچھ نہیں معلوم ۔ جن کو پتا تھا ، انہوں نے بھی انکار کیا کیونکہ ان کو پتا تھا کہ اگر بتا دیا گیا تومکر سیمیونچ کو موت تک مل سکتی ہے۔ آخر میں گورنر اکسیونوف کی طرف بڑھا اور چونکہ وہ اس کو ایک سچا آدمی مانتا تھا اس لیے اس سے بھی اس بارے میں پوچھا۔
مکر سیمیونچ اپنی جگہ پر بت کی طرح کھڑا تھا، اس نے اپنی آنکھیں بھی اکسیونوف کی طرف نہیں کیں۔ اکسیونف کے ہاتھ پیراور ہونٹ کانپنے لگے اور وہ کئی دیر تک کچھ نہ کہہ سکا۔ اس نے سوچا۔
"آخر میں اس آدمی کی زندگی کو کیوں بچاؤں جس نے میری پوری زندگی برباد کر دی؟اسے اپنے گناہوں کی سزا ملنی چاہیے۔لیکن اگر میں گورنر کو سب بتا دوں تو وہ اس کو موت دے دیگا ، اور پھر کیا پتہ شاید میں ہی غلط ہوں، اور پھر اس سے میرا کیا فائدہ ہوگا؟"
"تو بابا، ہمیں سچ بتاؤ ، یہ سرنگ کس نے کھودی؟" گورنر نے اکسیونوف سے پھر سوال کیا۔
اکسیونوف کی نظر مکر کی طرف گئی اور گورنر کی طرف دیکھ کر اس نے کہا۔"میں کچھ نہیں کہہ سکتا ، یورآنر۔ خدا نہیں چاہتا کہ میں کچھ کہوں ، میں آپ کے سامنے ہوں اور اس خاموشی کے بدلے میں آپ میرے ساتھ کچھ بھی کر سکتے ہیں۔"
خیر یہ بات تو گورنر کو بھی پتا تھی کہ وہ کتنی بھی کوشش کر لے اکسیونوف سے اصل بات نہیں معلوم کر پائے گا ، الغرض اس نے معاملہ رفع دفع کر دیا۔ اس رات جب اکسیونوف اپنے بستر پر لیٹ کر سونے ہی والا تھا، تبھی کوئی دبے پاؤں اس کے پاس آیا اور اس کے بستر پر بیٹھ گیا۔ اکسیونوف نے اپنی آنکھوں سے جب غور کرا تو دیکھا کہ وہ مکر تھا۔
"تمہیں مجھ سے اور کیا چاہیئے؟"اکسیونوف نے کہا"اب یہاں کیوں آئے ہو؟"
مکر سیمیونچ چپ بیٹھا رہا۔ تبھی اکسیونوف اٹھ بیٹھا اور بولا۔ "تمہیں کیا چاہیئے، جاؤ یہاں سے ورنہ میں سپاہیوں کو بلا لوں گا۔"
مکر اکسیونوف کی طرف جھکا اور اس کے کان میں بولا۔"آئیوان ، مجھے معاف کر دو۔"
"کس لئے؟" اکسیونوف نے پوچھا۔
"وہ میں ہی تھا جس نے اس سوداگر کا قتل کیا تھا اور وہ چاقو تمہارے سامان میں چھپا دیا تھا۔ میں تو تم کو بھی مارنے والا تھا، مگر پھر میں نے باہر سے کوئی آواز سنی توچاقو تمہارے سامان میں چھپا کر وہاں سے بھاگ گیا۔"
اکسیونوف خاموش تھا ، اسے بالکل سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اب کیا کہے۔ مکر سیمیونچ بستر پر سے ہٹا اور زمین پر آکر اکسیونوف سے بولا۔
"مجھے معاف کر دو، خدا کے لئے مجھے معاف کردو، میں یہ بات گورنر صاحب کو بتا دونگا کہ وہ قتل میں نے کیا تھا اور پھر تم آزاد ہو گے۔ "
"تمہارے لیے یہ کہنا آسان ہے"اکسیونوف نے کہا"مگر میں نے یہاں اپنے چھبیس سال کاٹ دیے ہیں، میں اب کہاں جاؤں گا، میرے بیوی مر گئ اور میرے بچے مجھے بھول چکے ہیں،میرے پاس اب جانے کے لئے کوئی جگہ نہیں بچی۔"
مکر اٹھا نہیں بلکہ اس نے اپنا سر زمین میں مارا اور پھر کہنے لگا۔
"آیئوان، مجھے معاف کر دو، " وہ چیخا"کوڑھے سے پٹنا اتنا دردناک نہیں ہوتا جتنا کہ مجھے تم کو دیکھ کر دکھ ہو رہا ہے۔ اور ابھی بھی تمہیں مجھ پر ترس ہے کہ جو تم کسی کو بتاتے نہیں۔عیسی کے نام پر مجھے معاف کر دو، میں کتنا نیچ ہوں"اس نے کہا اور رونے لگا۔
جب اکسیونوف نے اس کو روتا دیکھا تو اس کی بھی آنکھوں سے آنسو آگئے۔ "خدا تمہیں معا ف کرے، شاید میں تم سے بھی سو گنا برا تھا۔" پھر یہ الفاظ کہ کر اس کا دل ہلکا ہوا اور اس کے گھر جانے کی خواہش مری۔ اس کے دل میں اب جیل چھوڑ کر جانے کی کوئی خواہش نہیں تھی، بلکہ وہ تو اب اپنے اخری وقت کے انتظار میں تھا۔
ان سب باتوں کو دور رکھ کر مکر نے گورنر کو سب سچ بتا دیا۔ مگر جب تک اکسیونوف کی رہائے کے آرڈر آئے، وہ مر چکا تھا۔
ْ







جمعہ، 15 مئی، 2015

زاہد امروز کی تازہ نظمیں

میراجی مر گیا، مگر اس کے دور کی جنسی مجبوریاں، جبلتیں اور حیرانیاں سب کی سب زندہ ہیں، میراجی کی آنکھ نے جن مسائل کو دیکھا تھا، جن خونی، جنونی اور عبرت ناک حبس میں اپنی زندگی گزاری تھی، اس میں ذاتی کرب کا اظہار شاید سب سے بڑا مسئلہ تھا، جو ایک رستے سے نہ ہوپایا تو اس نے اپنی ہزاروں چھوٹی بڑی تخلیقی صورتیں ایجاد کرلیں۔ نئی دنیا کا آدمی، خاص طور پر برصغیر میں اپنی جنسی محرومیوں کو اب ایک نئے آئنے میں دیکھ رہا ہے، سماج، مذہب، شرافت اور تہذیب کی سیاستیں اس کی جنسی خواہشوں کے رسائومیں تو آڑے آہی رہی تھیں، اب تو ہمیں نفرت اور باغیانہ عہد کے دور میں بلاوجہ کے بہت سے مسائل تھما دیے گئے ہیں، ماتھے پر اپنی شناخت کی حفاظت کا بھبھوت مل دیا گیا ہے، اور ہم بائولوں کی طرح ایک دوسرے کے استروں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور کیوں نہ رکھیں ، چاہے ہر شہری ذہنی طور پر جنگ کی خواہش کرنے والا، وطن، مذہب، سماج، تہذیب کی سرحد پر تعینات کیا گیا سپاہی ہی کیوں نہ بنادیا جائے، وہ جنس کی محرومی سے تو بچ نہیں سکتا۔ یہ تو موت کی طرح اٹل اور زندگی کی طرح سفاک ہے۔اسے تو ہونا ہے، ہوکر رہنا ہے۔زاہد کی یہ چھ نظمیں اکیسویں صدی میں مشرق کے ان پست ذہن لوگوں کی جنسی خواہشوں کو نمایاں کرتی ہیں، جن کو فیض نے کبھی 'کتوں'سے تعبیر کیا تھا۔فیض نے کتے کا لفظ اس لیے بھی استعمال کیا تھا کہ اسے اپنی پچھڑی ہوئی، سڑی گلی اور مردہ و بے روح وجودیت پر کوئی اعتراض بھی نہیں ہوتا، مگر زاہد نے ایک قدم آگے بڑھ کر ان کتوں کی بھی ایک ایسی دکھتی رگ پر انگلی رکھی ہے، جن تک شاید فیض کی نظر نہیں پہنچی اوروہ ہے جنسی روگ۔یہ نظمیں نہیں ہیں، خون میں لت پت شہری کی جنسی خواہشیں ہیں، زاہد نے اس خون اور خواہش کو لفظ کردیا ہے۔ نثری نظم اردو زبان میں ابھی تک بدلتے ہوئے منظرنامے میں اپنی بھرپور شعری نمائندگی درج نہیں کراسکی ہے۔ اس میں جتنا قصور نثری نظم کے نام پر اوندھی سیدھی لکیریں کھینچنے والے شاعروں کا ہے، اتنا ہی اردو کے اس قاری کا بھی ہے، جس کو آج بھی غزل کے دلار اور دیسی گھی میں سنے نوالے کی ہی عادت ہے۔غزل اور نظم کا موازنہ میرا مقصد نہیں، مگر بدلتے ہوئے دور مسائل کی نمائندگی کرپانے کی صلاحیت ابھی غزل میں نہیں ہے، اور ادریس بابر کی غزل کو ہضم کرنے کا حوصلہ بھی ہم میں نہیں۔چنانچہ زاہد کی ایسی نظموں کے بارے میں کسی قسم کی بھوشیہ وانی کرنا میرا مقصد نہیں، مگر غزل کے مقابلے میں آزاد یانثری نظم اب میرے نزدیک زیادہ پائدار، اصل تخلیقی اور ضروری صنف ہے۔

(1)
آ ہم جسموں کاروزہ افطار کریں

اور جب شہر کی گلیوں میں
رات کی زخمی لاش آگرتی ہے
سورج اپنی سرخی سے
کچھ قبروں کے کتبے لکھ جاتا ہے
دن کی بوسیدہ الماری سے
ٹڈیوں کے غول برآمد ہوتے ہیں
اور جگہ جگہ سے اُجلی صبح کے خواب کتر جاتے ہیں

اِس موہوم سی حسرت پر
کہ ہم اندھی تقدیروں کے غار سے نکلیں
کوئی ہمیں جیون کی دلدل میں کھینچتارہتا ہے
کوئی ہماری شریانوں میں
خوف کی بھاری زنجیریں چھنکاتا ہے
دنیا اِس جھنکار میں جکڑی جاتی ہے

جب محرومی کی ریت بدن میں اُڑتی ہے
ایسے میں بس ایک سہولت ہے
اپنے تالُوکی خشکی میں
میں تیرے لمس کی شیرینی چکھ لیتا ہوں
مجھ کو تیری طلب کا روزہ لگنے لگتا ہے

اس سے پہلے کہ یہ روزہ
موت کے برہم ہاتھ میں ٹوٹے
آہم اِس کو
اپنے جسم کے میٹھے پھل سے اِفطار کریں
رات کی زخمی لاش شہر پر گرنے سے پہلے!

(2)
تمہاری چھاتیاں دو خدا ہیں جن سے میں ملنا چاہتا ہوں

تمہارے پستانوں کو میرے ہاتھوں کی پیاس نہیں لگی؟
نو سو چھبیس گھنٹوں سے میں نے تمہیں چھوا نہیں
تم اب تک زندہ کیسے ہو؟
میں اپنے زیر جامے میں سکڑ آیا ہوں
تمہاری زبان کا ذائقہ میرے عضو سے
پیٹ کی گہرائی تک اُتر آیا ہے
تمہارے ہاتھوں کی نیل پالش میری ناف کے نیچے جم چکی ہے

بھرا ہوا آسمان خالی ہے
تمہاری چھاتیاں دو خدا ہیں
جن کے سامنے کائنات
شام کی روشنی میں سجدہ ریز ہے
میرے ہاتھ
میری لاپروا آنکھیں
اورتمہارے بوسوں سے محروم
میرے سینے اور پیٹ کے درمیان دنیا
متشدد خواہش سے بھر گئے ہیں
لیکن ابھی تک میرے پاس
اِس کیفیت کا کوئی نام نہیں
جس میں سارا دن
میَں تمہارے کولہوں پر سویا رہتا ہوں
اور شعلوں کی لپک
زیرجاموں میں پگھل جاتی ہے

(3)
میرے آنسوؤں سے زمین حاملہ ہو جاتی ہے

ہوا میرے آنسو روتی ہے
اور خاموشی
میری سسکیوں میں سسکتی رہتی ہے
میں نے روشنی کے لیے دروازے کھولے
تو دِلوں میں اندھیرا دَر آیا

دِن مجھے چوری کرتے رہتے ہیں
اور رات مجھے خالی پن سے بھر دیتی ہے
میں نے چیونٹی تک نہ ماری
پھر بھی قاتل میرا لقب بنا

لاشیں نہلادی گئیں
اور ان کامُردہ پانی
میری جڑوں نے چوس لیا
مشک کافور بھری میری خاموشی
اب میرے خون کا کفارہ ہے

جہاں میری میّت پڑی ہے
وہاں کبھی میرا بچپن کھیلا تھا
اور جہاں زمین حاملہ ہوئی
وہاں میری قبر لکھی ہے

(4)
آوازیں ہم کو شہر ِعدم تک لے جاتی ہیں

آوازیں آتی ہیں
اَن جانی سمتوں سے اَن جان آوازیں آتی ہیں
روشنیوں کے دائرے ٹوٹتے رہتے ہیں

کہنے کو تو کتنا کچھ انسان کے دست ِبیش بہا میں ہے
کتنے سیّاروں کی روشنیاں اِ ن آنکھوں کی قید میں ہیں
کتنی دنیاؤں کی آوازیں اِن کانوں کے قفل میں ہیں
پھر بھی اَن جان آوازیں آتی ہیں
رات کے خالی برتن میں یہ کیسا شور بھرا ہے!
دن کی ٹانگیں کائنات کے رعب سے کانپتی رہتی ہیں
اِس لاغر،کانپتی ٹانگوں والے دن سے کون اُمید کرے
کون اِس دل کے چیختے ویرانوں میں گونجتی آوازوں کی گونج بنے!

اَن جان آوازیں آتی ہیں
جیسے آفاق پہ کوئی دَیو دھاڑتا ہے
جس کی سانسیں سہمے سینوں میں پھنکارتی ہیں
جس کے دانت اِن جسموں کے پاتال میں اُتر گئے ہیں
جس کے پنجے پُشت کی گہرائی تک پھیل گئے ہیں

آوازیں آتی ہیں
اَن جانی روشنیوں کے سائے
سورج کو گہنا دیتے ہیں
اور ہم آوازوں کے تعاقب میں
شہر ِ عدم تک آجاتے ہیں

(5)
دنیا تم کو جیسے بھی دیکھے

دنیا تم کو جیسے بھی دیکھے
میرے لیے تم
سرما کی شام کی ٹھنڈک ہو
شب کے شکم میں ڈھلتے ڈھلتے
تم میری روح پر بوسے لکھ جاتی ہو

جب تم رات کے گہرے جوف میں ڈھل جاتی ہو
صف بہ صف
تمہاری یاد کی چیونٹیاں آتی ہیں
اور رینگتے رینگتے میرے دل میں رینگنے لگتی ہیں
خواہش اور خوراک
محبت اور مایوسی
وہ دانہ دانہ سب کچھ چُن لیتی ہیں
ذرّہ ذرّہ مجھ کو
جسموں کے خالی بِل میں بھر لیتی ہیں

دنیا تم کو جیسے بھی دیکھے
میرے لیے تم
کوہِ نمک کی ڈھلوانوں کی ناہمواری ہو
اپنی اُترائی پہ تمہارے کولہے
پوٹھوہار کی رات سے ہم بستر ہوجاتے ہیں
تمہارے دل کی چھت پر دو مہتاب چمکتے ہیں
جن کی ضَو میں میری روح غسل کرتی ہے
دُھلی ہوئی اِس روح میں تم
اپنے ہونٹوں کا رَس بھردیتی ہو
جس کو تمہاری یاد کی چیونٹیاں
قطرہ قطرہ پیتی ہیں
اور لمحہ لمحہ جیتی ہیں

(6)
تم وہی رہو، جو ہو

جیسے میں چاند کے دو پستان بنانا چاہتا ہوں
جیسے میں چاہتا ہوں
سورج میری بانہوں میں ڈوبے
اور تمہارے سینے کی گھاٹی سے اُبھرے
میں دن کو شب کی ناف سے پیدا کرنا چاہتا ہوں

میں دیکھتا ہوں
جیسے ہر دو چیزیں
اِک دوجے سے دور ہوئی جاتی ہیں
جیسے میری روح خزاں کا پھول ہے
جیسے میرا دل ایک سمندری گھونگا ہے
جیسے ساری دنیا ایسی ہے
جیسی وہ رہنا چاہتی ہے
اِسی طرح جو تم ہو
گندم کا دودھیا خوشہ
چھلی ہوئی بے پردہ چھلّی
اِسی طرح تم وہی رہو
پوری اور ادھوری
جس کا دل ہے سیّاروں کا سورج
جس کا جسم ہے ساری کائنات
اِسی طرح تم وہی رہو
عیاری اور منافقتوں سے پاکیزہ
جس کو پوجنا چاہتا ہے
دنیا کا مکّار خدا!

جمعرات، 14 مئی، 2015

جنوبی ایشیا میں فاشزم کا عروج

کراچی کے ادبی میلے میں ہر مرتبہ جو پاکستانی اکٹھے ہوتے ہیں وہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی کے سبب غیر ملکی دوستوں کے سامنے کچھ شرمندہ شرمندہ نظر آتے ہیں۔ اس مرتبہ ادبی میلے والے ہوٹل کے لان میں ایک ہندوستانی شخصیت کی باتیں سننے کا اتفاق ہوا جو بھارت میں بڑھتے ہوئے فاشزم پر پریشان نظر آتے تھے۔مجھے ان کی باتیں سن کر ویسی ہی مسرت ہوئی جسی کسی عاشق کو یہ سن کر ہوتی ہوگی کہ حضرتِ ناصح جو انھیں عشق سے پرہیز کی نصیحت کیا کرتے تھے، وہ آج کل خود بھی عشق سے منسلک پریشانیوں میں مبتلا ہیں۔ میری مسرت کا تعلق اس بات سے قطعاً نہیں تھا کہ بھارت میں فاشزم کوئی ایسی چیز ہے جو نئے نویلے عشق کی طرح حال ہی میں نمودار ہو گئی ہے، بلکہ اس بات سے تھا کہ بھارتی فاشزم کو اب ننگی آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے اور بھارتی دانش ور اب اس سے آنکھ چرانے کے بجائے اسے ایک حقیقت تسلیم کر رہے ہیں۔ اور ظاہر ہے کہ کسی نقصان دہ سیاسی نظریے کا مقابلہ کرنے کے لیے شرطِ اوّل یہی ہے کہ اسے کوئی موہوم سا مظہر سمجھنے کے بجائے واضح حقیقت سمجھا جائے اور اس کی اسی حیثیت کو سمجھانے کی بھی کوشش کی جائے۔
میلے کے ایک سیشن میں پاکستانی، بھارتی اور بنگلادیشی ادیب بھی موجود تھے، وہاں بھی بصد شوق گیا کہ دیکھیے بنگلادیشی ادیبہ اپنے ملک میں فاشزم کی تازہ لہر کے بارے میں کیا کہتی ہیں۔ تاہم وہاں کتابوں کی اشاعت کے مسائل پر بات ہو رہی تھی۔ بنگلادیش میں عوامی لیگ اور اس کی لیڈر شیخ حسینہ کے ہاں فاشزم اس اعتبار سے اور بھی افسوس ناک نظر آتا ہے کہ بنگلادیش کو اپنی ریاست کے اندر ویسے متنوع مسائل اور معاملات کا سامنا نہیں ہے جیسے پاکستان یا بھارت کو ہے۔ برصغیر کا ایک اور ملک سری لنکا بھی چند ماہ پہلے صدر مہندرا راجا پاکسے جیسے مردِ آہن کے ہاتھوں میں تھا اور وہ بھی اختیارات کے اپنی ذات میں زیادہ سے زیادہ ارتکاز کے خواہش مند نظر آتے تھے۔ تاملوں پر فتح کے بعد انھوں نے ان کے لیے ویسی رواداری کا مظاہرہ نہیں کیاجس کی توقع ایک جمہوری مزاج رکھنے والے سیاست دان سے کی جانی چاہیے۔
برصغیر کی سیاست اور معاشرے میں فاشزم کے رجحان کا مطالعہ کرتے وقت سب سے اہم بات یہ پیشِ نظر رکھنی چاہیے کہ برصغیر کی تقسیم کا مطالبہ بھی اسی لیے کیا گیا تھا کہ ہندوستان کی ایک بڑی اور طاقت ور اقلیت کو یہ خدشہ تھا کہ انگریزوں سے آزادی کے بعد کانگریس ہندو اکثریت کے بل بوتے پر انھیں دبائے گی۔ یہ احساس تقسیمِ ہند سے پہلے کے مسیحیوں، اچھوتوں اور کسی حد تک سکھوں میں بھی موجود تھا۔ ان خدشات کا حل نکالنے کے ایک سے زیادہ راستے موجود تھے۔ مسلمانوں کی اکثریت نے ان میں سے ایک راستے کا انتخاب کیا اور پاکستان بنا لیا۔ اچھوتوں نے ایک اور راستے کا انتخاب کیا اور ڈاکٹر امبیدکر کی قیادت میں آئینی ضمانتیں حاصل کر لیں۔ اب بھی مسلمانوں اور اچھوتوں میں ایسے لوگ موجود ہوں گے جو اپنی اپنی کمیونٹی کے لیے منتخب کردہ حل سے مطمئن نہیں ہوں گے، لیکن یہ بات ایک حقیقت ہے کہ مسلمانوں اور اچھوتوں (اور دوسری اقلیتوں) کو اپنے روندے جانے کا خدشہ ضرور تھا اور تقسیمِ ہند کے بعد ایسے حالات باربار پیدا ہوئے جن میں ان کا یہ خدشہ درست ثابت ہوا۔ ان اقلیتوں کو یہ خدشہ ہندو اکثریت کے ہاں پائے جانے والے جس رجحان کی بنیاد پر تھا، اسی کی زیادہ واضح اور زیادہ بری صورت فاشزم ہے۔ ڈاکٹر امبیدکر نے واضح کر دیا تھا کہ قیامِ پاکستان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو یہ سمجھنا غلط ہوگا کہ ان کے خدشات ختم ہو جائیں گے۔ مطلب یہ کہ اگر پاکستان انیس سو سینتالیس میں نہ بنتا تو اس کا مطالبہ بعد میں بھی کسی نہ کسی صورت میں زندہ ضرور رہتا۔ شاید یہ بات جواہر لال نہرو اور ان سے زیادہ سردار پٹیل کی بھی نظر میں تھی، اس لیے انھوں نے ہندو مسلم تنازعے کے شکار متحدہ ہندوستان کے بجائے ایک متحد اور سینٹرلائزڈ لیکن رقبے میں مختصر ہندوستان پر اکتفا کرنا زیادہ بہتر سمجھا جس کی تعمیر و تشکیل وہ اپنے وژن کے مطابق کر سکیں۔
ڈاکٹر امبیدکر خود اپنی اچھوت کمیونٹی کے لیے ویسے ہی خدشات رکھتے تھے اور اپنی کمیونٹی کے لیے بھی الگ حق رائے دہی حاصل کرنا چاہتے تھے۔ انگریز بھی اس کے لیے تیار ہو گئے تھے مگر گاندھی جی کو اس مسئلے کی سنگینی کا احساس تھا۔ انھوں نے مرن برت رکھ لیا اور مدن موہن مالویہ وغیرہ نے ڈاکٹر امبیدکر کو یہ کہہ کر رام کر لیا کہ اگر گاندھی جی کا اسی مرن برت کے دوران دیہانت ہو گیا تو دلت مخالف فسادات شروع ہو سکتے ہیں۔ یوں انھوں نے ڈاکٹر امبیدکر کو دلتوں کے لیے الگ حق رائے دہی کے حصول سے باز رکھا۔ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ اگر اچھوتوں کو اپنے نمایندے الگ سے منتخب کرنے کا حق مل جاتا تو ہندوستان کی آزادی کے وقت ان کا فیصلہ کیا ہوتا مگر اتنا ضرور کہا جا سکتا ہے کہ وہ جو بھی فیصلہ کرتے ایک برتر حیثیت سے کرتے۔ ڈاکٹر امبیدکر کو جیسی جذباتیت سے رام کیا گیا ویسی جذباتیت سے انگریزی طرزِ فکر کے حامل جناح کو متاثر کرنا ناممکن نہیں تو مشکل ضرور ہوتا۔
ڈاکٹر امبیدکر نے مسلم لیگ کی جانب سے قیامِ پاکستان کے مطالبے کے فوری بعد ایک کتاب لکھی تھی جس کا عنوان تھا: پاکستان یا تقسیمِ ہند۔ اس کتاب میں انھوں نے مسلمانوں کے خدشات کو جینوئن قرار دیا تھا۔ انھوں نے اپنی اس کتاب میں دلائل اس بنیادی نکتے سے اٹھائے کہ ایک متنوع معاشرے میں کوئی کمیونٹی صرف اس بنیاد پر مسلسل شکرگزار نہیں رہ سکتی کہ اسے پیٹ بھرنے کے لیے روٹی فراہم کر دی جاتی ہے۔ اس کے اطمینان کے لیے ضروری ہے کہ اس کے معاشرے میں ’حاکم نسل اور محکوم نسل‘ کا تصور موجود نہ ہو اور اسے ریاست کے ہر اہم فیصلے میں شراکت کا احساس ہو۔ڈاکٹر امبیدکر کا خیال تھا کہ ان کے ہندوستان میں ’حاکم نسل اور محکوم نسل‘ کا تصور پوری طرح موجود تھا اور گاندھی جی کی رواداری اور جواہر لال نہرو کے سیکولرازم کے باوجود ان کا خیال یہ تھا کہ ’’کانگریس اپنی ہندو ذہنیت اور ہندو اندازِ فکر کے اظہار پر مجبور ہے۔ کانگریس اور ہندو مہاسبھا میں محض ایک فرق ہے کہ فریقِ دوم اپنی گفتار میں کھردرا اور اپنے عمل میں ظالم ہے جب کہ کانگریس سیاسی زبان بولتی ہے اور نرم خو ہے۔‘‘
دلچسپ بات یہ ہے کہ جب مسلمانوں نے پاکستان حاصل کر لیا تو اکثریت کی جانب سے روندے جانے کا یہی خدشہ پہلے مشرقی پاکستان اور بعد میں باقی ماندہ پاکستان کے چھوٹے صوبوں میں بھی پیدا ہوا۔ مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ مشرقی پاکستان کو باقی پاکستان پر آبادی کے لحاظ سے بھی برتری حاصل تھی مگر اسے اس آبادی کے تناسب سے اقتدار میں حصہ نہیں مل رہا تھا۔ اس سے یہ بات بھی ثابت ہوتی ہے کہ ’روندے جانے کے خدشے‘ کے لیے کسی کمیونٹی کا عددی اقلیت میں ہونا بھی ضروری نہیں۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ فاشسٹ رجحان ہمارے معاشرے میں اس حد تک رچے بسے ہیں کہ ایک کمیونٹی، جو خود کسی دوسری کمیونٹی کے ہاتھوں روندے جانے کے خدشے سے دوچار رہی ہو، جب خود طاقت حاصل کر لیتی ہے تو اپنے چھوٹے گروہوں کے ساتھ کسی قسم کی فیاضی کا مظاہرہ نہیں کرتی۔ آج کا پاکستان اس سلسلے میں ایک ٹیسٹ کیس ہے۔ تین چھوٹے صوبے ایک بڑے صوبے پنجاب کی شکایت کرتے ہیں مگر اپنے صوبے میں موجود چھوٹی لسانی اکائیوں کے لیے ویسی رواداری نہیں دکھاتے جیسی رواداری کے وہ خود پنجاب سے طالب ہیں۔ سندھ کی حکم راں پیپلز پارٹی شہری علاقوں میں بسنے والے مہاجرین کی اولادوں سے تعصب برتتی ہے اور فریقِ ثانی کی نمایندہ تنظیم متحدہ قومی موومنٹ کو کراچی میں پشتونوں کی بڑھتی ہوئی آبادی گوارا نہیں اور وہ کراچی کا بلاشرکتِ غیرے مالک بننا چاہتی ہے۔
متحدہ ہندوستان دنیا بھر میں اپنے لسانی، نسلی اور مذہبی تنوع کے حوالے سے پہچانا جاتا تھا۔ کیا ہی اچھا ہوتا کہ ہم سب اس تنوع، اس رنگارنگی کو فخر کے ساتھ دنیا بھر کے سامنے پیش کرتے۔ مگر ہم ایک دوسرے کے حوالے سے اپنی نفرتیں، اپنے خدشات ختم یا کم نہ کر سکے۔ ہم تین ملکوں میں تقسیم ہو چکے اور ان تقسیم شدہ ملکوں میں بھی خود کو مختلف گروہوں میں بانٹ کر بیک وقت اپنا تحفظ کرنے اور دوسرے گروہوں کو نیست و نابود کرنے کے خواب دیکھتے ہیں۔ ایسے میں معاشرہ فاشسٹ رجحانات کا نمایندہ بن جائے تو اس میں امریکا وغیرہ کی سازش کو دوش کیا دینا۔ یہ تو ہمارا اپنا ہی کیا دھرا ہے۔
ایک دوسرے کے لیے عدم برداشت کا رویہ ہمارے برصغیر کے عوام کی جبلت میں موجود ہے اور اس کے تدارک کے لیے گاندھی جی کا اہنسا کا فلسفہ ناکافی ثابت ہوا تھا۔ وجہ یہ ہے کہ ایک گاندھی جی کے مقابلے میں یہاں کئی ایسے مولانا اور تپسوی مہاراج موجود رہے ہیں جو عوام کے سستے قسم کے جذبات اور جبلتوں کی نمایندگی کرتے ہیں اور مرکزی رہ نماؤں کو بھی جب پاپولر پالیٹیکس کے لیے کوئی چال چلنا ہوتی ہے تو وہ اکثر و بیش تر انھی مہروں کو آگے بڑھاتے ہیں۔آج ہم اپنی تحریک آزادی کے دور کے تقریباً ہر سیاست دان کے لیے سراپا احترام ہیں، لیکن یاد رکھیے کہ انھی سیاست دانوں کی سیاست میں ڈاکٹر امبیدکر کو حاکم نسل سے وابستگی کا احساسِ تفاخر نظر آیا تھا جس کی بدولت اقلیتی کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے افراد کئی طرح کے خدشات کا شکار تھے۔ اس لیے تحریک آزادی سے وابستہ تمام سیاست دانوں کا بھی غیر جذباتی مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ ہماری تعمیر میں خرابی کی کتنی صورتیں مضمر ہیں۔
جنوبی ایشیا میں فاشسٹ رویوں کا مطالعہ کرتے وقت اس خطے کی خون آلود اور حسرت ناک تاریخ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے سیاست دانوں کا نفسیاتی مطالعہ، بہت سی گرہیں کھول سکتا ہے۔ ان سیاست دانوں کی شخصیتوں میں پیچ تو اور بھی ہوں گے، جنھیں دریافت کرنا ان کا کام ہے جو تاریخ اور نفسیات دونوں شعبوں میں مہارتِ تامہ رکھتے ہوں۔ میں تو فی الحال ان سیاست دانوں کے دو رجحانات پر روشنی ڈالنا چاہوں گا اور وہ یہ کہ پچھلے کئی عشروں کے دوران جنوبی ایشیا کے سیاست دانوں میں خود کو دیوتا، انسانِ کامل، مردِ آہن وغیرہ کہلانے کا شوق تو بڑھتا چلا گیا ہے لیکن دوسری جانب وہ تاریخ کے اہم ترین مراحل پر مختلف تنازعات کو حل کرنے کی کوششوں میں باربار ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
برصغیر کی تقسیم کے دوران ہندوستان میں گاندھی جی، جواہر لال نہرو اور محمد علی جناح جیسے لیڈر موجود تھے جنھوں نے اپنی عمریں جمہوری جدوجہد میں صرف کی تھیں۔ تقسیمِ ہند کے بعد گاندھی جی جو ساڑھے پانچ ماہ زندہ رہے ان کے دوران ان کے جمہوری رویے اور بھی نمایاں ہو کر سامنے آئے۔ وہ ہندو مسلم فسادات کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہو گئے اور انھوں نے پاکستان کو اس کے اثاثے دینے کے لیے بھی پرزور مطالبہ کیا۔ شاید اس کی وجہ یہ ہو کہ گاندھی جی نے تقسیمِ ہند کے بعد اقتدار میں براہِ راست حصہ قبول نہیں کیا تھا۔ وہ برصغیر کی آزادی کے بعد صرف ساڑھے پانچ ماہ زندہ رہے اور یہ یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ اگر وہ مزید زندہ رہتے تو اپنے اصولوں پر کس حد تک کاربند رہتے، مگر یہ ایک حقیقت ہے کہ ان کی جان اس وجہ سے لی گئی کہ وہ مسلمان اقلیت کے تحفظ کی بات کرتے تھے۔
گاندھی جی نے تحریکِ خلافت کے دوران جذباتی مسلمانوں کے ان مطالبات کی بھی حمایت کی جو جدید نظریات رکھنے والے مسلمانوں اور خود ترکوں کو بھی قبول نہیں تھے۔ ڈاکٹر امبیدکر نے اپنی کتاب میں گاندھی جی کی جانب سے مسلمانوں کی حد سے زیادہ حمایت پر حیرانی کا بھی اظہار کیا ہے اور یہ ڈاکٹر امبیدکر وہ ہیں جو خود مطالبہ ء پاکستان کی حمایت کر چکے تھے۔ اس کے باوجود یہ ایک حقیقت ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت انھیں اپنا رہ نما تسلیم نہ کر سکی۔ اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ شاید جب ایک عام مسلمان انھیں مختصر سی دھوتی اور چادر میں لپٹا، مندروں میں شب و روز گزارتا، گائے اور بکری کی تعظیم کرتا اور برت رکھتا دیکھتا ہوگا تو وہ خود کو ان سے الگ محسوس کرتا ہوگا۔ گاندھی جی اپنے لباس، وضع قطع اور طور طریقے سے ہندوستانی نظر آنا چاہتے تھے، مگر مسلمانوں کو وہ ایک ہندوستانی کے بجائے ہندو ہی نظر آتے ہوں گے۔ انھوں نے شمالی برصغیر کی مشترکہ زبان کو ’ہندوستانی‘ کا نام دینے کی کوشش کی، مگر تب تک ایک ہی زبان کے دو مختلف ادب پیدا ہو چکے تھے، وہ دونوں کو ایک نہ کر سکے۔ دیوناگری حروفِ تہجی سے ابتدائی نوعیت ہی کی آگاہی حاصل کر کے مجھے معلوم ہوا کہ یہ حروفِ تہجی اردو الفاظ کے تلفظ، خصوصاً زیر، زبر اور پیش کو زیادہ واضح طور پر ادا کرنے کے قابل ہیں۔ مگر اس کے باوجود میں اردو حروفِ تہجی کے دائروں اور قوسوں کی محبت اور کشش کو اپنے دل سے نکالنے سے قاصر ہوں۔ عام مسلمان کے لیے بھی دیوناگری لپی کو قبول کرنے کا تصور ناقابلِ فہم رہا ہوگا۔ میں سوچتا ہوں کہ شاید گاندھی جی کے سیکولر ازم کے بجائے برصغیر کے لیے جواہر لال نہرو کی شیروانی اور محمد علی جناح کا سوٹڈ بوٹڈ سیکولرازم زیادہ مناسب تھا۔
نہرو اور جناح کم از کم اپنے طرزِ زندگی میں تو گاندھی جی سے زیادہ سیکولر نظر آتے تھے۔ جناح کا تو گاندھی جی سے ابتدائی اختلاف بھی اس بات پر ہوا تھا کہ مذہب کو سیاست میں نہ لایا جائے۔ لیکن تضاد یہ ہے کہ اختیار ملا تو نہرو اور جناح تاریخ کے سامنے اس طرح سے سرخ رو نہ ہو سکے جس طرح گاندھی جی ہوئے تھے۔
محمد علی جناح نے تمام عمر قانون پسندی اور جمہوریت کا پرچار کیا۔ جمہوریت میں ون مین ون ووٹ کی بنیاد پر انھیں برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق محفوظ نظر نہ آئے تو قیامِ پاکستان کی تحریک چلائی اور پاکستان حاصل کر لیا، مگر پاکستان میں انھوں نے اسی جمہوریت کے تحت دیگر مذہبی اکائیوں کو برابر کا شہری تسلیم کرنے کا بھی اعلان کیا جس کا ذکر گیارہ اگست انیس سو سینتالیس کی ان کی مشہور تقریر میں بھی موجود ہے۔ انھوں نے اپنی قانونی جدوجہد کے دوران سندھ، شمال مغربی سرحدی صوبے اور بلوچستان کے حقوق کے لیے بھی بہت جدوجہد کی تھی۔ آزادی کے بعد انھیں صرف تیرہ ماہ ملک چلانے کا موقع ملا۔ اس دوران انھوں نے قیامِ پاکستان کے صرف سات روز بعد بائیس اگست کو شمال مغربی سرحدی صوبے میں ڈاکٹر خان کی منتخب حکومت کو ہٹا دیا کیونکہ وہ کانگریس کی حامی تھی۔ آٹھ ماہ بعد سندھ میں ایوب کھوڑو کی حکومت بھی ہٹا دی گئی۔ قائدِاعظم بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر حقوق نہ دلا سکے اور مشرقی بنگال کے عوام کی آرزوؤں کے برخلاف صرف اور صرف اردو کو پاکستان کی واحد قومی زبان قرار دیا۔ دوسری جانب وہ ملک کو ایک متفقہ آئین دلانے کی جانب بھی پیش رفت نہ کر سکے، تاہم اس سلسلے میں اگر وہ کوئی کوشش کرنا بھی چاہتے تھے تو ان کی خرابی ء صحت نے انھیں اس کا موقع نہ دیا۔
بھارت میں جواہر لال نہرو کو اقتدار ملا تو انھوں نے چند ہی برسوں میں ملک کو ایک متفقہ آئین دیا۔ ہندوؤں کے اندر بڑی اور چھوٹی ذاتوں کا مسئلہ بھی ہندو مسلم کمیونل مسئلے کی طرح قابو سے باہر ہو سکتا تھا، مگر نہرو نے آئین بنانے کی ذمہ داری ہی ایک دلت رہ نما ڈاکٹر امبیدکر کو سونپ دی تاکہ وہ اپنی کمیونٹی کے لیے جیسی آئینی ضمانتیں چاہیں، خود لکھ کر حاصل کر لیں۔ یہ اور بات ہے کہ ان ضمانتوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد نہ ہو سکا اور ڈاکٹر امبیدکر کو ہندو مت چھوڑنا پڑا۔
جواہر لال نہرو نے ملک کے طول و عرض میں پھیلی ریاستوں اور رجواڑوں کو بھی یونین میں ضم کیا اور یوں ان کے عوام کو بھی جمہوریت سے فیض یاب ہونے کا موقع دیا۔ لیکن وہی نہرو کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل سے متعلق کوئی بھی رائے دینے کی اجازت نہ دے سکے۔ انھوں نے متعدد مرتبہ یہ عزم تو دہرایا کہ کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں گے، مگر آزادی کے بعد مزید سترہ سال وزیرِاعظم رہنے کے باوجود انھوں نے یہ مسئلہ حل نہ کیا۔ تحریکِ آزادی کے کچھ بڑے رہ نما تو ان کی زندگی میں وفات پا چکے تھے لیکن کئی ابھی حیات تھے، مگر انھوں نے اقتدار میں آنے کے لیے اپنی بیٹی اندرا گاندھی کی راہ ہموار کی۔
بنگلادیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان نے بھی جمہوریت کو ہی اپنا رہ نما اصول قرار دیا تھا اور مغربی پاکستان کی غیر منتخب اسٹیبلشمنٹ کے خلاف اپنے اصولوں کی بنیاد پر جدوجہد کی تھی۔ لیکن جب ملک بن گیا تو انھوں نے وہاں ایک پارٹی کی آمریت قائم کر دی۔ جب کسی ملک میں تبدیلی کے قانونی راستے بند کر دیے جاتے ہیں تو تشدد جنم لیتا ہے۔ شیخ مجیب الرحمان ایسے ہی تشدد کا شکار ہوئے اور پھر ان کا ملک پے در پے آمریتوں کے شکنجے میں جکڑا گیا۔
یہ تھے ہمارے بانیان کے رویے جن میں اقتدار و اختیار کے حصول کے فوری بعد جوہری تبدیلی رو نما ہو گئی تھی۔ برصغیر کے تین ملکوں میں جو جمہوری روایات کا زوال نظر آتا ہے تو اس کے ڈانڈے ان تینوں ملکوں کے بانیان کی شخصیت میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ تاہم یہ بانیان کچھ دیگر رہ نماؤں سے بہرحال بہت بہتر تھے جنھوں نے برصغیر میں فاشسٹ رویوں کو فروغ دیا۔ ان کے لگائے ہوئے پودے تقسیمِ ہند کے وقت ایسے تنومند نہیں تھے جیسے آج نظر آتے ہیں مگر ان کے پیدا کردہ وسوسے اور خدشات اُس دور میں بھی اتنے گہرے ثابت ہوئے کہ کانگریس، گاندھی جی اور جواہر لال نہرو کی سیکولر سیاست سے ان کا مداوا نہ ہو سکا۔ یہ زمرد بھی حریفِ دمِ افعی نہ ہوا۔
تقسیمِ ہند سے پہلے کی ہندو مسلم مخاصمت کے لیے مسلمان کچھ کانگریسی رہ نماؤں کے ساتھ ساتھ ہندو مہاسبھا اور اس کے لیڈر ویر ساورکر کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔ ساورکر کو گاندھی جی کے قتل کے بعد بھی شاملِ تفتیش کیا گیا اور بعد میں بھی کئی مرتبہ گاندھی جی کے قتل کی سازش کا پنڈورا بکس کھلا۔ ساورکر نے ہندوتوا کا نظریہ پیش کیا اور لفظ ’ہندو‘ کو وہ مذہبی کے بجائے تہذیبی معنوں میں لیتے تھے اور ’ہندوتوا‘ میں سکھ مت، بدھ مت، جین مت اور ہندوستان کے بے خدا قبائل کو بھی شامل قرار دیتے تھے۔ وہ خود تو کسی خدا یا بھگوان کے وجود پر یقین نہیں رکھتے تھے مگر مسلمانوں اور مسیحیوں سے اس بنیاد پر پرخاش رکھتے تھے کہ ان کے مذاہب کی ابتداء ہندوستان کی جغرافیائی حدود سے باہر ہوئی تھی۔ انھوں نے اچھوتوں سے امتیازی سلوک ختم کرنے کی بھی حمایت کی مگر ڈاکٹر امبیدکر اپنی کتاب میں ساورکر کی مخالفت کرتے نظر آتے ہیں۔ان کے نظریات اور پرعزم اندازِ زیست میں جرمنی کے نازیوں سے مماثلت نظر آتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ساورکر کی اعلانیہ مداح ہے۔ اگر ہندوستان میں صرف ہندو ہی بستے تو ساورکر کے نظریات اپنے ملک کو متحد، منظم اور پرجوش بنانے کے کام آتے، مگر ایک متنوع معاشرے میں یہ نظریات انتشار کا سبب بنے۔
لیکن ویر ساورکر ایک ادیب بھی تھے اور میں جب ان کے نظریات کے بارے میں پڑھتا ہوں تو مجھے علامہ اقبال یاد آتے ہیں جن کے نظریات اور شاعری میں مسلمانوں کو خصوصی حیثیت حاصل ہے اور وہ کارگاہِ حیات کی کپتانی مسلمانوں کو سونپنے کے خواہاں نظر آتے ہیں اور کائنات کے رازوں کی کھوج میں بھی انھی کو روانہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایک مرتبہ فراق گورکھپوری نے کہا تھا کہ انھیں سمجھ نہیں آتی کہ علامہ اقبال کی شاعری کو اتنی اہمیت کیوں دی جاتی ہے۔ فراق اردو شعری روایت میں سرتاپا رنگے ہوئے تھے اور جس کسی نے ان کی تنقیدی کتاب ’اندازے‘ کا مطالعہ کیا ہے وہ گواہی دے سکتا ہے کہ اردو کی کلاسیکی شاعری کے جیسے پارکھ وہ تھے، ان کے زمانے میں شاید ہی کوئی اور ہوگا۔ اگر وہ علامہ اقبال کی شاعری سے مرعوب نہیں ہوئے تو اس کی وجہ یہی ہو سکتی ہے کہ وہ مسلمان گھرانے میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔ شاید نوبیل پرائز دینے والوں نے بھی علامہ اقبال کو ایسی ہی نظر سے دیکھا ہو۔یہ بات علامہ اقبال کے مسلمان قارئین کو آسانی سے سمجھ نہیں آتی۔ ساورکر کے مسلمان مخالفین کہتے ہیں کہ ساورکر کو صرف بھارت ورش پر نموپزیر ہونے والے مذاہب قبول تھے۔ اقبال کے ہاں ہندو فلسفے سے شیفتگی کے بھی آثار ہیں اور انھیں ادیب ساورکر کے ساتھ کھڑا کرنے کی ذرا سی بھی کوشش پر مجھ سمیت سبھی اردو والے ناک بھوں چڑھائیں گے مگر ساورکر کا کوئی فارسی داں حامی اقبال کے حامیوں کو شیخ سعدی کا یہ شعر ضرور سنا سکتا ہے:
گر کند میل بہ خوباں دلِ من، عیب مکن
کاین گناھیست کہ در شہر شما نیز کنند
انگریزوں کی حاکمیت کے زمانے میں ہندو، مسلم، سکھ اور اچھوت سبھی محکوم تھے۔ ان تمام گروہوں کے قائدین نے ان کی بیداری کی تحریکیں بھی چلائیں۔ لیکن ایک کثیر لسانی اور کثیر مذہبی معاشرے میں یہ تحریکیں ایک دوسرے سے مسابقت کی دوڑ میں شامل ہو گئیں اور شعوری یا غیر شعوری طور پر اپنے اپنے گروہ کی برتری اور تفوّق کی کوشش کرنے لگیں۔ پہلی عالمی جنگ کے آس پاس دادا بھائی نورو جی کی قیادت کے زمانے میں انگریزوں سے آزادی کا جو خواب سب نے مل کر دیکھا تھا، اسے سب اپنے اپنے قبیلے میں بٹ کر دیکھنے لگے۔ ان تحریکوں کے بیج آج تناور درخت بن چکے ہیں اور پاکستان اور ہندوستان میں کہیں سیاہ اور ہرے اور کہیں زعفرانی رنگ میں نظر آتے ہیں۔ یہ تحریکیں آج ہمارے خطے میں فاشزم کی سب سے بڑی نمایندہ بن چکی ہیں۔
متحدہ ہندوستان میں ہندو مسلم کمیونل مسئلہ کا ایک حل ہندوستان کی دو حصوں میں تقسیم تھا۔ اس حل کو آزمانے سے کیا کمیونل مسئلہ حل ہو گیا؟ تضاد یہ ہے کہ برصغیر کے مسلمان جو خود کو ایک قوم کہتے تھے، وہ تو آج تین ملکوں میں بٹے ہوئے ہیں، لیکن ہندو، جنھوں نے ایسا دعویٰ نہیں کیا تھا وہ ہندوستان میں ہی رہتے ہیں اور پاکستان اور بنگلادیش سے بھی ان کی غالب اکثریت ہندوستان آ چکی ہے۔
تقسیمِ ہند کے بعد ہندوؤں اور مسلمانوں کو اپنے اپنے ملک میں واضح اکثریت حاصل ہو گئی تو انھوں نے اپنی اپنی اقلیتوں سے ایسا سلوک نہیں کیا جس کی بنیاد پر یہ اقلیتیں مطمئن ہو سکتیں۔ البتہ یہ ضرور ہوا کہ برصغیر کے کمیونل مسئلے کی کچھ نئی جہتیں سامنے آ گئیں جو دونوں ملکوں کے معاشروں کو فاشسٹ رویوں کی جانب لے گئیں۔ بقیہ ہندوستان میں ہندوؤں کا تناسب اور بھی زیادہ ہو جانے کے بعد بھارتی نیشنل ازم کے نام پر ایسے رویے فروغ پانے لگے جن کے ڈانڈے ساورکر کی فکر سے ملتے تھے اور جن رویوں کو تقسیمِ ہند سے پہلے کے زمانے میں کانگریسی لیڈر بھی اس خیال سے قبول نہیں کرتے تھے کہ اس سے ملک کی مسلمان اقلیت کی دل آزاری ہو گی۔ دوسری جانب پاکستان، جو برصغیر میں اسلامی تہذیب کے تحفظ اور بقا کے نام پر حاصل کیا گیا تھا وہاں اسلامی شریعت کے تحفظ اور نفاذ کا سوال اٹھا کر ’پاکستان کا مطلب کیا، لاالٰہ الاللہ‘ کا نعرہ لگایا گیا۔ مسلمانوں کے ہر فرقے کے پاس شریعت کی اپنی تعبیر موجود تھی اس لیے اس بحث نے پاکستان میں فرقہ وارانہ سر پھٹول کو جنم دیا۔ قیامِ پاکستان کے لیے سارے مسلم فرقے متحد تھے اور اس کی تحریک میں سنیوں کے ساتھ ساتھ شیعہ اور احمدی بھی شامل تھے۔ مگر قیامِ پاکستان کے بعد پہلے احمدیوں کو کافر قرار دینے کی تحریک چلائی گئی اور پھر تکفیر پسندوں نے شیعوں کو بھی کافر قرار دے دیا۔ دیوبندیوں اور بریلویوں کا مناقشہ بھی زیادہ شدت سے ابھر کر سامنے آیا۔ ایسے میں مسلم فاشزم کی وہ صورت سامنے آئی جو آج طالبان، لشکرِ جھنگوی اور دیگر شدت پسند گروہوں کی شکل میں نظر آتی ہے۔
برصغیر کے تین ملکوں کے بانیوں کے کچھ شخصی تضادات کی جانب میں نے ایک ذرا سا اشارہ کرنے کی جسارت کی ہے۔ بانیان کے بعد آنے والے رہ نماؤں کے ہاں یہی تضادات پھلے پھولے اور برصغیر کی تاریخ جمہوریت اور اس کے لوازمات سے روگردانی کا نمونہ بن گئی۔ بعد کے دور میں برصغیر میں مختلف سیاست دانوں نے عروج حاصل کیا اور پھر جمہوری رویے اپناتے ہوئے اپنی جماعتوں کو مضبوط کرنے کے بجائے اپنا پرسنالٹی کلٹ تشکیل دینے اور اپنا سیاسی ورثہ کسی اور لیڈر کو سونپنے کے بجائے اپنی اولاد کو منتقل کرنے کو ترجیح دی۔ پاکستان میں جناح اور بھارت میں گاندھی جی کا پرسنالٹی کلٹ تو بنا لیکن دونوں نے اپنی سیاسی وراثت اپنی اولادوں کو منتقل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ تاہم نہرو نے اپنے سامنے اپنی بیٹی اندرا گاندھی کی سیاسی پرورش کی اور اندرا نے پہلے اپنے بیٹے سنجے اور پھر دوسرے بیٹے راجیو کو آگے بڑھایا۔ پاکستان میں ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد لوگ ان کے اہلِ خانہ پر ہی اعتماد کر سکتے تھے لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ بھٹو نے اپنی زندگی میں ہی اپنی بیٹی بے نظیر بھٹو کی سیاسی تربیت شروع کر دی تھی اور شملہ معاہدے سمیت کئی اہم مواقع پر بھٹو نے اپنی بیٹی کو آگے آگے رکھا تھا۔ آج پاکستان میں بے نظیر کے بیٹے بلاول پارٹی قائد ہیں اور بھارت میں کانگریس قیادت کے لیے راجیو کے بیٹے راہول کی راہ تک رہی ہے۔ بنگلادیش میں شیخ مجیب کے بعد ان کی بیٹی نے ان کا سیاسی ورثہ سنبھالا تو صدر ضیاء الرحمان کے بعد ان کی اہلیہ نے ان کی گدی سنبھالی۔ سری لنکا میں بھی بندرانائیکے خاندان سیاست میں پیش پیش رہا۔ ایسے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا کی جمہوریت بھوٹان کی بادشاہت سے مختلف نظر نہیں آتی۔
سوال یہ ہے کہ جنوبی ایشیا میں صرف وراثت کی بنیاد پر قائد بننے والوں کی قائدانہ صلاحیتیں کیا عام لیڈروں سے زیادہ ہوتی ہیں؟
جس ملک اور جس معاشرے میں صلاحیتوں کے باوجود آگے بڑھنے کا موقع نہ ملے، میرٹ کے بجائے پدرم سلطان بود کا اصول چلتا ہو، کلرک کے بچے کو صرف وہی تعلیم میسر ہو جسے پا کر وہ بھی صرف کلرک بن سکے، عوام کو زندگی کے بنیادی حقوق روٹی، کپڑا اور مکان میسر نہ ہوں، معاشرے میں کہیں بے انصافی ہو تو انصاف دلانے کے لیے کوئی قابلِ اعتبار ادارہ نہ ہو، تو معاشرے میں بے چینی اور غصہ جنم لیتا ہے۔ ایسے میں لوگ کسی مردِ کامل کی راہ دیکھنے لگتے ہیں جو ایک سہانی صبح انھیں ان کے تمام غموں سے نجات دلائے گا۔ مگر ہوتا یوں ہے کہ مردِ کامل کے اردگرد موجود لوگ اسے آسمان پر چڑھا جاتے ہیں اور کچھ مردِ کامل کو بھی اپنے کامل ہونے کا یقین ہونے لگتا ہے۔ سو یہ مردِ کامل عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے نرگسیت کے سمندر میں غوطے ہی کھاتا رہتا ہے۔ نرگسیت مغربی سیاست دانوں میں بھی پائی جاتی ہوگی لیکن وہاں کی سیاسی جماعتوں پر کسی فرد کا غلبہ چند سال تو ہو سکتا ہے، عمر بھر نہیں۔ ہمارے ہاں کے مردِ کامل تو اپنی وفات پر ہی اپنی خدمات سے دست کش ہوتے ہیں اور اس کے بعد بھی اکثر اپنی اولاد کو ہماری رہ نمائی کے لیے پیچھے چھوڑ جاتے ہیں۔
پاکستان میں تو چار عدد ایسے مردِ کامل ایسے بھی آئے جنھیں عوام نے مردِ کامل قرار نہیں دیا تھا بلکہ انھوں نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے اپنے آپ کو ملک پر مسلط کیا اور ان کے حاشیہ نشینوں نے انھیں مردِ کامل تسلیم کیا۔ ان میں سے ایک مردِ کامل زندہ ہے اور ریٹائرمنٹ کے بعد چھوٹے سے چھوٹے چینل کے چھوٹے سے چھوٹے اینکر سے ذلیل ہونے کے لیے صرف تیار ہی نہیں آرزو مند بھی رہتا ہے۔
مردِ کامل کی تشکیل میں سب سے اہم کردار خوشامد کا کلچر کرتا ہے جس کی افزائش ہمارے خطے میں خوب ہوئی ہے۔ سیاست ہی نہیں، ہر شعبے میں خوشامد کلچر اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہر وہ آدمی جو یہ سمجھتا ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر وہ آگے نہیں نکل سکے گا وہ اپنے شعبے کے کسی بھی سرکردہ شخص کی خوشامد شروع کر دیتا ہے۔ ایسے شخص کو پاکستان میں چمچا کہا جاتا تھا لیکن بڑے سائز کے چمچوں کے لیے پنجابی کا لفظ ’کُڑچھا‘ بھی استعمال ہونے لگا ہے۔پاکستان کے کئی مردِ کامل خود بھی خوشامد ہی کے بل بوتے پر آگے بڑھے تھے، سو مردِ کامل بننے کے بعد انھیں خود بھی یہی غذا عزیز رہی۔ ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے پہلے صدر اسکندر مرزا کو اپنی زمینوں کے آم بھجوایا کرتے تھے جس کے صلے میں انھیں پہلی مرتبہ وزارت ملی۔ اسکندر مرزا کا تختہ ایوب خان نے الٹا تو بھٹو اپنے مربی سے منھ موڑ کر ایوب خان کے ہو لیے اور ان کے ایسے مداح ہوئے کہ انھیں ’فیلڈ مارشل‘ کا رینک حاصل کرنے کا مشورہ بھی انھوں نے ہی دیا۔ فوجی افسران کمر اور گردن اکڑا کر ہاتھ ملاتے ہیں، مگر بھٹو نے فوج میں ایک ایسا افسر دیکھا جو بھٹو سے ہاتھ ملاتے وقت کمر کو رکوع کی حد تک جھکا دیتا تھا۔ بھٹو نے اسی ضیاء الحق کو چھ افسران پر ترقی دے کر آرمی چیف بنایا اور اسی نے انھیں تختہ ء دار تک پہنچا دیا۔
اب میں جنوبی ایشیا کے لیڈروں کی ایک اور نفسیاتی خامی کی جانب اشارہ کروں گا۔ دنیا کے ہر ملک میں بحران پیدا ہوتے ہیں اور مختلف گروہ اپنی خواہشات کو شد و مد کے ساتھ آگے بڑھاتے ہیں۔ قوم میں بالغ نظر لیڈر موجود ہوں تو ان بحرانوں سے مواقع یا oppotunity کا کام لیا جاتا ہے۔ مگر میں دیکھتا ہوں کہ جنوبی ایشیا میں جب بھی کوئی سیاسی بحران آیا، معاملہ جذباتیت کی نذر ہو کر اور بھی گمبھیر ہو گیا۔ انیس سو چھیالیس میں کابینہ مشن منصوبے کے تحت مسلم لیگ اور کانگریس نے متحدہ ہندوستان میں رہنے پر آمادگی ظاہر کر دی تھی کہ معاملہ جواہر لال نہرو کے بھاشن کے شوق کی نذر ہو گیا۔ الگ ہونے کے بعد بھی دونوں ملک آپس میں شانتی سے رہ سکتے تھے، لیکن دونوں ملکوں کے لیڈروں کے طفیل باہمی مخاصمت کی فضا بڑھتی ہی چلی گئی۔ انگریزوں نے کسی بڑے خون خرابے کے بغیر صرف اور صرف مذاکرات اور بات چیت کے نتیجے میں اتنا بڑا ہندوستان چھوڑ دیا، مگر پاکستان اور بھارت کے لیڈر ہندوستان کے مقابلے میں کہیں کم رقبہ رکھنے والے علاقوں کا تصفیہ میز پر بیٹھ کر نہ کر سکے۔ کشمیر تو ایک بڑی ریاست ہے، ان رہ نماؤں سے تو سرکریک اور سیاچن کے علاقوں پر تنازعہ حل نہیں ہو پا رہا۔
اندرونِ ملک ان لیڈروں کی معاملہ فہمی کا نمونہ دیکھنا ہو تو یہاں بھی وہ ہر اہم مرحلے پر ناکام نظر آتے ہیں۔ پاکستانی لیڈر وَن مین وَن ووٹ کی بنیاد پر بنگالی رائے عامہ کا فیصلہ قبول کرنے سے انکار کر دیتے ہیں تو ادھر بھارت میں اندرا گاندھی کے جی میں ایک روز آتی ہے تو وہ ملک میں ایمرجنسی لگا دیتی ہیں۔ اور تو اور شیخ مجیب الرحمان جو چوبیس برس کی جدوجہد کے بعد آزاد بنگلادیش بناتے ہیں وہ آزادی کے فوراً بعد اپنے ہاں سنگل پارٹی آمریت قائم کر دیتے ہیں۔ بنگلادیش میں حسینہ واجد کو آئین میں ترمیم کرنے جتنی اکثریت ہاتھ آتی ہے تو وہ ملک کو دوبارہ سنگل پارٹی فاشزم کی طرف لے جاتی ہیں۔ پاکستان میں سن ستتر میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان انتخابی دھاندلی کے معاملے پر مذاکرات بے نتیجہ رہتے ہیں اور ملک میں ضیائی مارشل لاء آ جاتا ہے۔ عمران خان کی صورت میں ملک کو ایک نئی امید نظر آتی ہے تو وہ چار حلقوں کی دھاندلی کی ضد لے بیٹھتا ہے اور ملکی جمہوریت کو ایک مرتبہ پھر غیر جمہوری قوتوں کی گود میں بٹھا دیتا ہے۔
ظاہر ہے ایک مردِ کامل دوسرے مردِ کامل کی بات مان جائے تو وہ خود مردِ کامل کیسے رہے؟
سوال یہ ہے کہ آخر جنوبی ایشیا کے لیڈر اپنی غلطیوں سے سیکھتے کیوں نہیں؟ وہ بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت سے کیوں محروم ہیں؟ وہ ہر مسئلے کا حل ڈنڈے کو کیوں سمجھتے ہیں؟ وہ اتنے ضدی اور ہٹ دھرم کیوں ہیں؟ اقتدار میں آ کر وہ ان تمام جمہوری اصولوں کو ترک کیوں کر دیتے ہیں جن کا انھوں نے تا عمر رونا رویا ہوتا ہے؟ ان کی شخصیت میں اس جمہوریت پسندی کا فقدان کیوں نظر آتا ہے جس کا وہ دن رات ڈھنڈورا پیٹتے ہیں۔ متعدد نفسیاتی الجھنوں میں گرفتار ان رہ نماؤں کی معاملہ فہمی کی صلاحیتیں فلاپ ہیں تو ان کی ہیرو پنتی ٹاپ پر کیوں ہے؟
ان تین ملکوں میں غیر جمہوری رویے ریسی پروکل بھی ہیں، یعنی بھارت میں انتہا پسندانہ قوم پرستی پاکستان کو ہوا بنا کر پیش کرتی ہے اور سستے نیشنل ازم سے فائدہ اٹھاتی ہے تو پاکستان میں بھارت کے مسلسل خطرے کے سبب فوج کو طاقت ور بنانے پر زور دیا جاتا ہے اور پھر یہ فوج باربار خود پاکستان کو ہی فتح کر لیتی ہے اور جمہوریت کے لیے مسلسل خطرہ بنی رہتی ہے۔ بنگلادیش کی حسینہ واجد سرکار کو بھی یہی گر ہاتھ آ گیا ہے اور وہ سیکڑوں میل دور سے آئی ایس آئی کے خطرے کا راگ الاپ کر اپنے ملک میں شخصی آزادیوں کو سلب کیے جاتی ہیں۔
جب خواب حقیقت پسندی اور وژن سے محروم ہو جائیں ۔ جب ٹھنڈے دل و دماغ سے معاملے پر غور کرنے کے بجائے جذباتیت سے کام لیا جائے۔ جب اپنے حاشیہ برداروں کے کہنے پر اپنی شخصیت کو غیر معمولی، نایاب اور آسمان سے اتری ہوئی سمجھا جانے لگے تو پھر وہ فاشزم سامنے آتا ہے جس کا آج جنوبی ایشیا کی تقریباً ہر ریاست کو سامنا ہے۔
پاکستان میں چار مارشل لاء آئے اور شخصی آزادیوں پر مذیب کے نام پر پابندیاں لگا دی گئیں۔ ملک مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے حاصل کیا گیا تھا، سو یہاں مذہب کی من پسند تعبیر کو نافذ کرنے کی کوششیں شروع ہوئیں۔ کوئی اس مذہب ہی کی روشن خیال تعبیر کرتا تو اسے کافر اور غدار قرار دیا جاتا اور پھر یہ زحمت بھی ختم کر کے ان کو گولیوں اور بموں سے خاموش کرنا شروع کر دیا گیا۔ ریاستی فوج کے ساتھ ساتھ ایک رضاکار فوج بھی کھڑی کی گئی جو ریاست کو سٹریٹجک ڈیپتھ فراہم کر سکے، لیکن اس رضاکار فوج نے اپنے ہی ملک کے خون کو کسی جونک کی طرح چوسنا شروع کر دیا۔
سیکولر بھارت میں بی جے پی کو عروج حاصل ہوا، ملک میں مختلف اوقات میں ہونے والے فسادات کے ذمہ داروں کو شاید ہی کبھی سزا سنائی گئی اور بالآخر ایک ایسے صاحب وزیراعظم بن گئے جن پر خود ایسے ہی فسادات میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ آج صورتِ حال یہ ہے کہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ مخالفت پر بی جے پی اور کانگریس ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی کوشش کرتی ہیں۔ جس ساورکر کی آخری رسومات میں بھی بھارتی حکومت کے کسی نمایاں اہل کار نے شرکت نہیں کی تھی ان کے مجسمے بنائے جا رہے ہیں اور منتخب بھارتی وزیراعظم ان کی تصویر کو پرنام کرتے ہیں۔ ایسے میں پاک بھارت دوستی کی راہ میں حائل بنیادی مسائل کے حل کے لیے نامقبول فیصلے کرنے کی ہمت دکھانے کا خواب دیوانے کا خواب ہی محسوس ہوتا ہے۔
ادھر بنگلادیش میں کئی برس کی جدوجہد کے بعد جمہوریت بحال ہوئی تو وہ دو خواتین کی لڑائی اور باہمی تو تکار کی نذر ہو گئی۔ آج حسینہ واجد ایک ایسے الیکشن کے نتیجے میں پھر سے ملک کی وزیراعظم ہیں جس کا اپوزیشن نے بائکاٹ کیا تھا، لیکن وہ کسی قسم کی پشیمانی کو اپنے پاس بھی پھٹکنے نہیں دیتیں۔ ملک میں سنگل پارٹی کی آمریت قائم ہے اور عدالتوں سے مخالفین پر شکنجا کسنے کا کام لیا جاتا ہے۔
رونا صرف لیڈروں میں جمہوریت پسندی کے فقدان کا ہوتا تو شاید ہمارے مصائب کچھ کم ہوتے۔ لیکن پشاور سے لے کر راس کماری تک جنوبی ایشیا کے ڈیڑھ ارب لوگ بھی جمہوری تربیت سے تہی معلوم ہوتے ہیں۔ ہر معاملے پر جذباتی پہلو ان کے آگے ہوتا ہے اور منطقی پہلو پیچھے۔ ہر ملکی بحران کا حل یہ لوگ مار دو، توڑ دو، پھانسی لگا دو، باہر پھینک دو، جلا دو، گرا دو جیسے نعروں کے ذریعے پیش کرتے ہیں۔ کوئی بھی شخص سروے کر کے دیکھ لے۔ ہمارے جنوبی ایشیا کے لوگ اپنے معمول کے خاندانی معاملات کو بھی سوجھ بوجھ سے حل کرنے کی صلاحیت سے محروم نظر آئیں گے۔ ہمارے معاشروں میں چھوٹے موٹے جرائم سے لے کر قتل تک جیسے جرائم کی بڑھتی ہوئی تعداد یہ ثابت کرتی ہے کہ معاشرہ نچلی ترین سطح پر بھی بحرانوں کا سوجھ بوجھ سے حل تلاش کرنے میں ناکام چلا آ رہا ہے۔ ایسا معاشرہ اگر لٹھ مار قسم کے رہ نماؤں کو ہی پسند کرنے لگے تو اس میں حیرت نہیں ہونی چاہیے۔
عدم برداشت کا یہی رویہ ملکی سطح پر فاشزم کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ فاشزم کا یہ جن پاکستان میں مذہبی انتہا پسندی کی بوتل سے برآمد ہوا ہے تو بھارت میں یہ جن نیشنل ازم اور سستی قسم کی حب الوطنی کی چھتری تھامے اترا ہے۔
لیکن مذہبی انتہا پسندی اور اندھا نیشنل ازم دونوں یکساں خطرناک ہیں۔ یاد رکھیے کہ جرمنی میں ہٹلر نیشنل ازم کا ہی نعرہ لگاتا ہوا آیا تھا اور اسے اپنے وطن سے محبت بھی بہت تھی، لیکن جب وہ مرا تو اس کا نیشنل ازم آٹھ کروڑ چالیس لاکھ جرمنوں میں سے نوے لاکھ کی جان لے چکا تھا۔ اپنی قوم کی حالت سدھارنے کے لیے اسے یک جا کرنا، اس کی معیشت، اس کی سماجی حالت بہتر بنانے کے لیے کام کرنا اور اس کے لیے اپنی ہی قومی تاریخ سے مثالیں نکال کر لانا بہت خوش آیند ہے۔ لیکن یہ کہنا کہ دنیا میں بھارت ماتا جیسی کوئی دھرتی ہی نہیں اتنا ہی خطرناک ہے جتنا جرمن نازیوں کا یہ کہنا کہ جرمن قوم اور آریائی نسل دنیا کی بہترین نسل ہے یا انتہا پسند مسلمانوں کا یہ کہنا کہ مسلمان خدا کی پسندیدہ قوم ہیں۔ یہ ایک نئی دنیا ہے جس کے نوجوان دن بدن ایک مشترک کلچر سے وابستہ ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ ایسے میں اپنے کلچر کے تحفظ کا خواب دیکھنا اور دکھانا بہت خوب، لیکن خیال رہے کہ فاشزم کے راستے بھی اسی خواب سے نکلتے ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ جمہوریت کے نام کی مالا جپنے کے بجائے اس کے زریں اصولوں کو اپنے دل و دماغ میں اور پھر ان عوام کے دل و دماغ میں راسخ کیا جائے جنھوں نے اس جمہوریت کو آگے بڑھانا ہے۔ جمہوریت ہمیں ایک ایسے معاشرے نے دی ہے جو چیزوں کی تفصیلات جمع کر کے ان کا تجزیہ کرنے پر یقین رکھتا ہے، جس نے یہ جان لیا ہے کہ جمہوریت میں حکومت تو اکثریت کی ہوتی ہے مگر لسانی، نسلی اور مذہبی اقلیتوں کا بڑے پیار سے خیال رکھا جاتا ہے۔ لیکن نرگسیت کے مریضوں میں ایسا وژن کہاں سے آئے؟ بات یہ ہے کہ ہمارے رہ نما جمہوریت اور اس کے لوازمات سے اپنی وابستگی کے دعوے جتنے مرضی کرتے ہوں مگر وہ انھیں اپنے اعتقادات، اپنے خون، اپنی روح کا حصہ نہیں بنا سکے۔ کسی بھی بحران کے موقع پر ان کے شخصی تعصبات ان پر حاوی آ جاتے ہیں اور وہ غیر جانب داری اور انصاف پسندی سے کسی معاملے کا تصفیہ کرنے کی صلاحیت سے محروم ثابت ہوتے ہیں۔
عربی کی مشہور کہاوت ہے کہ عوام اپنے بادشاہوں ہی کے مذہب پر عامل ہوتے ہیں۔ اس کہاوت کو الٹ کر دیکھیں تو یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہمارے حکم ران بھی ویسے ہی ہوں گے جیسے ہمارے عوام ہیں۔ انفرادی اور معاشرتی سطح پر عدم برداشت کا رویہ ہی ملکی سطح پر فاشزم کی شکل اختیار کرتا ہے۔ مگر برصغیر میں بڑھتے ہوئے فاشزم کا حل کیا ہے؟ اکثر لوگ حل یہ بتاتے ہیں کہ معاشرے میں تعلیم کو فروغ دیا جائے۔ مگر جب میں برصغیر کے تعلیم یافتہ زید حامدوں اور ارنب گوسوامیوں کو دیکھتا ہوں تو اس حل پر سے بھی میرا اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ میرا تو یہ خیال ہے کہ قوموں اور معاشروں کا مجموعی مزاج تبدیل کرنے میں کئی صدیاں لگتی ہیں۔ مغرب کے رہ نما جو آج ہمیں تدبر اور فراست سے مالامال نظر آتے ہیں تو اس کے پیچھے یورپ کی کئی خونیں صدیوں کا تجربہ بھی ہے۔ مگر کیا ہم بھی بہت سا کشت و خون دیکھنے کے بعد ہی سدھر سکیں گے؟ وہ تاریخ سے جو سبق سیکھ چکے، کیا ہمیں وہی سبق سیکھنے کے لیے ویسے ہی تجربات سے گزرنا ہوگا؟ نہرو اپنی بیٹی اندرا گاندھی کو جیل سے خطوط لکھ کر عالمی تاریخ سے آگاہ کیا کرتے تھے۔ ان کی بیٹی امن کی فاختہ نہ بن سکیں۔ تاریخ کے علم کا انھوں نے یہ فائدہ ضرور اٹھایا کہ اپنے ایٹم بم کا نام گوتم بدھ کے نام پر رکھ گئیں۔ فی الحال تو ہماری تعلیم ہم سے یہی کچھ کرا سکتی ہے جو ہم کر رہے ہیں۔ مگر مسئلہ یہ ہے کہ برصغیر کے دو بڑے ملکوں کے پاس ایٹمی صلاحیت آنے کے بعد ان کے معاشروں میں فاشسٹ رویے اور بھی خطرناک ہو چکے ہیں۔ ایسے میں ہمارے ڈیڑھ ارب عوام ایک ایسے بارود کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں جو کسی بھی وقت بھک سے اڑ سکتا ہے۔ جن معاملات اور مسائل کو حل کرنے میں ہمارے بانیان بھی ناکام رہے، انھیں حل کیے بغیر چھوڑ دینے سے وہ اور بھی پیچیدہ ہو چکے ہیں۔ کیا ایسے میں کچھ ایسی باتیں ہیں جو ہمارے دل میں امید کی شمع کو جگائے رکھیں؟
تقسیمِ ہند کے بعد سڑستھ برس بعد بھی برصغیر کے تین بڑے ملکوں کے عوام کئی اعتبار سے ایک جیسے ہیں۔ ممبئی کی کسی فلم میں کوئی نیا اور عوامی فقرہ سننے کو ملتا ہے تو یاد آتا ہے کہ یہ فقرہ تو کراچی کی سڑکوں پر سنا تھا۔ انٹرنیٹ سے دلچسپی رکھنے والی نئی نسل کی آرزوئیں، امنگیں اور جذبات بھی ایک سے ہیں۔ لیکن اپنی زندگی کے ہیرو ہیروئن ان نوجوانوں میں اس سنجیدگی کی کمی ہے جو تقسیمِ ہند کے زمانے کے دلیپ کمار اور نرگس میں نظر آتی تھی۔ڈیٹنگ، پارٹی، فیس بک، سیلفی اور ٹوئٹر کی دنیا میں گھومتے، زندگی کو انجوائے کرنے کے شوقین ان لڑکے لڑکیوں کو جب ذرا سا کریدا جاتا ہے تو ان میں ایسا نیشنل ازم اور مذہب پسندی دکھائی دیتی ہے جسے ممبئی کی ایک فلم ’حیدر‘ کے مرکزی کردار کے الفاظ میں ’چُٹس پا‘ ہی کہا جا سکتا ہے۔ اگر ہمارے ڈیڑھ ارب عوام بارود کے ڈھیر پر نہ بیٹھے ہوتے تو شاید ہم اس چُٹس پا کو ہنسی میں اڑا سکتے۔
پچھلے چند برسوں کے دوران کم از کم بھارت اور پاکستان میں سول سوسائٹی بھی بہت مضبوط ہوئی ہے جو اپنے مزاج میں سیکولر ہے اور جمہوریت کے لوازمات پر یقین بھی رکھتی ہے۔ اس سول سوسائٹی کا ایک مسئلہ یہ ہے کہ یہ اپنی آؤٹ لک میں میڈ ان پاکستان اور میڈ ان انڈیا نہیں لگتی۔ اسی لیے پاک و ہند کے عام افراد انھیں اجنبی خیال کرتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے معاشرے کے غریبوں اور پچھڑے ہوئے طبقے سے رابطہ استوار کر سکیں تو امید کی شمع روشن کی جا سکتی ہے۔ اور امید کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی راستہ بھی تو نہیں۔ ن م راشد کی نظم ’حسن کوزہ گر‘ کے یہ مصرعے امید کی انھی شمعوں کی نذر:
جہاں زاد بازار میں صبح عطار یوسف
کی دکان پر تیری آنکھیں
پھر اک بار کچھ کہہ گئی ہیں
ان آنکھوں کی تابندہ شوخی
سے اٹھی ہے پھر تودہ ء خاک میں نم کی ہلکی سی لرزش
یہی شاید اس خاک کو گِل بنا دے

بدھ، 13 مئی، 2015

اجمل کمال کی تحریر

مضامین سلیم احمد
مرتب: جمال پانی پتی
ناشر: اکادمی بازیافت، کراچی
اشاعت: ۲۰۰۹

اجمل کمال

اس مجموعے کو دیکھنے سے یہ تاثر ملتا ہے کہ شاید یہ سلیم احمد کی نثری تحریروں کی کلیات ہے ، لیکن ایسا نہیں ہے۔ نہ صرف اس میں سلیم احمد کی وہ نثری تحریریں موجود نہیں جو الگ الگ کتابوں کی شکل میں شائع ہوئیں، مثلاً ’’غالب کون‘‘، ’’اقبال ایک شاعر‘‘ اور ’’محمد حسن عسکری انسان یا آدمی‘‘، بلکہ ان کے وہ مضامین (کالم) بھی اس مجموعے سے خارج رکھے گئے ہیں جو جماعت اسلامی کے ترجمان اخبار ’’جسارت‘‘، کراچی، میں شائع ہوتے رہےاور جن کی الگ کلیات ’’اسلامی نظام: مسائل اور تجزیے‘‘ کے کسی قدر گمراہ کن عنوان سے ۱۹۸۴ء میں شائع ہوئی تھی۔
سلیم احمد اپنی تحریروں کو دو زُمروں میں تقسیم کرتے تھے: ایک دائیں ہاتھ سے (اپنے لیے یا اپنے تخلیقی یا تنقیدی اظہار کے لیے) لکھی جانے والی اور دوسری بائیں ہاتھ سے (’سیٹھ کے لیے‘ یعنی روزی کمانے کی غرض سے) وجود میں آنے والی۔ اس تقسیم سے بعض پڑھنے والوں کو ’چوری میرا پیشہ اور نماز میرا فرض‘ والی مشہور تہذیبی ثنویت کا خیال آئے گا، لیکن اس کو فی الوقت جانے دیجیے۔ میں اس وقت آپ کو زیرتبصرہ مجموعے کے مرتب کے اس دلچسپ اور معنی خیز فیصلے پر غور کرنے کی دعوت دینا چاہتا ہوں کہ انھوں نے سلیم احمد کے ’’جسارت‘‘ والے مضامین کو اس سے خارج رکھا۔ کیا ان کالموں کو سیٹھ کے لیے لکھی گئی تحریروں میں شمار کیا جائے؟ یا اس کی وجہ محض یہ ہے کہ ان تحریروں میں ادبی موضوعات زیربحث نہیں لائے گئے تھے اس لیے مرتب کے خیال میں اس مجموعے میں ان کو شامل کرنے کا کوئی جواز نہیں تھا؟
ممکن ہے اس فیصلے کے پیچھے یہی بات رہی ہو، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ’’مضامین سلیم احمد‘‘ میں ان کی جن تحریروں کو شامل رکھا گیا ہے وہ بھی ادبی تنقید کے مروجہ دائرے تک محدود نہیں رہتیں۔ بلکہ میری رائے میں تو ادبی تنقید (یعنی ادبی تخلیقات کی فنی یا سماجی معنویت پر اظہار خیال) ان کی اہم ترین خصوصیت ہی نہیں؛ سلیم احمد کی تمام (کم از کم غیرشاعرانہ) تحریروں کو غور سے پڑھنے کا جواز دراصل ان کے وہ خیالات ہیں جو پچھلے ڈیڑھ سو یا دوسو برس کے دوران ہمارے (یعنی برصغیر جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے) سماج میں آنے والی تبدیلیوں کی بابت ایک واضح نقطۂ نظر کا اظہار کرتے ہیں۔ اس اعتبار سے دیکھا جائے تو ان کا مجموعہ ’’اسلامی نظام: مسائل اور تجزیے‘‘ بھی ٹھیک انھی خیالات پر بنیاد رکھتا ہے۔ پھر ان دونوں مجموعوں میں امتیاز کرنے کا کیا سبب ہو سکتا ہے؟ مرتب کو زندگی نے اپنے اس فیصلے کی وضاحت کرنے کی مہلت نہ دی، اس لیے ہمارے پاس اپنا قیاس دوڑانے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔ ’’جسارت‘‘ میں شائع ہونے والے سلیم احمد کے کالم میں ۱۹۷۰ء اور ۱۹۸۰ء کی دہائیوں میں پڑھتا آیا ہوں، لیکن زیرتبصرہ کتاب کی پشت پر دی گئی فہرست سے مجھے ان کے مجموعے کی اشاعت کے بارے میں پتا چلا اور میں نے اسے فوٹوکاپی کی صورت میں حاصل کر کے مضامین سلیم احمد کے ساتھ ساتھ پڑھا۔
چونکہ جسارت والی تحریریں سلیم احمد کے تہذیبی اور سیاسی نقطۂ نظر کی اسی واضح انداز میں ترجمانی کرتی ہیں جیسے وہ مضامین جو زیرنظر مجموعے میں شامل ہیں، اس لیے میں اُن تحریروں کو ’سیٹھ کے لیے‘ لکھی جانے والی چیزوں میں شمار نہیں کرتا۔ میری رائے میں اگر ان دونوں زمروں کی تحریروں میں فرق کیا جا سکتا ہے تو صرف اس بنا پر کہ لکھنے والے کے خیال میں ان دونوں کے پڑھنے والے مختلف تھے۔ غالباً نام نہاد ’ادبی‘ تحریریں نام نہاد ’ادبی‘ قارئین پڑھتے ہیں جبکہ اخبار کے مضامین ان لوگوں کے کام کے ہیں جو ادب وغیرہ سے کوئی خاص واسطہ نہیں رکھتے، اور پھر ان میں بڑی تعداد مفروضہ طور پر جماعت اسلامی کی سیاست سے ہمدردی رکھنے والوں اور کارکنوں پر مشتمل ہے۔ لیکن کیا یہ کہا جا سکتا ہے کہ زیربحث آنے والے موضوعات سے (جو قطعی یکساں ہیں) پڑھنے والوں کے ان دونوں گروہوں کی دلچسپیاں اور ان تحریروں پر ان کے سیاسی اور تہذیبی ردعمل مختلف نوعیت کے ہیں؟ میرے خیال میں ایسا نہیں ہے۔ ان دونوں مجموعوں کو ساتھ ساتھ پڑھنے کے بعد میری رائے یہ ہے کہ سلیم احمد کے سیاسی اور تہذیبی نقطۂ نظر کو مکمل طور پر سمجھنے کے لیے ان میں سے کسی ایک مجموعے تک محدود رہنا گمراہ کن ہو گا۔ اکثر صورتوں میں ’’جسارت‘‘ والی تحریریں انھی رایوں کی توسیع پر مشتمل ہیں جو ’ادبی‘ مضامین میں ظاہر کی گئیں۔
پچھلے تقریباً دو سو برس کی سماجی تاریخ کی بابت سلیم احمد کے نقطۂ نظر پر تبصرہ شروع کرنے کے لیے میں آپ کی توجہ درج ذیل اقتباس کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں:
کہتے ہیں نزلہ عضوضعیف پر گرتا ہے لیکن اردو شاعری کی پچھلی سو سالہ تاریخ میں عضورئیس پر گرا ہے۔ یعنی غزل پر۔ غدر کے ہنگامے میں انگریزوں سے مار کھانے کے بعد روشن خیال مسلمانوں کو اپنی جو چیز سب سے بری لگی وہ یہی بدنام صنف سخن تھی۔ روشن خیال مسلمانوں سے میری مراد ان بزرگوں سے ہے جنھیں آگے چل کر اس بات پر شرم آنے لگی کہ ان کے مذہب نے چار شادیوں کی اجازت کیوں دی ہے۔ ان میں محمد حسن عسکری صاحب کے مفلروالے مولانا حالی پیش پیش تھے۔ (ص۸۷، ’’غزل، مفلر اور ہندوستان‘‘)
سلیم احمد کی مراد ۱۸۵۷ء کے بعد کے اُس زمانے سے ہے جب نوآبادیاتی تسلط کے ساتھ، اور جزواً اس کے زور پر، ایک نئی اور اجنبی تہذیب کے نفوذ کے نتیجے میں ہندوستان کی آبادی کے مختلف گروہوں کی طرح مسلمانوں میں بھی طرح طرح کے ردعمل پیدا ہو رہے تھے۔ یہاں ’مسلمانوں‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوے اس بات کی نشان دہی ضروری ہے کہ اس دور کے آغاز پر اس سے مراد صرف مسلمان شرفا ہوتے تھے؛ درمیانہ اور نچلے سماجی درجوں (ذاتوں یا برادریوں) کو ہمارے تہذیبی قائدین (سرسید احمد خاں، اکبر الہ آبادی، مولانا اشرف علی تھانوی، مولانا احمد رضا بریلوی اور دوسرے سب) واضح طور پر اس زمرے سے خارج رکھتے تھے۔
سلیم احمد نے ’روشن خیال مسلمانوں‘ سے کوئی بھی گروہ مراد لیا ہو، حقیقت یہ ہے کہ نئی تہذیب کی اقدار کا سامنا کرنے پر صاحب رائے مسلمانوں کو شرم صرف اس بات پر نہیں آتی تھی کہ اسلام نے چار شادیوں کی اجازت دے رکھی ہے۔ ان قابلِ شرم یا کم از کم قابلِ دفاع سمجھی جانے والی باتوں میں ایک نہایت اہم بات یہ بھی تھی کہ اسلام کے قرونِ اولیٰ میں (جزیرہ نماے عرب میں اور بعد میں تمام مفتوحہ علاقوں میں) غلامی کا ادارہ سماجی ترتیب و تنظیم کے ایک بنیادی عنصر کے طور پر شامل رہا تھا۔ برصغیر میں اس نے ہندوؤں میں مروّج منو کے قوانین کے تحت قائم ہونے والی تقسیم کو جوں کا توں اپنا لیا تھا (اور نچلی ذاتوں سے تعلق رکھنے والے انسانوں پر مسلمان حکمران اور ان کے معاون مذہبی علما وہی قوانین عائد کرتے تھے جو غلام مردوں اور عورتوں پر عائد ہوتے ہیں)، اور ان مسلمانوں میں جنھیں سلیم احمد ’روشن خیال‘ کے زمرے سے باہر رکھیں گے، اس بات کی گہری تشویش پیدا ہو گئی تھی کہ کہیں غلامی پر اعتراض کا زور یہاں مروج سماجی ترتیب کو (جسے پیار اور عقیدت سے ’’اَمی جَمی‘‘ بھی کہا جاتا ہے) درہم برہم نہ کر دے۔ درہم برہم تو اس ترتیب کو سماجی تبدیلی کی تاریخی قوت سے ہونا ہی تھا، لیکن غیرروشن خیال مسلمان رہنماؤں اور مصنفوں نےاس کا فکری دفاع کرنے کی جو کوشش کی، زیرتبصرہ کتاب کے مشمولات کو پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ آج بھی جاری ہے اور سلیم احمد اس کے ایک اہم ترجمان کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ان کے مضمون ’کتاب، ٹی وی اور جمہوریت‘ سے چند اقتباسات ملاحظہ کیجیے:
(۱) ہر تہذیب کی بنیاد حقیقت اور انسان کے ایک تصور پر ہوتی ہے اور یہی تصور اس کے تمام شعبوں اور پہلوؤں کو متعین کرتا ہے۔ اسی سے سماجی ادارے قائم ہوتے ہیں۔ اسی سے نظام اخلاق پیدا ہوتا ہے۔ اسی سے علوم و فنون کی حیثیت متعین ہوتی ہے۔ غرض کہ یہ تصور زندگی کے تمام شعبوں پر محیط ہوتا ہے اور چھوٹی بڑی بات کے پیچھے موجود ہوتا ہے۔ دوسری بات یہ ہے جو شاید اختلافی سمجھی جائے لیکن میں صرف اپنے خیال کا اظہار کر رہا ہوں کہ تہذیب ہمیشہ اوپر سے نیچے پھیلتی ہے۔ سب سے اوپر تہذیب کا مثالی نمونہ ہوتا ہے اور اس کے بعد ان عناصر کے مراتب ہوتے ہیں جو اس نمونے سے زیادہ قریب ہوں۔ جو سب سے دور ہوتا ہے وہ سب سے نیچے ہوتا ہے، مثلاً ہندو تہذیب کا تصورِ حقیقت روحانی ہے اس لیے اس تہذیب کا مثالی انسان روحانی انسان ہے۔ روحانی انسان برہمن ہے اس لیے اس کا مرتبہ سب سے اونچا ہے۔اس کے بعد کھتری کا نمبر آتا ہے جو روحانیت کے دوسرے درجے پر ہے۔ اس کا تعلق اقتدار اور حکومت سے ہے جو ہیئت اجتماعیہ میں عدل قائم رکھتا ہے اور ہر طبقے کے ’’دھرم‘‘ کی حفاظت کرتا ہے۔ پھر ویشیہ کا طبقہ ہے اور سب سے نیچے شودر کا۔ جس کی زندگی صرف معمولی درجے کی مادّی چیزوں سے وابستہ ہوتی ہے اور وہ اس سے اوپر اٹھنے کے ناقابل ہوتا ہے۔ اسی تصور کو آپ یونانیوں میں بھی پائیں گے۔ یونانیوں کے نزدیک حقیقت کا تصور عقلی ہے۔ اس لیے اس تہذیب کا مثالی انسان عقلی انسان ہے۔ یہ فلسفی بادشاہ کا مقام ہے۔ اس کے بعد حسب مراتب دوسرے طبقے آتے ہیں۔ چینیوں اور مسلمانوں میں بھی اس کے متوازی سلسلے موجود ہیں۔
(۳) پرانا تہذیبی انسان جس نے کتاب پیدا کی تھی، اس کے جملہ علوم و فنون مثالی انسان سے تعلق رکھتے تھے یا صحیح لفظوں میں یہ کہیے کہ اس نے انسان کی طرح علوم و فنون میں بھی ایک نظامِ مراتب قائم کیا تھا۔ کچھ علوم و فنون اعلیٰ انسان کے لیے تھے۔ کچھ کم تر درجے کے لوگوں کے لیے۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اعلیٰ علوم و فنون کی اجارہ داری قائم ہو گئی تھی۔ اس کا مطلب صرف یہ ہے کہ ہر علم و فن اس انسان کے لیے تھا جو اس کا اہل ہو اور فطرتاً اس سے لطف اندوز ہونے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ البتہ صرف ہندوؤں کے یہاں یہ ضرور موروثی تھا۔ ... ہمارے یہاں 1857 سے پہلے جو معاشرہ قائم تھا اس کے نظامِ مراتب میں جب جمہوری گڑبڑ پیدا ہوئی یعنی ان تصورات کا اثر پڑنے لگا جو نئے تہذیبی انسان یعنی انگریز لائے تھے تو اس کا پہلا منشور حالی نے یوں لکھا:
کمالِ کفش دوزی علمِ افلاطوں سے بہتر ہے!
چناں چہ اب ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ کتاب پرانے دور ہی کے انسان کے ساتھ رخصت ہو رہی ہے اور اس کی جگہ نئے تہذیبی انسان کے ذرائع اظہار لے رہے ہیں۔ یعنی ریڈیو، ٹیلی وژن اور فلم اس جمہوری انسان کے ذرائع اظہار ہیں جس کا مثالی نمونہ ’’عوام‘‘ ہیں۔...عوام دنیا میں ہمیشہ سے موجود ہیں اور ایک مخصوص فطرت رکھتے ہیں۔ انھیں اپنی خامیوں اور کم زوریوں کا احساس ہوتا ہے۔ وہ اپنی اخلاقی اور روحانی پستی کو جانتے ہیں۔ ان میں انکسار اور عقیدت کا مادہ ہوتا ہے۔ اور ان خامیوں کے باوجود وہ کسی عیسیٰ، کسی زرتشت، کسی بدھ، کسی کنفیوشس کی برتری تسلیم کرتے ہیں۔ ان سے محبت اور عقیدت رکھتے ہیں، ان کے نمونوں کی پیروی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ان کی رہنمائی کو قبول کرتے ہیں اور ان کی اطاعت کا دم بھرتے ہیں۔ یہ ان کی فطری محبت اور اسی میں ان کی وہ بےمثال خوبی ہے جس پر دنیا کے بڑے سے بڑے آدمی کا دل گداز ہو گیا ہے۔ اتنا کہ اکثر ان کی بدترین گمراہیوں، بدعنوانیوں اور سرکشیوں کو معاف کر دیا گیا ہے، بلکہ ان سے محبت کی گئی ہے۔
ان اقتباسات سے جو نقطۂ نظر مرتب ہوتا ہے اس سے اتفاق یا اختلاف کرنا تو خیر الگ بات ہے، لیکن ان میں موجود ایک فقرے کی داد دیے بغیر چارہ نہیں: ’’البتہ صرف ہندوؤں کے یہاں یہ [نظامِ مراتب] ضرور موروثی تھا،‘‘ گویا مسلمانوں میں سید یا مرزا یا افغان ہونا وراثت کی نہیں، زورِبازوکی بات ہوتی تھی۔ سبحان اللہ!
سلیم احمد بہرحال اس سماجی ترتیب کو (اور اس کی ان تفصیلات کو جو خود ان کو عزیز ہیں، مثلاً ۱۹۳۰ء اور ۱۹۴۰ء کی دہائیوں کی یوپی کی ثقافت) دفاع کے قابل خیال کرتے ہیں اور پچھلی دو صدیوں سے تعلق رکھنے والے موضوعات پر ان کی جو رائیں اس مجموعے میں (اور اس سے باہر) ملتی ہیں، وہ اسی مدافعت کے مختلف حربے اور پینترے ہیں۔ ان میں سے ایک قابل فہم حربہ تو مذہب کا ہے، لیکن جہاں کہیں اس سے کام چلتا دکھائی نہ دے وہاں وہ ’مابعدالطبیعیات‘ کو اپنی کمک پر لے آتے ہیں۔ مثلاً ہماری تہذیبی بحثوں کا ایک موضوع پہناووں سے تعلق رکھتا ہے۔ کوٹ پتلون اور شیروانی پاجامے کی اس بحث میں، ظاہر ہے، یہ تو کہنا دشوار ہے کہ موخرالذکر اول الذکر سے زیادہ ’اسلامی‘ ہے؛ چنانچہ سلیم احمد کے ہاں شیروانی اور اس کے متعلقات کا دفاع مابعدالطبیعیات کی مدد سے کیا جاتا ہے۔ حالی پر، جن کا مفلر سلیم احمد کی برہمی اور استہزا کا خاص ہدف رہا ہے، انھیں اور بہت سے اعتراضوں کے ساتھ ساتھ یہ اعتراض بھی ہے کہ انھوں نے ’’صرف چھری کانٹے سے کھانے کو اسلامی ثابت نہیں کیا بلکہ یہ بھی بتایا کہ لباس کا یا بالوں کی وضع قطع کا یا دوسرے تمدنی اوضاع کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔‘‘ سلیم احمد کا اعتراض اس لحاظ سے درست ہے کہ اب اگر چیزوں کو یوں بےشرمی سے صاف صاف دیکھا اور بیان کیا جانے لگے تو بھلا شیروانی کی مابعدالطبیعیاتی قدر کو کیونکر محفوظ رکھا جا سکے گا؟ یہ غصہ، بلاشبہ، بعد میں آنے والوں کو بھی بقدرِ جثہ سہنا پڑتا ہے:
حالی خود شیروانی پوش تھے مگر سرسید کے کوٹ کے حق میں انھوں نے ایسی ایسی دلیلیں دیں کہ آج ۱۹۷۵ء میں شیروانی یا تو میرے جسم پر نظر آتی ہے یا قائداعظم کی تصویر میں۔ اکبر نے کہا تھا:
دب گئی میری مسلمانی تری پتلون سے
لیکن حالی کہتا تھا کہ مسلمانی میں دم ہو تو پتلون میں بھی اپنا رستہ نکال لیتی ہے۔ بہت بعد میں میراجی نے دریافت کیا کہ پتلون کی جیب میں استر نہ ہو تو معاملہ بہت ہی آسان ہو جاتا ہے۔ (’’سرسید، ریل گاڑی اور کوکاکولا‘‘)
میں نے سلیم احمد کی تحریریں پڑھتے اور ان پر ردعمل کرتے ہوے جو نقطۂ نظر اختیار کیا ہے اس کا خلاصہ یہ ہے کہ برصغیر (اور اس جیسے دوسرے خطّوں میں) قوم سازی کے تاریخی عمل میں باہم متخالف دو تحریکیں مذکورہ دور (یعنی پچھلی ڈیڑھ دو صدیوں کے دوران) میں جاری رہی ہیں: (۱) عوام کے تصور کا ٹھوس شکل اختیار کرنا اور جمہوریت کی اقدار پر اصرار کا بڑھنا، اور (۲) مذہب، رواج اور روایت (یا سلیم احمد کی اصطلاح میں ’مابعدالطبیعیات‘) کی بنیاد پر قائم ہونے اور تاریخ کی قوتوں کے اثر سے رفتہ رفتہ کمزور پڑنے اور شکستہ ہونے والے سماجی نابرابری کے نظام کی مدافعت۔
یہ کہنا غیرضروری ہے کہ سلیم احمد دوسری تحریک کی ایک شاخ سے تعلق رکھنے والے کارکن ہیں اور ان کی تحریروں کی معنویت اور ان کے تناظر سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے اس بات کو پیش نظر رکھنا میرے نزدیک ضروری ہے۔
(ایک طویل تر تبصراتی مضمون کا ابتدائی حصہ)


رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *